اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ایک دیرینہ خادم مکرم محمد فیض اللہ صاحب مورخہ ۲۴؍جنوری ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحوم کی پہلی نماز جنازہ اسی روز گیارہ بجے ان کے آبائی گھر میں ادا کی گئی۔ دوسری نماز جنازہ نماز جمعہ کے بعد جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈ کوارٹر بخشی بازار میں مکرم عبدالاول خان چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے پڑھائی۔ تیسری نماز جنازہ برہمن باڑیہ مسجد میں مکرم محمد منظور حسین صاحب امیر جماعت برہمن باڑیہ نے پڑھائی اور اسی مقام پر تدفین عمل میں آئی۔
مرحوم جماعت بنگلہ دیش کے دیرینہ خادم تھے۔ لمبے عرصے تک بطور نیشنل سیکرٹری جائیداد خدمت سرانجام دی۔ جماعتی اموال کو بہت سنبھال کے خرچ کرتے تھے۔ کوئی روپیہ یہاں تک کہ پانی ، بجلی وغیرہ کی فضول خرچی بھی بالکل نا پسند کرتے تھے۔ بنگلہ دیش جماعت کے ایک جلسے پر حملے کے دوران مرحوم نے جماعت کے اموال بچانے کی خاطر بےمثال جرأت اور استقامت کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں آپ کو چوٹ بھی آئی۔ علاوہ ازیں آپ کچھ عرصہ اسیر راہ مولیٰ بھی رہے۔
مرحوم ۱۹۳۶ء میں ضلع ڈھاکہ میں پیدا ہوئے۔ مرحوم کے والد کا نام شیخ محمد عبید اللہ صاحب مرحوم اور والدہ کا نام زاہدہ خاتون صاحبہ مرحومہ تھا۔ ذاتی زندگی میں مرحوم ڈاک خانہ آفس میں سرکاری نوکری کرتے تھے۔ نہایت ایمان داری سے کام کیا۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی مغفرت کی چادر میں لپیٹے رکھے اور جنت میں اعلیٰ مقام سے نوازے۔