اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

درخواستہائے دعا

٭… عبد النور صاحب مبلغ سلسلہ ساں پیدرو ریجن، آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے والد محترم عبدالشکور صاحب ساکن راولپنڈی کو یکم فروری ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ ہارٹ اٹیک ہوا تھا ۔ مورخہ ۴؍فروری کو ایم ایچ ہسپتال میں ان کی اینجوگرافی کی گئی ہے ۔

٭… شیخ مبشر وحید صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے والد شیخ محمد انور صاحب ساکن دنیاپور طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں دو دن وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد اب روبصحت ہیں۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جملہ مریضان کو کامل و عاجل شفا عطا فرمائے اور ہر قسم کی پیچیدگی اور بیماری و مصیبت سے بچا کر رکھے۔ آمین

اعلانات ولادت

٭…عطاء الرب چیمہ صاحب قزاقستان سے تحریر کرتے ہیں کہ داورین یشانوف صاحب فارغ التحصیل جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کو،جو قازاق قوم کے پہلے مبلغ ہیں، اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے پہلے بیٹے سے نوازا ہے۔ بچہ وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔ نومولود گلنار خسنووا صاحبہ آف امریکہ کا پوتا اور محمود مرعی صاحب آف دمشق کا نواسہ ہے۔ نومولود کا نام ییخشانوف طاہر داؤرین اولی(Yechshanov Tahir Daurenuly)تجویر ہوا ہے۔

٭… عطاء الرب چیمہ صاحب ہی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے مورخہ ۱۶؍جنوری۲۰۲۵ء کو ادلیت ساکییف صاحب آف قزاقستان کو بیٹے سے نوازا ہے۔بچے کا نام ’مسلم‘ رکھا گیا ہے۔ نومولود قزاقستان میں سوواں واقفِ نو ہے۔

احباب جماعت کی خدمت میں نومولودبچوں کی درازی عمر، صالح اور حقیقی خادم دین ہونے کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

سانحہ ارتحال

سدرة المنتہیٰ صاحبہ پیس ولیج، کینیڈا سے تحریر کرتی ہیں کہ ہماری پیاری پھوپھی جان عصمت بی بی صاحبہ زوجہ عبداللہ خاں صاحب ساکن ضلع بہاولپور جماعت احمدیہ حاصل پور مورخہ ۱۲؍جنوری ۲۰۲۵ء کو بقضائے الٰہی ۵۵؍سال کی عمر میں حرکتِ قلب بند ہوجانے سے وفات پا گئیں۔ انا لله وانا الیہ راجعون

مرحومہ ایک نہایت مہمان نواز اور شفیق خاتون تھیں اور ان کا ایک بہت خاص خُلق صلح جوئی تھا۔ سارے خاندان کو ایک ماں کی طرح جوڑ کر رکھتی تھیں اور کسی کو بھی ناراض نہیں رہنے دیتی تھیں۔ ہماری دادی اماں کی وفات بہت جلد ہوگئی تھی لیکن ہماری پھوپھی نے ہمیں کبھی اس کمی کو محسوس نہیں ہونے دیا اور ان کا یہ پیار صرف اپنے بھائیوں کے بچوں تک محدود نہیں تھا بلکہ ہر اپنا اور غیر ان کے انہی اوصاف کی گواہی دیتا ہے۔

ہمارے آبائی گاؤں میں مرحومہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں کثیر تعداد میں غیر از جماعت بھی شامل ہوئے جن کا آپ سے گہری شفقت کا تعلق تھا ۔ مرحومہ اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں اور تدفین بہشتی، مقبرہ ربوہ میں ہوئی۔ مرحومہ ۹؍بھائیوں کی اکلوتی بہن تھیں۔ مرحومہ نے شوہر، بھائی، چار بیٹیاں اور اپنے بہت سے بھتیجے اور بھتیجیاں سوگواران میں چھوڑے ہیں۔

احبابِ جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور پیچھے رہ جانے والوں کو صبرِ جمیل سے نوازے۔ آمین

نمایاں کامیابی

عرفان احمد خان صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ فرینکفرٹ کے نواح میں آباد شہر ڈٹسن باخ جس کو ضلع ہونے کا درجہ بھی حاصل ہے اور جہاں جماعت احمدیہ نے ایک عمارت کو خرید کر مسجد بیت الباقی بنانے کی توفیق پائی، وہاں ۱۹؍جنوری ۲۰۲۵ءکو شہر کے میئر Dr. Dieter Lang نے سالِ نو پر استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا جس میں کم و بیش اڑھائی صد افراد کو مدعو کیا گیا تھا۔ ان میں چین کے قونصلر جنرل اور قریبی شہروں کے میئر صاحبان بھی شامل تھے۔ اس تقریب میں سال ۲۰۲۴ء کے حوالے سے شہر کی نمایاں شخصیات کو متعارف کروا کر انعامات سے نوازا گیا۔

سپورٹس اور ثقافت میں نمایاں خدمت پر ایک ایک ہزار یورو انعام میں دیے گئے جبکہ شہر ڈٹسن باخ کے تمغہ سے سینئر احمدی دوست محمد شریف خالد صاحب کو نوازا گیا۔ تمغہ دینے سے قبل شہر کے میئر نے موصوف کا تفصیلی تعارف کرایا اور شہر کے لیے ان کی خدمات کا تذکرہ کیا۔ اس دوران سٹیج پر لگی ہوئی بڑی سکرین پر آپ کی تصویر اور ساتھ مجلس انصاراللہ ڈٹسن باخ کی ٹیم کی تصویر جس نے شجر کاری میں حصہ لیا تھا دکھائی جاتی رہی۔

یاد رہے کہ محمد شریف خالد صاحب جماعت احمدیہ جرمنی کے سینئر ترین ممبرز میں سے ایک ہیں۔ آپ ۱۹۶۳ء میں جرمنی تشریف لائے اور ۱۹۷۵ء سے ڈٹسن باخ میں رہائش رکھتے ہیں۔ آپ نے حال ہی میں اپنی سوانح عمری ’بابرگ یادیں‘ کے عنوان سے شائع کی ہے۔ آپ کو حکومت پاکستان کی طرف سے بھی تمغۂ خدمت مل چکا ہے۔

اللہ تعالیٰ یہ اعزاز موصوف اور جماعت احمدیہ کے لیے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button