افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے چند ریجنزمیں تقاریب آمین کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ماہ دسمبر ۲۰۲۴ء میں جماعت احمدیہ سیرالیون کے چند ریجنز کو قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوںاور بڑوں کی تقاریب آمین منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان تقاریب میں اطفال و ناصرات نے حضرت مسیح موعودؑ کے عربی قصیدہ کے کچھ اشعار زبانی ترنم کے ساتھ، احادیث باترجمہ، سادہ نماز، نماز باترجمہ نیز اطفال و ناصرات کا عہد بھی پیش کیا۔ ان تقاریب میں احمدی احباب کے علاوہ کثرت کے ساتھ غیر از جماعت احباب بھی شامل ہوئے جنہوں نے تقاریب کی کارروائیوں کو خوب سراہا۔ ان تقاریب کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے:

جماعت ٹاگرین و مدینہ (لنگے، پورٹ لوکو ریجن): مکرم سفیر احمد طاہر صاحب مبلغ سلسلہ پورٹ لوکو تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۵؍دسمبر کو لنگے ریجن کی جماعت ٹاگرین و مدینہ میں ۲۰؍اطفال و ناصرات کی پُر وقار تقریب آمین منعقد ہوئی۔

جماعت ٹاگرین و مدینہ

مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون اور مولانا محمد نعیم اظہر صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج اس تقریب میں شرکت کے ليے ہیڈکوارٹرز سے تشریف لائے۔ مکرم امیرصاحب نے بچوں سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا، ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے قرآن کریم سے محبت کے سلسلہ میں چند نصائح کیں اور والدین کو بھی مبارک باد پیش کی۔ اس کے بعد آپ نے اطفال و ناصرات میں اسناد تقسیم کیں۔

اس کے علاوہ مختلف موضوعات پر تقاریر بھی ہوئیں جو تبلیغ کا ایک احسن ذریعہ ثابت ہوئیں۔ الحمدللہ۔ تقریب میں شریک ائمہ کرام کو بھی اظہار خیال کا موقع دیا گیا

جماعت ماسوئلہ

اس تقریب میں ایک ہزار کے قریب حاضری تھی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

جماعت احمدیہ ماسوئلہ (لنگے، پورٹ لوکو ریجن):مکرم سفیر احمد طاہر صاحب ہی تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۶؍دسمبر کو لنگے ریجن کی جماعت ماسوئلہ میں بھی پانچ اطفال و ناصرات کی تقریب آمین منعقد ہوئی۔ مبلغ انچارج صاحب نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ آپ نے بچوں سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھنے اور خطبات جمعہ سننے کی نصیحت کی نیز بچوں میں اسناد بھی تقسیم کیں۔

اس تقریب میں ۱۰۰؍کے قریب احمدی و غیر از جماعت احباب شامل ہوئے۔ پروگرام کے بعد تمام شاملین کی دوپہر کے کھانے سے تواضع کی گئی۔

جماعت مشاکا

جماعت احمدیہ مشاکا (پورٹ لوکو ریجن):مکرم ولید احمد صاحب مبلغ سلسلہ مشاکا تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۱؍دسمبر کو پورٹ لوکو ریجن کی جماعت مشاکا میں ۱۵؍اطفال، ۷؍ناصرات، ۲؍خدام، ایک ممبر لجنہ اماءاللہ (بعمر۶۰؍سال) اور ایک ناصر (بعمر۵۴؍سال) کی پُر وقار تقریب آمین منعقد ہوئی۔

مکرم امیر صاحب اور مبلغ انچارج صاحب و دیگر مہمان ہیڈکوارٹرز سے تقریب کے ليے تشریف لائے۔ امیرصاحب نے بچوں سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سننے کے بعد چند نصائح کیں اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔

علاوہ ازیں اس تقریب میں والدین کا مقام، عورت اور مرد کا معاشرے میں کردار اور دیگر موضوعات پر تقاریر بھی ہوئیں۔

تقریب میں شریک کویا چیفڈم کے چیف امام نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے شروع سے لے کر آخر تک ہم نے صرف قرآن، حدیث اور آنحضورﷺ پر درود و سلام کے سوا کچھ نہیں سنا۔ خاص طور پر یہ بچے اور بچیاں جنہوں نے قرآن مجید پڑھا، احادیث پیش کیں اور آنحضورﷺ کی شان میں قصیدہ پیش کیا یہ جماعت احمدیہ کی قرآن کریم اور اسلام سے محبت کا ثبوت ہے۔ اس تقریب میں ۲۵۰؍کے قریب حاضری تھی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

جماعت احمدیہ گودریچ، فری ٹاؤن ویسٹ(ویسٹرن ایریا ریجن): مورخہ۲۵؍دسمبر کو فری ٹاؤن ویسٹ کی جماعت گودریچ میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے ۱۴؍اطفال و ناصرات کی تقریب آمین منعقد ہوئی۔ یاد رہے کہ گوڈرچ ویسٹرن ایریا ریجن کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

مبلغ انچارج صاحب اور خاکسار (مبلغ سلسلہ)ہیڈکوارٹرز سے تقریب کے ليے گئے۔ مبلغ صاحب انچارج نے بچوں سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا اور انہیں چند نصائح کیں۔

بچوں میں اسناد تقسیم کرنے کے ليے غیر ازجماعت ائمہ کو بھی بلایا گیا اور انہوں نے بڑی خوشی کا اظہار کیا۔ تقریب میں ۲۰۰؍سے زائد افراد شامل ہوئے۔ پروگرام کے اختتام پر تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

اللہ تعالیٰ قرآن کریم کا دور مکمل کرنے والے احباب کو باقاعدہ تلاوت کرنے والا اور قرآن کریم کے حکموں پر چلنے والا بنائے۔ آمین

(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: کینیا میں احمدیہ مدرسۃ الحفظ کا بابرکت افتتاح

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button