مجلس انصار الله امریکہ کے اکتالیسویں(۴۱)سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد
مکرم ناصر بخاری صاحب تحریر کرتے ہیں کہ مجلس انصاراللہ امریکہ کا اکتالیسواں سالانہ اجتماع ۵و ۶؍اکتوبر ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ و اتوار، مسجد بیت الرحمٰن میری لینڈ میں منعقد ہوا۔ الحمدللہ۔ امسال اجتماع کا موضوع ’’ہر ناصرنے اپنی عبادت کے معیار کو بڑھانا ہے‘‘ تھا، جو کہ حضورانورایدہ اللہ کے مجلس انصار اللہ یوکے کے سالانہ اجتماع ۲۰۲۳ء کے اختتامی خطاب سے ماخوذ تھا۔

اجتماع کی تیاریاں کئی ماہ قبل شروع ہوئیں۔ معاون صدر یاسر خان صاحب نے ناظم اعلیٰ اجتماع کی خدمات سر انجام دیں۔ ان کی معاونت مختلف قائدین اور ان کی ٹیموں نے کی۔
اجتماع کے شرکا جمعہ کی رات کو آنا شروع ہوگئے تھے۔ علمی مقابلہ جات کے ابتدائی راؤنڈز جمعے کو نماز مغرب و عشاء کے بعد ہوئے۔ ان ابتدائی راؤنڈز میں گذشتہ برسوں کی نسبت زیادہ شرکت ہوئی۔

ہفتہ کی صبح ۸بجکر ۵۰ منٹ پر امیر جماعت احمدیہ امریکہ صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب نے اراکین نیشنل عاملہ مجلس انصار اللہ امریکہ کی موجودگی میں انصار کا جھنڈا لہرایا اور دعا کروائی۔ اس کے بعد امیر صاحب نے اجتماع گاہ میں افتتاحی اجلاس کی صدارت کی۔
تلاوت قرآن کریم کے بعد انصار اللہ نے صدر مجلس انصار اللہ مکرم ڈاکٹر منصور قریشی صاحب کے ساتھ انصار اللہ کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد اردو نظم پیش کی گئی۔ پھر امیر صاحب نے اجتماع کے شرکاء سے خطاب کیا جس میں آپ نے انصاراللہ کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ايده الله تعالىٰ بنصره العزيز کے خطاب برموقع اجتماع مجلس انصاراللہ یوکے ۲۰۲۴ء کی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر آپ نے دعا کرائی۔

افتتاحی اجلاس کے بعد علمی مقابلوں کا آخری راؤنڈ شروع ہوا۔ ان مقابلوں میں تلاوت قرآن کریم، فی البدیہہ تقریر اور اردو نظم شامل تھے۔ اس کے بعدجنرل نالج کوئز منعقد ہوا جس میں ہر ضلعے کی ٹیم نے شرکت کی۔
دوپہر کے کھانے اور نماز کے بعد ایک ایمان افروز محفل منعقد ہوئی۔ اس میں نائب امیر ڈاکٹر فہیم یونس قریشی صاحب نے ’’انصار ہاؤسنگ کمپلیکس کی کہانی اور خلافت کی برکات‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد مکرم اعظم اکرم صاحب مربی سلسلہ نے ’’نماز، کامیابی کی راہ‘‘ کے موضوع پر مختصر گفتگو کی۔

بعد ازاں صحت کے بارے میں سیشن قائد صحت ڈاکٹر تنویر احمد صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد مختلف ورکشاپس منعقد ہوئیں جن کے موضوعات اور پیش کرنے والے درج ذیل ہیں:
٭…ازدواجی رشتہ کو پائیدار بنانا از ڈاکٹر فہیم یونس قریشی صاحب
٭…نیا عالمی نظام از مکرم زاہد میاں صاحب
٭…روحانی طور پر صحت مند بچوں کی تربیت کیسے کریں از مکرم عمران حئی صاحب
٭…اردو ورکشاپ-ہجرت کی راہ سے فلاح کی شاہراہ تک از ہادی احمد صاحب اور منصور ناصر صاحب
٭…بائی سائیکل کی دیکھ بھال از مکرم ظہیر احمد صاحب
اس دوران ورکشاپس کے ساتھ ساتھ درج ذیل کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہوئے: ٹیبل ٹینس، والی بال، ہارس شُو ٹاس، دوڑ پانچ کلومیٹر، ایئر رائفل شوٹنگ۔
اس سال دو نئے کھیل بھی شامل کیے گئے: بیڈمنٹن اور پکِل بال۔ یہ دونوں مقابلہ جات مسجد سے کچھ فاصلے پر واقع ایک سکول میں منعقد ہوئے جس کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔
نماز مغرب و عشاء کے بعد مکرم مبارک احمد صدیقی صاحب کے ساتھ ایک محفل ’’خلافت کے ساتھ تعلق‘‘ کے موضوع پر منعقد ہوئی جس میں آپ نے خلافت سے متعلق ایمان افروز واقعات سنائے۔ نیز آپ نے اپنے کلام میں سے چند اشعار پیش کیے۔
اتوار کی صبح تبلیغی پینل ڈسکشن پروگرام بعنوان ’’دعوت الی اللہ، ہمارا عظیم الشان مقصد حیات‘‘ منعقد ہوا۔ اس کی میزبانی نائب صدر صف دوم محمد احمد صاحب نے کی۔ پینل میں درج ذیل احباب شامل تھے: ڈاکٹر وسیم سید صاحب سیکرٹری تبلیغ امریکہ، طارق محمود ملک صاحب مربی سلسلہ و قائد تربیت، علی مرتضیٰ صاحب سابق سیکرٹری تبلیغ اور خرم شاہ صاحب قائد تبلیغ۔ اجتماع میں شامل انصار کو پینل سے مختلف سوالات کرنے کا موقع بھی ملا۔
اسی طرح صدر صاحب مجلس انصار اللہ کے ساتھ بھی ایک مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی جس میں انصار نے مختلف سوالات کیے اور کچھ تجاویز پیش کیں۔
اجتماع کے موقع پر ’’بار بی کیو‘‘ بھی ہوتا ہے جو اجتماع کے دوسرے دن شام کے وقت کھانے کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ اس کی تیاری ایک ٹیم کئی دنوں تک کرتی ہے۔ بار بی کیو کے دوران انصار نے کھانے کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات اور گفت و شنید کا لطف اٹھایا۔
اجتماع کے اختتامی اجلاس کی صدارت نائب امیر و مبلغ انچارج مکرم اظہر حنیف صاحب نے کی۔ تلاوت، عہد اور نظم کے بعد انعامات تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح کچھ خصوصی انعامات بھی دیے گئے۔ صدر مجلس نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی نیز اجتماع کے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور ڈیوٹی دینے والے رضاکاروں کی بے لوث خدمات کو سراہا۔ تقریباً ١٥٠٠ افرادنے اجتماع میں شرکت کی۔
آخر پر مبلغ انچارج صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں انصاراللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
اس کے بعد تمام شرکا نے وہ عہد دہرایا جو مجلس انصاراللہ یوکے نے سالانہ اجتماع ۲۰۲۳ء کے موقع پر حضور انور کی اقتدا میں دہرایا تھا۔ دعا کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔
اجتماع کا ایک نمایاں پہلو سائیکل سفر تھا۔ انصار کا ایک گروپ، فلاڈیلفیا سے سائیکل پر روانہ ہوا اور ١٥٠میل کا سفر طے کرکے جمعہ کی صبح مسجد بیت الرحمٰن پہنچا جہاں صدر مجلس اور دیگر انصار نے ان کا استقبال کیا۔
اجتماع کے دوران شرکا کی سہولت کے لیے ٹرانسپورٹیشن کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ انصار کی رہائش کا مسجد اور احباب جماعت کے گھروں میں انتظام کیا گیا تھا۔
(رپورٹ:سید شمشاد احمد ناصر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ برازیل کے تیسویں(۳۰)جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد