حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… اہل تشیع کی اسماعیلی جماعت کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان ۸۸؍برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ۴؍فروری کو ہوا۔پرنس شاہ کریم الحسینی اسماعیلی کمیونٹی کے ۴۹ویں امام تھے۔ روایات کے تحت ان کے جانشین یعنی اسماعیلی کمیونٹی کے ۵۰ویں حاضر امام کو نامزد کیا گیا ہے۔

پرنس کریم آغا خان ۱۹۳۶ءمیں سوئٹزرلینڈ میں پیدا ہوئے اور بچپن کے ابتدائی ایام نیروبی میں گزارے۔ انہوں نے ۱۹۵۷ء میں ۲۰؍برس کی عمر میں امامت سنبھالی تھی۔ پرنس کریم آغا خان پرنس علی خان کے بڑے بیٹے تھے، پرنس کریم کے دادا سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم تھے۔ پرنس کریم آغا خان نے اپنی زندگی پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے میں صرف کی، وہ اس بات پر زور دیتے رہے تھے کہ اسلام ایک دوسرے سے ہمدردی، برداشت اور انسانی عظمت کا مذہب ہے۔ آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے ذریعے انہوں نے دنیا کے مختلف خطوں خصوصاً ایشیا اور افریقہ میں فلاحی اقدامات کیے، یہ اقدامات زیادہ تر تعلیم، صحت، معیشت اور ثقافت کے شعبوں میں تھے۔ صرف سنہ ۲۰۲۳ءمیں آغا خان فاؤنڈیشن نے ۵۸؍ملین پاؤنڈ وقف کیے تھے۔پرنس کریم کو مختلف ممالک اور یونیورسٹیوں کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازات اور اعزازی ڈگریوں سے نوازا گیا تھا۔

٭… ڈھاکہ میں ہزاروں مشتعل مظاہرین نے بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کے آبائی گھر کو آگ لگا دی۔ مظاہرین نے شیخ حسینہ واجد کے اپنے حامیوں سے سوشل میڈیا پر خطاب کے اعلان پر احتجاج کیا اور دھمکی دی تھی کہ اگر سابق وزیرِ اعظم نے خطاب کیا تو ان کے آبائی گھر کو گرا دیں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کا خطاب شروع ہوتے ہی مظاہرین نے ڈھاکہ میں موجود ان کے آبائی گھر پر دھاوا بول دیا۔گھر کو پہلے آگ لگائی اور پھر کرین سے گرا دیا۔واضح رہے کہ ڈھاکہ میں واقع یہ گھر شیخ مجیب الرحمٰن کا تھا جسے شیخ حسینہ واجد نے اپنے دورِ اقتدار میں میوزیم میں تبدیل کر دیا تھا۔

٭… بھارتی ایئر فورس کا لڑاکا میراج 2000 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ دو نشستوں والا یہ طیارہ ریاست مدھیہ پردیش میں کریش ہوا ہے۔ یہ لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔ ایئر فورس کے دونوں پائلٹ حادثے میں محفوظ رہے۔دوسری جانب فلپائن کے جنوبی علاقے میں ایک چھوٹا طیارہ کھیت میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ تاہم طیارہ گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ مینڈا ناؤ جزیرے کے علاقے امپاتوان کے قریب پیش آیا۔

٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میرے منصوبے کے مطابق جنگ کے خاتمے کے بعد اسرائیل کے ذریعے غزہ کی پٹی امریکہ کے حوالے کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ آہستگی اور احتیاط سے غزہ کی تعمیر شروع کرے گا، غزہ تعمیر نو اپنی نوعیت کی سب سے عظیم اور سب سے شاندار پیش رفت میں سے ایک بن جائے گی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ غزہ میں ترقی کی تعمیر کےلیے دنیا بھر کی ترقیاتی ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کرے گا، غزہ کےلیے امریکہ کو کسی فوجی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس سے قبل بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کی پٹی پر طویل عرصے تک قبضہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ میں طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھتا ہوں۔وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کو ترقی دیں گے، علاقے کے لوگوں کے لیے ملازمتیں دیں گے، شہریوں کو بسائیں گے، فلسطینیوں کے لیے منصوبے کے تحت اردن اور مصر کے رہنما جگہ فراہم کریں گے۔

٭… اسرائیل نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون موشے سار نے اس حوالے سے کہا کہ امریکہ کی طرح اسرائیل بھی انسانی حقوق کونسل سے دستبردار ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کونسل کے اسرائیل کے لیے متعصبانہ رویے کی وجہ سے کونسل چھوڑ رہے ہیں۔اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل اب اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرے گا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

٭… اسرائیل کی حمایت پر بائیڈن انتظامیہ سے استعفیٰ دینے والے سابق پالیسی مشیر طارق حبش نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ طارق حبش نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ فلسطینیوں کو غزہ سے نکالنے کی ٹرمپ کی تجویز نسل کشی کی توثیق ہے۔ٹرمپ کا غزہ پر بیان بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔امریکہ کو غزہ کا مالک بننے اور غزہ والوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔طارق حبش نے یہ بھی کہا کہ یہ سفارت کاری نہیں اور نہ ہی یہ امریکہ کے مفاد میں ہے۔

٭… امریکی قانون سازوں نے سرکاری ڈیوائسز میں چینی ڈیپ سیک چیٹ بوٹ پر پابندی سے متعلق بل لانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ڈیپ سیک چیٹ بوٹ کے منظرعام پر آنے سے امریکہ کی سلیکون ویلی (آئی ٹی مرکز) میں ہلچل مچ گئی، جس کے بعد سے مصنوعی ذہانت کو آگے بڑھانے اور چین کو شکست دینے کےلیے تیزی سے کام کرنے کی اپیلیں آ رہی ہیں۔ڈیپ سیک سے متعلق امریکہ میں خدشات ہیں کہ چینی ایپلی کیشن کے تحت چین کو صارفین کے ڈیٹا تک رسائی ہوگی۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button