امریکہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کی ’فضل عمر‘ قائدین کانفرنس اور ناظمین اطفال ریفریشر کورس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کو اپنی ۳۰ویں ’فضل عمر‘ قائدین کانفرنس اور سولہواں ناظمین اطفال ریفریشر کورس مورخہ ۱۳تا۱۵؍دسمبر۲۰۲۴ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اس تقریب کی تیاری تقریباً دو ماہ قبل اکتوبر ۲۰۲۴ء کے آخر میں شروع ہو گئی تھی۔ قائدین کانفرنس کی انتظامی ٹیم ۱۴؍اراکین پر مشتمل تھی جبکہ اطفال ریفریشر کورس کے لیے پانچ اراکین کی ایک ٹیم نے ناظم اعلیٰ اور مہتمم اطفال کی زیر نگرانی خدمات سرانجام دیں۔

پروگرام کا آغاز ۱۳؍دسمبر بروز جمعہ تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم عبد اللہ ڈبا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ نے اپنی افتتاحی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے مقرر کردہ سال کے مرکزی موضوع ’’عبادت الٰہی‘‘ پر روشنی ڈالی جو کہ پورے پروگرام کا مرکز رہا۔ پروگرام کے دوران مختلف موضوعات پر کئی ورکشاپس اور پریزنٹیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ ان موضوعات میں ’’مختلف تقریبات کا انتظام‘‘، ’’منظم رہنے کے طریق‘‘، ’’جماعت کے ساتھ باہمی تعاون‘‘، ’’قائد اور زعیم بطور مثالی کردار‘‘، ’’حالیہ گروپ ملاقاتیں مع حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ‘‘اور ’’انفرادی رابطے کرنے کے راہنما اصول‘‘ شامل تھے۔ ہر عہدیدار کو اپنی قیادت کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا موقع دیا گیا۔ تاکہ وہ امریکہ میں احمدی نوجوانوں کو درپیش مسائل کا مؤثر طریق پر جواب دے سکیں۔ایک خصوصی نشست مکرم مدیل عبداللہ صاحب سابق صدر مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے ساتھ منعقد کی گئی۔ جس میں آپ نے ’’دنیا میں جنت نظیر ماحول بنانا‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس سال پروگرام میں ایک نیا اضافہ مختلف ریجنز کے عہدیداران کا باری باری مکرم صدرمجلس کے ساتھ نشست کا انعقاد تھا جو کہ کھانے کے دوران جاری رہتی اور عہدیداران کو مختلف امور پر راہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملتا۔

اطفال الاحمدیہ ریفریشر کورس میں مختلف موضوعات پر پروگراموں کا انعقاد کیا گیا اور ناظمین اور مربیان اطفال کے لیے ایسی سرگرمیاں ترتیب دی گئیں جن میں انہیں مؤثر قیادت کے اصول اور مسائل کے حل کے طریق سکھائے گئے۔ ان میں اطفال عاملہ کی قیادت کے طریقہ کار، ریجنل سطح پر انتظامات، پروگراموں کا انعقاد کرنے کے اصول اور صدر مجلس کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن شامل تھے۔ تمام پروگراموں میں شاملین کی بھرپور شرکت رہی۔

ہفتہ کے روز ایک خصوصی نشست مولانا شمشاد احمد ناصر صاحب مبلغ سلسلہ امریکہ کے ساتھ منعقد کی گئی جنہوں نے امریکہ اور افریقہ میں اپنی خدمات کے دوران خلفائے کرام کے ساتھ پیش آنے والے ایمان افروز واقعات سنائے۔

امسال فضل عمر قائدین کانفرنس میں ۲۸؍زعمائے حلقه جات، ۴۷؍قائدین مجالس، ۹؍ریجنل قائدین اور ۲۶؍نیشنل عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔اطفال الاحمدیہ ریفریشر کورس میں ۳۶؍ناظمین اطفال، ۸؍ریجنل ناظمین اطفال، ۱۱؍مربیان اطفال، ۵؍ریجنل مربیان اطفال اور ۱۸؍نیشنل عاملہ اطفال الاحمدیہ کے اراکین کی نمائندگی ہوئی۔مختلف شعبہ جات کے تحت رضاکاروں کی کُل تعداد ۶۴؍تھی اور مہمانوں کی تعداد تین تھی۔ اس طرح مجموعی حاضری ۲۵۵؍رہی ۔الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:سید رضا احمد۔ معتمد مجلس خدام الاحمدیه، امریکہ)

مزید پڑھیں: مجلس انصار الله امریکہ کے اکتالیسویں(۴۱)سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button