کیوں؟
پیارے بچو! ایک دلچسپ سوال کے ساتھ حاضر ہیں۔ آج کا سوال ہے کہ
جو غبارہ خود پُھلائیں وہ زمین کی طرف جاتا ہے لیکن بازار والا غبارہ اوپر کی طرف کیوں جاتا ہے؟
ہمارا آج کا سوال نہ صرف دلچسپ ہے بلکہ بہت اہم بھی ہے۔ یاد رکھیں کہ اگر کسی بات کا فائدہ ہےتو اس کا نقصان بھی ہوتا ہے۔
یہ تو ایک بہت دلچسپ سائنسی سوال ہے۔ جب ہم منہ سے غبارے میں ہوا بھرتے ہیں تو اُس وقت دراصل ہم کاربن ڈائی آکسائیڈ نامی گیس کو غبارے میں داخل کر رہے ہوتے ہیں ۔ ( ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ سانس باہر نکالتے وقت دراصل ہم کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج کر رہے ہوتے ہیں )۔ اور کاربن ڈائی آکسائیڈ ان گیسز میں سے ایک ہے جن کا وزن ہوا سے زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ جب ہم منہ سے غبارے میں ہوا بھرتے ہیں تو وزن کی وجہ سے وہ غبارہ نیچے کو ہی آتا ہے۔ لیکن ہائیڈروجن اور ہیلیم ایسی گیسز ہیں جن کا شمار ان گیسز میں کیا جاتا ہے جو وزن میں ہوا سے ہلکی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب ان دو گیسز میں سے کوئی گیس غبارے میں بھری جائے تو غبارہ نیچے آنے کی بجائے اوپر کو چلا جاتا ہے۔ (ویسے عمومی طور پہ ایسے غباروں میں زیادہ تر ہیلیم گیس کا ہی استعمال کیا جاتا ہے ۔)
لیکن یاد رکھیں گیس والے غباروں کو آگ کے پاس نہ لے کر جائیں۔ اور اگر غبارہ پھٹ جائے تو اسے منہ میں نہ ڈالیں۔
تو بچو! آپ کوآج کاسوال اور اس کا جواب کیسالگا؟ ان شاء اللہ اگلے سوال اور اس کے جواب کے ساتھ پھر حاضر ہوں گا۔
آپ کا بھائی ۔خلیق احمد بشیر(جرمنی)