مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کی پانچویں نیشنل تربیتی کلاس اور چھٹے سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کو اپنی پانچویں سالانہ نیشنل تربیتی کلاس اور چھٹا سالانہ اجتماع مسجد بیت الاحد، زمبوآنگا میں مورخہ ۲۳تا ۲۹؍دسمبر۲۰۲۴ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

تربیتی کلاس کا آغاز افتتاحی تقریب سے ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد کے بعد مکرم طلحہ علی صاحب نیشنل صدر و مشنری انچارج نے خدام کو چند نصائح کیں۔
پانچ روزہ تربیتی کلاس کے دوران دن کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر سے ہوتا رہا جس کے بعد قرآن کریم کا درس دیا جاتا۔ ناشتے کے بعد باقاعدہ کلاسوں/لیکچرز کا آغاز ہوتا جو کھانے اور نماز کے وقفے کے ساتھ صبح آٹھ بجے سے سہ پہر تین بجے تک جاری رہتے۔ تربیتی کلاس کے دوران جن موضوعات پر لیکچر دیے گئے ان میں سے چند ایک یہ ہیں: نظام خلافت کی اہمیت و برکات، نظام جماعت، جنازے اور تدفین کے مسائل، اسلام اور احمدیت کی تاریخ، مسائل نماز، احمدی نوجوانوں کی اخلاقی ذمہ داریاں، نشہ آور اشیاء سے بچنے کے طریق، صحبت صالحین، مردوں اور عورتوں کے اختلاط کے بارے میں اسلامی تعلیمات وغیرہ۔ اس کے علاوہ اختلافی مسائل پر بھی لیکچرز دیے گئے جن میں وفات مسیح، ختم نبوت کے حقیقی معنی، صداقت حضرت مسیح موعودؑ اور متعدد اعتراضات کے جواب شامل تھے۔

لیکچرز کے اختتام کے بعد روزانہ مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں خدام و اطفال کے مابین دلچسپ مقابلے بھی کروائے گئے۔ باسکٹ بال کے لیے پاس ہی ایک باسکٹ بال کورٹ کو کرایہ پر لیا گیا جبکہ دیگر کھیل مسجد کے احاطے میں ہی منعقد کیے گئے۔ ان مقابلوں میں رسّہ کشی، باسکٹ بال، والی بال، ۱۰۰؍میٹر دوڑ، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس شامل تھے۔ٹیبل ٹینس کی خاص بات یہ تھی کہ اس کے لیے استعمال ہونے والا ٹیبل جماعت کے مقامی افراد نے لکڑی خرید کر خود تیار کیا اور اسے پینٹ بھی کیا جو خدام کے لیے ایک منفرد اور قابلِ قدر پہلو تھا۔
روزانہ مغرب اور عشاء کی نمازوں کے درمیانی وقفہ میں سوال و جواب کی محفلوں کا انعقاد ہوتا رہا جن میں خدام نے دور حاضر میں پیش آنے والے مختلف مسائل کے بارے میں سوالات پوچھے۔ ان مجالس عرفان کو خدام نے بہت پسند کیا۔
امسال تربیتی کلاس کے دوران پہلی بار ۲۳؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو نماز عشاء اور عشائیہ کے بعد Bonfire(آگ کے گرد ایک بےتکلفانہ محفل)کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تمام خدام کا تعارف ہوا جس کے بعد خدام نے خلافت سے متعلق واقعات سننے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اس پر خاکسار (مربی سلسلہ فارغ التحصیل جامعہ احمدیہ یوکے) نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اپنی چند نجی ملاقاتوں کے واقعات بیان کیے۔ خدام ان دلچسپ اور ایمان افروز باتوں کو سن کر بہت محظوظ ہوئے۔ نیز خدام نے عام اور نجی مسائل کے بارے میں بھی سوالات کیے۔ اسی موقع پر خدام نے خلیفہ وقت سے ملاقات کی اپنی گہری خواہش کا بھی کھل کر اظہار کیا جو ان کے ایمان اور خلافت سے محبت کی عکاسی کرتا ہے۔

تربیتی کلاس میں خاص طور پر نماز اور اس کے ترجمہ پر توجہ دی گئی اور ان کے یاد کرنے کے لیے علیحدہ سے انتظام کیا گیا۔
پانچ روزہ تربیتی کلاس کے فوراً بعد چھٹے نیشنل اجتماع کا انعقاد ہوا جس میں تعلیمی اور ورزشی مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا۔ تعلیمی مقابلوں میں تلاوت قرآن کریم، نظم، تقریر، حفظِ قرآن اور دیگر دلچسپ سرگرمیاں شامل تھیں جبکہ کھیلوں میں باسکٹ بال، والی بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، شطرنج اور رسہ کشی جیسے مقابلے منعقد کیے گئے۔
اجتماع میں ۴۶؍خدام اور ۲۲؍اطفال سمیت مجموعی طور پر ۸۶؍افراد نے شرکت کی اور بیشتر شرکا نے اجتماع گاہ میں قیام کیا جس سے آپس میں محبت اور بھائی چارے کے جذبات مزید پروان چڑھے۔
اللہ تعالیٰ ان دونوں پروگراموں کو مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کے لیے ترقیات کا ذریعہ بنائے اور تمام شرکا کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریق پر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:زکی احمد۔ مبلغ سلسلہ فلپائن)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ میانمار کے ساٹھویں (۶۰)جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد