شعبہ خدمت خلق مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کے تحت مفت طبی کیمپس کا اہتمام
ڈاکٹر حافظ محمد آصف صاحب مہتمم خدمت خلق مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ خدمت خلق کو جماعت کے ناصر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول بصے (اپر ریور ریجن) میں چالیسویں نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ کے موقع پر مفت ڈینٹل کیمپ، مفت بلڈ گروپ چیکنگ کیمپ اور فرسٹ ایڈ کیمپ کا اہتمام کرنے کی توفیق ملی۔ ان کیمپوں کا انتظام مورخہ ۲۷و۲۸؍دسمبر۲۰۲۴ء کو کُل وقت چھ گھنٹے کے لیے کیا گیا تھا۔

ان کیمپس میں خاکسار کے علاوہ دو ڈاکٹرز، تین نرسز، ایڈمنسٹریٹر ہسپتال اور ریجنل قائد کو خدمت کی توفیق ملی۔ کیمپس کا سامان ادویات، ڈینٹل کرسی، لیمپ، دستانے، انجکشن اور ضروری مشینری وغیرہ ملک کے دارالحکومت بانجل سے بصے تک لےکر گئے تھے جس کا فاصلہ تقریباً پونے چار سو کلومیٹر ہے۔
مفت ڈینٹل کیمپ:ڈاکٹر سعد امین ملک صاحب نے تقریباً ۷۰؍مریضوں کا معائنہ کیا۔ معائنے کے بعد مریضوں کو ان کے دانتوں کے بارے میں مشورہ اور ادویات مہیا کی گئیں۔

مفت بلڈ گروپنگ کیمپ:خاکسار نے اجتماع میں موجود تقریباً ۱۰۰؍خدام، اطفال اور انصار کے بلڈ گروپ چیک کیے۔ ان کا نام، رابطہ نمبر، پتہ اور بلڈ گروپ کی فہرست بنائی اور وہ فہرست مہتمم تجنید کو بھی دی گئی۔ بعد ازاں اس فہرست کو تمام ریجنل قائدین کو بھی ریکارڈ کے ليے بھیجا جائے گا اور ضرورت مند افراد کو خون کے عطیات کی ضرورت پڑنے پر اس فہرست کا استعمال کیا جائے گا۔ باقی ماندہ خون کی ٹیسٹنگ کِٹس ریجنل قائد بصے کو عطیہ کی گئیں تاکہ ان کے ریجن میں خدام اور اطفال کے بلڈ گروپ چیک کیے جا سکیں۔
مفت میڈیکل کیمپ:اس مفت میڈیکل کیمپ میں ۱۰۰؍ سے زائد خدام اور اطفال کا معائنہ کیا گیا۔ گیمبیا کے احمدیہ مسلم ہسپتال ٹلنڈنگ کی جانب سے ادویات اور ڈریسنگ مٹیریل عطیہ کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ ہماری یہ ادنیٰ کاوش قبول فرمائے اور ہمارے معالجوں کے ہاتھوں میں شفا رکھ دے۔ آمین
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کے چالیسویں نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا انعقاد