خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… رمضان المبارک کے دوران مسجدِ نبوی ﷺ میں افطار فراہم کرنے والوں کے لیے نئے قوانین متعارف کروا دیے گئے ہیں، پیشگی اجازت نامہ (پرمٹ) لینا لازمی ہو گا۔ جنرل اتھارٹی برائے حرمین شریفین نے افطار فراہم کرنے کے خواہش مند افراد اور اداروں کے لیے ایک آن لائن پورٹل متعارف کروایا ہے۔اس پورٹل کے ذریعے روزہ داروں کو افطاری کرانے کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مندوں کا اندراج کیا جائے گا۔ اتھارٹی کی منظور شدہ کمپنیوں اور افراد کو ہی افطاری کروانے کی اجازت ہو گی، جن کی فہرست شائع بھی کی جائے گی۔قوانین کے مطابق افطار کروانے والے بنیادی مینیو میں دو اضافی اشیاء شامل کر سکیں گے۔
٭…صدر ٹرمپ نے ’خلیج میکسیکو‘ کو باضابطہ طور پر ’خلیج امریکہ‘ کا نام دے دیا، اعلامیہ پر دستخط بھی کردیے۔ امریکہ کے صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی کہا تھا کہ وہ خلیج میکسیکو کو خلیج امریکہ کا نام دیں گے۔صدر ٹرمپ نے آج یہ اقدام Super Bowl دیکھنے کے لیے دوران پرواز کیا، جس کے بعد امریکی صدر کے جہاز میں بھی اعلان کردیا گیا کہ آج ہم پہلی بار خلیج امریکہ پر پرواز کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ گلف یا خلیج سمندر کے اس حصے کو کہتے ہیں جو تین جانب سے خشکی سے گھرا ہو اور اس میں داخلے کا راستہ بھی ہو۔ عام طور پر خلیج میں داخلے کا راستہ تنگ ہوتا ہے۔ خلیج میکسیکو کو امریکہ کی ’تھرڈ کوسٹ‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس کی ساحلی پٹی امریکہ کی پانچ ریاستوں ٹیکساس، لوئزیانا، مسیسپی، الاباما اور فلوریڈا سے ملتی ہے۔
٭…امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر بمباری کرنے کے بجائے ایران سے جوہری معاہدہ کرنے کو ترجیح دوں گا۔ اگر ہم معاہدہ کر لیتے ہیں تو اسرائیل ایران پر بمباری نہیں کرے گا۔ یہ نہیں بتا سکتا کہ ہم ایران کو کیا کہنے جارہے ہیں۔ امید ہے ایران جو کرنے کا سوچ رہا ہے وہ نہیں کرے گا۔
٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کے محکمے پر وفاقی جج کی جانب سے پابندی کے فیصلے کو ۱۰۰؍ فیصد غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ جج کا ایلون مسک کے محکمے کو روکنا ۱۰۰؍ فیصد غلط اور جج کا یہ حکم نامہ پاگل پن ہے، حکومت اداروں میں فراڈ روکنا چاہتی ہے۔دورانِ انٹرویو میزبان نے سوال کیا کہ جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ آپ کینیڈا کو ریاست بنانا چاہتے ہیں؟جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہاں ایسا ہی ہے، کینیڈا کو سبسڈی کی مد میں امریکہ سالانہ ۲۰۰؍ارب ڈالرز نقصان اٹھاتا ہے۔کینیڈا ۵۱؍ویں امریکی ریاست بن جائے تو ہمیں سبسڈی پر مسئلہ نہیں ہو گا۔
٭…ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ غزہ پر قبضے کے امریکی صدر کے بیان پر بحث کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ مکمل طور پر فضول ہے۔ کسی کے پاس بھی غزہ کے لوگوں کو ان کی زمین سے نکالنے کا اختیار نہیں۔غزہ کے لوگ غزہ میں رہیں گے اور غزہ کی حفاظت کریں گے۔
٭…رومانیہ کے صدر کلاؤس یوہانس عہدے سےمستعفی ہوگئے۔ دارالحکومت بخارسٹ سے خبر ایجنسی کے مطابق صدر کلاؤس یوہانس نے کہا رومانیہ اور اس کے عوام کو بحران سے بچانے کےلیے مستعفی ہو رہا ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ باضابطہ طور پر بدھ (۱۲؍فروری)کو صدارت کا عہدہ چھوڑ دوں گا۔خبر ایجنسی کے مطابق عدالت نے گذشتہ سال کے صدارتی انتخابات کے نتائج کالعدم قرار دیے تھے، عدالتی فیصلے کے بعد سے اپوزیشن کا صدر کلاؤس یوہانس پر مستعفی ہونے کے لیے دباؤ تھا۔
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن