افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گوئٹے مالا کے بتیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

٭… جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭… پانچ ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے کُل ۱۶۴؍احباب نے شمولیت اختیار کی

٭… ایک مقامی گوئٹے مالن کا شرف بیعت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گوئٹے مالا کو اپنا بتیسواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء مورخہ ۲۰تا۲۲؍دسمبر ۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک، ہفتہ اور اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اس جلسہ میں مولانا اظہر حنیف صاحب مبلغ انچارج امریکہ بطور مرکزی نمائندہ شامل ہوئے۔

پہلا دن

مورخہ ۲۰؍دسمبر بروز جمعۃ المبارک صبح ساڑھے چار بجے نماز تہجد ادا کی گئی۔ نماز فجر کے بعد ’’حقیقی توبہ اور استغفار‘‘ کے موضوع پر درس القرآن پیش کیا گیا۔

سات بجے تمام شاملین جلسہ نے مسجد کے ہال میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ بعد ازاں ناشتہ پیش کیا گیا۔

دوپہر ایک بجے خاکسار (مربی سلسلہ گوئٹے مالا) نے ’’دعا اور خدا تعالیٰ سے زندہ تعلق‘‘ پر خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ پڑھائی۔ دوپہر کے کھانے کے بعد سہ پہر تین بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں مرکزی نمائندہ نے لوائے احمدیت اور خاکسار نے قومی پرچم لہرایا اور دعا ہوئی۔

پہلا اجلاس:مرکزی نمائندہ کی صدارت میں ساڑھے تین بجے جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ مکرم ابراہیم ابو چیری صاحب اور نظم مع ترجمہ مکرم عطاء الحئی ماہد صاحب نے پیش کی۔ خاکسار نے جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارسال کردہ خصوصی پیغام کا سپینش ترجمہ پڑھ کر سنایا(اس پیغام کا اردو مفہوم صفحہ ۷ پر ملاحظہ ہو)۔

بعد ازاں مرکزی نمائندہ نے جماعت احمدیہ کے ابتدائی جلسوں کے حالات بیان کیے۔ بعدہٗ ایک لوکل احمدی مکرم بائرن سیتیلان صاحب نے جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد حضرت مسیح موعودؑ کے الفاظ میں بیان کیے۔ صدر مجلس انصاراللہ مکرم رامیرو مارتینیز صاحب نے حضرت مسیحؑ کی آمد ثانی کے بارے میں بائبل کی پیشگوئیوں کے موضوع پر تقریر کی۔

شام چھ بجے نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد تقریباً ایک گھنٹہ سوال وجوا ب کی محفل ہوئی۔ عشائیہ کے ساتھ جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔ الحمدللہ

دوسرا دن

مورخہ ۲۱؍دسمبر بروز ہفتہ حسب روایت دن کا آغاز اجتماعی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد ’’نماز باجماعت ‘‘ پر درس قرآن ہوا۔ صبح ساڑھے سات بجے ناشتہ پیش کیا گیا۔

دوسرا اجلاس: مکرم ظفر اقبال جاوید صاحب مبلغ انچارج ہونڈورس کی صدارت میں صبح دس بجے دوسرا اجلاس شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’حضرت مسیح موعودؑ کی پاک زندگی پر ایک نظر‘‘ از مکرم فائز احمد صاحب واقف زندگی، ’’صداقت حضرت مسیح موعودؑ از روئے قرآن اور حدیث‘‘ از مکرم طلال کاہلوں صاحب مربی سلسلہ گوئٹے مالا، ’’حضرت مسیح موعودؑ کا توکل علیٰ اللہ‘‘ از مکرم عمارالناصر ورک صاحب مربی سلسلہ پانامہ اور ’’حضرت مسیح موعودؑ کی مہمان نوازی کے چند واقعات‘‘ از مکرم سیموئیل خواریز صاحب (مقامی احمدی)۔

تیسرا اجلاس: سہ پہر تین بجے تیسرا اجلاس مکرم عبدالستار خاں صاحب مبلغ انچارج کوستاریکا و کولمبیا کی صدارت میں منعقدہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’آنحضورﷺ کی عبادات‘‘ از مکرم ظفر اقبال صاحب مبلغ انچارج ہونڈورس، ’’خلافت احمدیہ سے زندہ تعلق اور برکات خلافت‘‘ از مولانا اظہر حنیف صاحب، ’’قبولیت دعا‘‘ از صدر اجلاس اور ’’خلیفہ وقت کی مصروفیات اور احباب جماعت سے شفقت اور محبت‘‘ از خاکسار (مربی سلسلہ)۔ مختلف احباب نے خلافت احمدیہ سے اپنے ذاتی تعلق کے واقعات بیان کیے۔

شام چھ بجے نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد عشائیہ کے ساتھ دن کا اختتام ہوا۔

تیسرا دن

مورخہ ۲۲؍دسمبر بروز اتوار دن کا آغاز اجتماعی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد ’’تقویٰ‘‘ کے موضوع پر درس قرآن کریم ہوا۔

چوتھا و اختتامی اجلاس:گیارہ بجے مرکزی نمائندہ کی صدارت میں اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مہمانان کرام اور زیر تبلیغ افراد کو بھی دعوت دی گئی تھی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد خاکسار نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ دنیا میں قیام امن کے حوالہ سے اسلامی تعلیمات بیان کرنے کے بعد موجودہ حالات کے پیش نظر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے راہنما کلمات نیز اللہ تعالیٰ سے زندہ تعلق قائم کرنے کے متعلق ارشادات پیش کیے۔ بعد ازاں مرکزی نمائندہ نے ’’اولیاء اللہ‘‘ کےموضوع پر تقریر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے تعلق کے حوالے سے مختلف واقعات سنائے۔ اجتماعی دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا جس کے بعد تمام شاملین کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔

نماز ظہر اور عصر کی ادائیگی کے ساتھ بابرکت جلسہ سالانہ اپنے اختتام کو پہنچا۔

اس جلسہ میں پانچ ممالک کی نمائندگی کے ساتھ کُل حاضری ۱۶۴؍رہی۔ جلسہ سالانہ کے بابرکت موقع پر ایک لوکل گوئٹے مالن مکرم میگیل صاحب کو بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:عامر نفیس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: کینیا میں احمدیہ مدرسۃ الحفظ کا بابرکت افتتاح

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button