۱۲۹ویں جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد
٭… سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے ذریعہ اسلام آباد یوکے سے شرکائے جلسہ سے بصیرت افروز اختتامی خطاب
٭…جلسہ سالانہ قادیان کے تینوں دن کی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعہ ۶۳ہزار ۶۶۶؍افراد نےجلسہ کی کارروائی دیکھی اور سنی
٭…۱۶ ہزار سے زائدعشاق احمدیت کی جلسہ میں شمولیت ٭…۴۲ممالک سے مختلف اقوام کے احباب و مستورات کی نمائندگی
٭…بعض افریقن ممالک کے جلسے اور اختتامی خطاب میں ان کی شمولیت ٭…اختتامی خطاب میں اسلام آباد یوکے میں احباب جماعت کا اجتماع ٭…نماز تہجد
٭…درس القرآن اور ذکر الٰہی سے معمور ماحول ٭…علمائے کرام کی پُر مغز تقاریر ٭…۹زبانوں میںجلسہ کے پروگراموں کا رواں ترجمہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جلسہ سالانہ قادیان مورخہ ۲۷ تا ۲۹؍دسمبر2024ء بروز جمعہ، ہفتہ و اتوار قادیان دارالامان کی مقدس بستی میں منعقد ہو کر بخیر وخوبی اختتام پذیر ہوا۔ جلسے سے پہلے ہی ملک کے طول و عرض سے عشاق احمدیت بڑے ہی ذوق و شوق اور جوش و خروش کے ساتھ جلسے میں شرکت کی خاطر قادیان آنے شروع ہوگئے۔ جلسے کے ایام جوں جوں قریب آتے چلے گئے قادیان دارالامان کی رونقوں میں توں توں اضافہ ہوتا گیا یہاں تک کہ قادیان پوری طرح مہمانوں سے بھر گیا۔ جدھر نکلو، جدھر نظر دوڑاؤ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمان نظر آتے۔ بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں عشاق احمدیت جلسہ میں شریک ہوئے۔ قادیان دارالامان کی پیاری بستی، ایک بار پھر خوشیوں اور رونقوں سے بھر گئی۔ مہمانوں کی آمد سے قبل ہی نظامت بجلی وروشنی کی طرف سے محلے کی تمام گلیوں اور سڑکوں کو برقی قمقموں کے ذریعے روشن کردیا گیا۔ بہشتی مقبرہ، دارالمسیح، مسجد مبارک، مسجد اقصیٰ، منارۃ المسیح اور دارالضیافت کو بجلی کے چھوٹے چھوٹے رنگین بلبوں سے دُلہن کی طرح سجایا گیا۔ اس طرح مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کی رُوحانی بستی اپنی باطنی جگمگاہٹ کے ساتھ ساتھ ظاہری طور پر بھی جگمگا اُٹھی۔

جلسہ سے پہلے تک موسم نہایت خوشگوار تھا۔ جلسہ گاہ پوری طرح تیار تھا اور بے صبری سے اپنے بیٹھنے والوں کا انتظار کررہا تھا۔ دس بجے جلسہ کی افتتاحی تقریب شروع ہونی تھی۔ احباب و مستورات جلسہ گاہ کی طرف بصد شوق وقت سے پہلے ہی رواں دواں تھے کہ اچانک بارش شروع ہوگئی جس کے باعث جلسہ، بستان احمدکی بجائے مسجد اقصیٰ میں منعقد کرنا پڑا۔ چنانچہ بارش کے باعث ابتدائی دو دن جلسہ مسجد اقصیٰ میں ہوا۔ تیسرے دن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے موسم اچھا رہا اور جلسہ بستان احمد یعنی جلسہ گاہ میں منعقد ہوا۔
معائنہ کارکنان و انتظامات جلسہ
مورخہ 23؍دسمبر بروز سوموار بستان احمد میں صبح پونے گیارہ بجے نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ، مولانا محمد انعام غوری صاحب ناظر اعلیٰ و امیر جماعت احمدیہ قادیان نے جلسہ سالانہ قادیان 2024ء کے معائنے کی تقریب میں کارکنان جلسہ سے خطاب کیا بعدہ جلسہ سالانہ کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ معائنہ کی تقریب میں تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ کے بعد مکرم ناظر صاحب اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کارکنان جلسہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
جلسہ سالانہ قادیان کا پہلا روز
۲۷؍دسمبر بروز جمعہ
افتتاحی اجلاس: 129ویں جلسہ سالانہ قادیان کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا آغاز جلسہ گاہ بستانِ احمد کی بجائےبارش اور موسم کی خرابی کے باعث مسجد اقصیٰ کے قدیمی حصہ میں ٹھیک صبح 10بج کر 57 منٹ پرہوا۔ مسجد اقصیٰ کے حصہ جدید اور قدیم میں مرد حضرات کے لیے جلسہ کی کارروائی دیکھنے اور سننے کا انتظام کیا گیا جبکہ عورتوں کے لیے مسجد انوار میں لائیو اسٹریمنگ کےذریعے جلسے کی کارروائی کی آڈیو سننے کا انتظام کیا گیا۔ اچانک بارش کی وجہ سے انتظامیہ نے تقریباََ ایک گھنٹہ کے اندر اندر اسٹیج اور لائیو اسٹریمنگ کے تمام انتظامات مکمل کیے اور صدر اجلاس مولانا محمد کریم الدین شاہد صاحب کی اجازت کے ساتھ جلسہ کی کارراوئی کا آغاز ہوا۔ مکرم طارق احمد لون صاحب آف جماعت احمدیہ کاٹھ پورہ کشمیر نے سورۃ المومن کی آیت نمبر 61 تا 66 کی تلاوت کی اور ان آیات کا ترجمہ مکرم جاوید احمد لون صاحب ناظر دیوان صدر انجمن احمدیہ قادیان نے پیش کیا۔

صدر اجلاس نے اپنی افتتاحی تقریر میں سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں جلسہ کی اہمیت و برکات کی طرف توجہ دلائی۔ نیز جلسہ کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعائیں پیش کیں۔
صدر اجلاس کی افتتاحی تقریر اور دعا کے بعد محترم نصرمن اللہ صاحب نائب ناظر امور عامہ نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی نظم ’’میرے مولا میری یہ اک دعا ہے‘‘ سے چند اشعار لحن داؤدی میں پیش کیے۔ اِس اجلاس کی پہلی تقریر مولانا محمد حمید کوثر صاحب ناظر دعوت الی اللہ شمالی ہند نے ’’ہستی باری تعالیٰ صفت سمیع الدعا کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر کی۔ فاضل مقرر نے قبولیت دعا کے متعدد ایمان افروز واقعات بیان کیے۔ اجلاس کی دوسری تقریر مولانا عطاءالمجیب لون صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ قادیان و صدر مجلس انصاراللہ بھارت نے کی۔ آپ کی تقریر کا موضوع تھا ’’اسلامی آداب و اخلاق کھانے پینے، صفائی، راستوں کے حقوق، غضِّ بصر، آدابِ مجالس، آدابِ مساجد‘‘۔ مقرر موصوف نے قرآن کریم کی آیات اور احادیث نبویہ کی روشنی میں اس مضمون کو احسن رنگ میں بیان کیا۔
پہلا دن دوسرا اجلاس: جلسہ سالانہ قادیان 2024ء کے پہلے دن کادوسرا اجلاس ٹھیک اڑھائی بجے مولانا محمد حمید کوثرصاحب ناظردعوت الی اللہ مرکزیہ (شمالی ہند) وانچارج شعبہ تاریخ احمدیت بھارت کی صدارت میں منعقد ہوا۔ عزیزم محمد ابراہیم متعلم جامعہ احمدیہ قادیان نے سورت آل عمران160تا164 کی تلاوت کی اور ان کا ترجمہ مکرم مولوی نورالدین ناصر صاحب صدرعمومی قادیان نے پیش کیا۔
نعتیہ ترانہ مکرم سعید احمد ملکانہ صاحب مربی سلسلہ، کارکن نظامت جائیداد اور عزیز دبیر احمد شمیم آف قادیان نے پڑھا جنہوں نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے پاکیزہ منظوم کلام ’’اے شاہ مکی ومدنی سید الوریٰ‘‘ کے چند اشعار نہایت خوش الحانی سے پڑھے۔
اجلاس کی پہلی تقریر مولانا محمدانعام غوری صاحب ناظراعلیٰ صدرانجمن احمدیہ قادیان نے ’’سیرت آنحضرتﷺ (غزوات میں آپؐ کے حسنِ اخلاق)‘‘ کے موضوع پر کی۔ فاضل مقرر نےجنگ بدر،جنگ احداور جنگ خندق کے مختلف واقعات کوبیان کرتے ہوئے ان غزوات میں ظاہر ہونے والے حضورﷺ کے اخلاق فاضلہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ آخر پر آپ نے فتح مکہ کے واقعہ کا دلنشین پیرایہ میں تذکرہ کیا اوراس موقع پر حضورﷺ کےبے نظیر اور بے مثال اخلاق کا جوظہور ہوا اس کی تفصیلات پیش کیں۔
اجلاس کی دوسری تقریر مولوی تنویر احمد ناصر صاحب نائب ناظر نشرواشاعت نے ’’سیرت صحابہ حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ اور حضرت مرزا شریف احمد صاحب رضی اللہ عنہ‘‘ کے موضوع پر کی۔ فاضل مقرر نے دونوں اصحاب کی مختصر سیرت اور اوصاف حمید ہ کا تذکرہ کیا۔
صدراجلاس کی اجازت سے پہلے دن کا دوسرا اجلاس بخیر وخوبی اختتام پذیر ہوا۔ آج بروز جمعہ ہندوستانی وقت کے مطابق ٹھیک ساڑھے چھ بجے تمام مساجد میں اجتماعی طورپر اورگھروں میں بھی مستورات وغیرہ نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ لائیو سنا۔
دوسرا روز
۲۸؍دسمبر بروز ہفتہ
دوسرا دن پہلا اجلاس: یہ اجلاس محترم منیراحمدصاحب حافظ آبادی سیکرٹری مجلس کارپرداز بہشتی مقبرہ قادیان کی زیر صدارت منعقدہوا۔ تلاوت قرآن مجید عزیزشیخ محمدیحییٰ متعلم جامعہ احمدیہ قادیان نے کی اور ترجمہ مکرم مولوی عبدالوکیل نیاز صاحب نائب ناظر اصلاح وارشاد جنوبی ہند قادیان نے پیش کیا۔بعدہٗ مکرم یاسراحمدنائیک نے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے منظوم کلام ’’ہمیں اُس یارسے تقویٰ عطاہے‘‘ میں سے چند اشعار پیش کیے۔
اجلاس کی پہلی تقریر مکرم کے طارق احمد صاحب ایڈیشنل ناظر اصلاح وارشاد نورالاسلام قادیان نے ’’عالمی جنگ کے بداثرات سے محفوظ رہنے کے لیے حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکےارشادات‘‘ کے موضوع پر کی۔ آپ نے حضور انور کے ارشادات کی روشنی میں اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ انسان کے لیے تیسری عالمی جنگ کے بداثرات سے بچنے کا کوئی راستہ نہیں سوائے اس کے کہ خدا تعالیٰ کی طرف جھکے اور خدا تعالیٰ کو اپنا معاون و مددگار بنائے۔
اجلاس کی دوسری تقریر مکرم مظفر احمد ناصرصاحب ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ قادیان نے ’’خلیفہ وقت کا مقام و مرتبہ خلافت کی اطاعت اور اس سے وابستگی کی اہمیت و برکات‘‘ کے عنوان پر کی۔ فاضل مقرر نے نظام سے منسلک رہنے کی اہمیت بیان کی، تاریخ اسلام و احمدیت سے اطاعت خلافت کی عظیم الشان مثالیں پیش کیں اور خلیفہ وقت سے عشق ومحبت کے چندواقعات بیان کیے۔
اجلاس کی تیسری تقریر مکرم رفیق احمد بیگ صاحب ناظر بیت المال آمد قادیان نے ’’مالی قربانی کے سلسلہ میں افراد جماعت کا عدیم المثال نمونہ اورافضال الٰہیہ‘‘ کے موضوع پر کی۔ فاضل مقرر نے اس ضمن میں حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل ؓاور حضرت منشی ظفر احمد صاحب کپورتھلویؓ کی مالی قربانی کے ایمان افروز واقعات بیان کرنے کے بعد دُنیا کے مختلف ممالک سے احمدیوں کی مالی قربانیوں کے واقعات بتائے۔
دوسرا دن دوسرا اجلاس: دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کی صدارت مکرم سید تنویر احمد صاحب صدر مجلس وقفِ جدید نے کی۔ مکرم حافظ فاروق احمد اعظم صاحب نے سورۃ الحجرات کی آیات 12 تا 14 کی تلاوت کی جس کا اُردو ترجمہ مکرم شمیم احمد غوری صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بھارت نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم مرشد احمد ڈار اور ان کے ساتھیوں نے بہت ہی خوش الحانی کے ساتھ سیّدنا حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا درج ذیل منظوم کلام ترانہ کی شکل میں پیش کیا۔
مری رات دن بس یہی اِک صدا ہے
کہ اس عالمِ کون کا اک خدا ہے
بعدہٗ اِس اجلاس کی پہلی تقریر مولانا منیر احمد خادم صاحب نے ’’حضرت مصلح موعودؓ کا خطاب احمدیت یعنی حقیقی اسلام اس کا پس منظر اور دیرپا اثرات‘‘ کے موضوع پر کی۔ آپ نے بتایا کہ حضرت مصلح موعودؓ کا سفر یورپ اور کانفرنس میں خطاب اللہ تعالیٰ کا منشاء اور اس کی تقدیر سے تھا۔ حضورؓ نے لندن میں کئی ہفتے قیام فرمایا اور اس اثنا میں وہاں تبلیغ اسلام کے حوالے سے بہت سے منصوبے پیش فرمائے برطانوی پریس میں حضور رضی اللہ عنہ کی آمد، آپ کی شخصیت اور آپ رضی اللہ عنہ کے اسلام کو یورپ میں پھیلانے کے عزم کا ایک وسیع چرچا ہوا۔ اسی طرح حضور کے عظیم الشان لیکچر نے سامعین کو ایک گھنٹے تک ورطۂ حیرت میں ڈال کردیااور سب نے اسے نہایت غور اور توجہ سے سنا اور اس کے متعلق بیسیوں دانشوروںنے اپنی آرا پیش کیں۔
اِس اجلاس کی دوسری تقریر مولانا تنویر احمد خادم صاحب انچارج شعبہ رشتہ و ناطہ نے ’’جماعت احمدیہ و خدمت خلق‘‘ کے عنوان پر بزبان پنجابی کی۔ مقرر موصوف نے خدمت خلق کے متعلق اسلامی تعلیمات پیش کیں اور اس ضمن میں آنحضرتﷺ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا اُسوہ حسنہ بیان کیا۔ نیز جماعت احمدیہ پوری دُنیا میں جس رنگ میں خدمت خلق کے کام سرانجام دے رہی ہے اس کا تذکرہ کیا۔
اِس اجلاس میں مکرم عبد القادر مدلل صاحب صدر جماعت احمد یہ فلسطین نے جلسہ میں شامل ہونے پر اپنے تأثرات بھی بیان کیے۔
تیسرا روز
۲۹؍دسمبر بروز اتوار
تیسرا دن پہلا اجلاس: محترم ناظر صاحب اعلیٰ و امیرجماعت قادیان نے ٹھیک دس بجے لوائے احمدیت لہرایااور دعا کرائی۔ تیسرے دن کے پہلے اجلاس کی صدارت مولانا منیر احمد خادم صاحب ایڈیشنل ناظر اصلاح و ارشاد جنوبی ہند نے کی۔ تلاوت قرآن کریم مکرم حافظ وقاص رشی صاحب متعلم جامعہ احمدیہ قادیان نے کی اور ترجمہ مولانا طاہر احمد طارق صاحب نائب ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ نےپیش کیا۔ مکرم ثاقب محمود صاحب متعلم جامعہ احمدیہ قادیان نے سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام ’’مصطفیٰ ؐپر تیرا بے حد ہو سلام اور رحمت‘‘ پڑھا۔
اجلاس کی پہلی تقریر ’’ختم نبوت کے بارے میں جماعت احمدیہ کا اسلامی عقیدہ‘‘ کے موضوع پر خاکسار (منصور احمد مسرور۔ صدر قضا بورڈ قادیان)نے کی۔ خاکسار نے قرآن کریم کی آیات اور احادیث نبویہ کے حوالے سے بتایا کہ امتی نبوت کا دروازہ بند نہیں ہوا ہے۔ نیز ختم نبوت کی حقیقت اور آنحضرتﷺ کے عظیم الشان مقام و مرتبہ کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات پیش کیے۔
اِس اجلاس کی دوسری تقریر مولوی شیخ فاتح الدین صاحب شاہد نائب امیر و ایڈیشنل مبلغ دہلی و داعی خصوصی ضلع دہلی نے بعنوان ’’دعوت الی اللہ کے لیے حضرت مسیح موعودؑ کا جذبہ حضور انور کی نصائح اور جماعت احمدیہ کی ذمہ داریاں‘‘ کی۔ فاضل مقرر نے سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دل میں تبلیغ اسلام کے لیے جو جوش اور تڑپ تھی اس کے متعلق چند اقتباسات پیش کیے۔
اِس اجلاس کی تیسری اور آخری تقریر مکرم حافظ مخدوم شریف صاحب ایڈیشنل ناظر اعلیٰ جنوبی ہند نے بعنوان ’’سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام عشق رسول اللہؐ کے آئینہ میں‘‘ کی۔ فاضل مقرر نے اس حوالے سے حضرت مسیح موعودؑ کے چند واقعات اور اقتباسات پیش کیے۔
بعد ازاں چند مہمانان کرام نے اپنے تاثرات بیان کیے جن میں مکرم حافظ اسماعیل احمد اڈوسی صاحب مربی سلسلہ کو آرڈینیٹر ایم ٹی اے گھانا اور مکرم Rufatzhan Tukamdvامیر قافلہ قزاقستان شامل ہیں۔
اختتامی تقریب
جلسہ سالانہ قادیان 2024ء کا اختتامی اجلاس زیر صدارت مولانا محمدانعام غوری صاحب ناظراعلیٰ وامیرمقامی قادیان منعقدہوا۔ مکرم مرشداحمدڈار صاحب استاذجامعہ احمدیہ قادیان نے قرآن کریم کی سورۃ حم السجدۃ کی آیات 31تا35 کی تلاوت کی جبکہ مکرم عطاء اللہ نصرت صاحب نائب ناظربیت المال آمدقادیان نے اُردوترجمہ پڑھ کرسنایا۔اس کے بعد مکرم تنویراحمدناصر صاحب نائب ناظرنشرواشاعت قادیان نے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی مندرجہ ذیل نظم میں سے چند اشعار نہایت خوش الحانی سے پڑھ کرسنائے۔
ہے عجب میرے خدا میرے پہ احساں تیرا
کس طرح شکر کروں اَے مرے سلطاں تیرا
بعدہٗ مکرم منیراحمد صاحب حافظ آبادی سیکرٹری مجلس کارپرداز قادیان نے سال 2024ء میںوفات یافتہ ستر(70)موصیان کے اسماء پڑھ کر سنائےتاکہ اُن کی مغفرت کے لیے احباب جماعت دعا کرسکیں۔محترم صدر اجلاس ناظرصاحب اعلیٰ وامیر مقامی قادیان نے جلسہ سالانہ کے انتظامات میں مدد کرنے والے حکام اعلیٰ اور تمام احباب کا شکریہ اداکرنے کے بعد مقامی طور پر اختتامی دعا کرائی۔
بعدہ لندن سے جلسہ کی اختتامی تقریب کے سلسلہ میں خصوصی نشریات کا آغاز ہوا۔جلسہ سالانہ قادیان میں شامل ہونے والے مخلصین میں پیداہونے والی پاک تبدیلی کے حوالے سے اور اسی طرح پوری دُنیا سے احباب جماعت میں قادیان کی زیارت کی خواہش کے حوالے سے، نیز جلسہ سالانہ قادیان کے روح پرور نظاروں اور قادیان کے پرکشش مقامات سے متعلق ایک نہایت دلچسپ ڈاکومنٹری ایم ٹی اے بھارت کی طرف سےایم ٹی اے انٹرنیشنل پر نشر کی گئی جسے جلسہ گاہ اور سٹیج پر بیٹھے احباب نے بہت ہی انہماک اورنہایت خاموشی کے ساتھ دیکھا اور سنا۔
سیّدنا حضرت امیرالمومنین خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تشریف آوری اور فلک بوس نعرہ ہائے تکبیر کےساتھ ایم ٹی اے انٹرنیشنل سے جلسہ سالانہ قادیان 2024ء کی اختتامی تقریب کا آغاز ہوا۔اس موقع پر افریقہ کے 8 ممالک ٹوگو، مالی، گنی کناکری،نائیجر، گنی بساؤ،سینیگال،برکینافاسو اور امریکہ کے ویسٹ کوسٹ کے جلسہ ہائے سالانہ بھی منعقد ہو رہے تھے اورقادیان دارالامان کے علاوہ ان ممالک کے بھی براہ راست مناظرباربار دکھائے جاتے رہے۔
ہندوستانی وقت کے مطابق ٹھیک 4 بجےحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ فلک شگاف نعروں کی گونج میں ایوان مسرور اسلام آباد، یوکے تشریف لائے۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تمام شاملین کو ’السلام علیکم و رحمۃ اللہ‘ کا تحفہ عنایت فرمایا۔ (حضور انور کے خطاب کا خلاصہ اور اختتامی اجلاس کی مکمل رپورٹ کے لیے ملاحظہ فرمائیں الفضل انٹرنیشنل شمارہ ۲؍جنوری ۲۰۲۵ء)
حضور انور نے جلسہ سالانہ قادیان کی حاضری بتاتے ہوئے فرمایا کہ اِس وقت 42 ممالک کی نمائندگی وہاں ہورہی ہے اور 16 ہزار 91 کی حاضری ہے۔ فرمایا: قادیان کے لحاظ سے اچھی حاضری ہے۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ اب دعا کر لیں۔
5 بج کر 19 منٹ پر حضور انور نے دعا کرائی۔ دعا کے بعد پہلے قادیان دار الامان سے پھر (1)ٹوگو (2) برکینا فاسو (3)گنی بساؤ(4)نائیجر(5)سینیگال سے شاملین جلسہ نے روایتی انداز میں ترنم کے ساتھ عربی اور مقامی زبانوں میں ترانے پیش کر کے خلافت احمدیہ سے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔5بج کر43 منٹ پر حضور انور ’السلام علیکم ورحمۃ اللہ‘ کا تحفہ عطا فرما کر ایوان مسرور سے تشریف لے گئے۔
جلسہ مستورات
مورخہ ۲۸؍دسمبر بروز ہفتہ
جلسہ سالانہ قادیان کے دوسرے روز مستورات کے لیے جلسے کا پروگرام سننے کا انتظام مسجد دار الانوار میں کیا گیا تھا۔ سرائے طاہر کی بیسمنٹ میں بھی مستورات کے لیے جلسہ سننے کا انتظام تھا۔ دوسرے اجلاس میں مستورات کا اپنا جلسہ منعقد کیاگیا جو دوپہر اڑھائی بجےمحترمہ نصرت بیگم بدر صاحبہ اہلیہ محترم منیر احمد صاحب حافظ آبادی سابق صدر لجنہ اماءاللہ قادیان کی زیرصدارت شروع ہوا۔ محترمہ امۃ الہادی شیریں صاحبہ نے تلاوت کی۔ محترمہ وجیہہ بشارت صاحبہ نے سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام
مرے مولیٰ مری یہ اک دعا ہے
تری درگاہ میں عجز و بکا ہے
خوش الحانی سے پیش کیا۔ پہلی تقریر ’’اولاد کی تربیت میں مائوں کا کردار سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پرمحترمہ نعیمہ عارف صاحبہ سابقہ صدر لجنہ اماء اللہ سکندر آباد نے کی۔ بعدہ محترمہ نسیفہ احمد صاحبہ آف بنگال نے کلام سیدنا حضرت مصلح موعو رضی اللہ عنہ ’’ذکر خدا پہ زور دے ظلمت دل مٹائے جا‘‘ خوش الحانی سے پیش کیا۔ دوسری تقریر ’’اسلامی پردہ کی اہمیت اور برکات سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بھارت نےکی۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
شعبہ تربیت: مورخہ 24؍دسمبر 2024ء تا یکم جنوری 2025ء مسجد اقصیٰ اور مسجد انوار میں نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی۔ اور جلسہ کے تین دن قادیان کی تمام مساجد میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ نیز نئے سال میں داخل ہونے کی مناسبت سے یکم جنوری کو قادیان کی تمام مساجد میں نماز تہجد ادا کی گئی جس سے جلسہ میں تشریف لانے والے مہمانوں نے بھی خاص طور پر فائدہ اُٹھایا۔ تہجد کی نماز کے لیے شعبہ تربیت کی طرف سے جگانے کا انتظام تھا۔ درود شریف اور پاکیزہ اشعار پڑھ کر نماز تہجد کے لیے احباب کو بیدار کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد تفسیر کبیر سے قرآن مجید کا درس دیا گیا۔ قادیان کے تمام محلہ جات اور جلسہ گاہ میں تربیتی بینرز لگائے گئے۔
نکاحوں کے اعلانات: جلسہ کے موقع پر احباب کرام کی خواہش ہوتی ہے کہ قادیان کی مقدس بستی میں ان کے بچوں کے نکاحوں کے اعلانات ہوں۔ چنانچہ جلسہ کے دوسرے دن بعد نماز مغرب و عشاء مسجداقصیٰ میں نکاحوں کے اعلانات ہوئے۔
شعبہ ترجمانی: چونکہ اچانک بارش کی وجہ سے فوری طور پر انتظامات جلسہ گاہ سے مسجد اقصیٰ منتقل کرنے پڑے لہٰذا پہلے روز 27؍دسمبرکو صرف تین زبانوںملیالم،تامل اوربنگلہ میں ترجمہ ہوا۔ دوسرے روز28؍دسمبر کو چار زبانوں ملیالم، تامل اور بنگلا کے علاوہ رشین زبان میں بھی ترجمہ ہوا۔ تیسرے روز درج ذیل 9زبانوں میں رواں ترجمہ کا انتظام تھا: عربی، رشین، انڈونیشین، انگریزی، ملیالم، تامل، تیلگو، بنگلہ اور کنڑا۔ 1250سے زائد مردو زن نے ترجمانی سے استفادہ کیا۔ جلسہ کے تمام پروگرام اور خصوصاًحضور انور کے اختتامی خطاب کا مذکورہ زبانوں میں ترجمہ کیا گیا۔ مستورات بھی مردانہ جلسہ گاہ کے پروگرام کی 9زبانوں میں ہونےوالی ترجمانی سے استفادہ کرتی رہیں۔ امسال ملیالم، تامل،بنگلہ کے علاوہ رشین زبان میں بھی پہلی مرتبہ لائیو سٹریمنگ نشر کی گئی۔ الحمد للہ۔
لائیو اسٹریمنگ: جلسہ سالانہ کی کارروائی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے دکھائی جاتی رہی جس سے نہ صرف ہندوستان کی جماعتوں نے بھرپور استفادہ کیابلکہ بیرون ملک بھی جلسے کا پروگرام دیکھا گیا۔ لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے اُردو سے باون ہزار، ملیالم سے پانچ ہزار سات سو، تامل سے تین ہزار پانچ سو بنگلہ سے سترہ سو اور رشین زبان سے سات سو چھیاسٹھ افراد نے استفادہ کیا۔
شعبہ خدمت خلق: جلسہ سالانہ قادیان کا ایک اہم شعبہ ’’شعبہ خدمت خلق‘‘بھی ہے، جس کے تحت بنیادی طور پر نظم وضبط اور حفاظتی ڈیوٹیاںسرانجام دی جاتی ہیں۔ امسال ہندوستان کے مختلف صوبہ جات کی مجالس سے460خدام رضاکاران شعبہ خدمت خلق کے تحت خدمات سرانجام دینے کے لیے قادیان تشریف لائے اور قادیان کے کم و بیش 230خدام نے اس شعبہ کے تحت ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ اس کے علاوہ انصار صف دوم کی ایک ٹیم اور لجنہ اماء اللہ کی ایک ٹیم بھی شعبہ خدمت خلق کے تحت خدمات بجا لا رہی تھی۔ شعبہ رجسٹریشن کے تحت اندرون و بیرون ملک سے آنے والے جملہ مہمانان کرام کی رجسٹریشن کی گئی اور انہیں جلسہ رجسٹریشن کارڈز فراہم کیے گئے۔ دارالمسیح، بہشتی مقبرہ اور جلسہ گاہ میں شعبہ ہٰذا کے تحت چیکنگ کا انتظام کیا گیا۔ اسی طرح مساجد میں صف بندی، سڑکوں اور گلیوں میں ٹریفک اور پارکنگ کے انتظامات، جلسہ گاہ میں مہمانان کرام کوپانی پلانے کا انتظام، قیام گاہوں اور قادیان کے داخلی راستوں میں 24گھنٹے کی حفاظتی ڈیوٹیاں شعبہ ہٰذا کے تحت خدام نے سرانجام دیں۔اسی طرح ہیلپ ڈیسک، لاسٹ اینڈ فاؤنڈ، اطلاعات و اعلانات، فرسٹ ایڈ وغیرہ ذیلی شعبہ جات کے تحت بھی خدام نے ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ لوائے احمدیت کو پُر وقار طریق پر مقررہ ہدایات اور روایات کی پابندی کے ساتھ خدام کی حفاظتی ڈیوٹیوں کے ساتھ جلسہ سالانہ کے تینوں روز جلسہ گاہ لے جایا گیا اور واپس لایا گیا۔ یہ خدمات بھی شعبہ خدمت خلق کے تحت سرانجام دی گئیں۔
ایم ٹی اے قادیان اسٹوڈیو سے لائیو عربی پروگرام
جلسہ سالانہ قادیان سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے قادیان دارالامان سے لائیو عربی پروگرام ’’اِسْمَعُوْا صَوْتَ السَّمَآء جَآءَ الْمَسِیْحُ جَآءَ الْمَسِیْحُ‘‘ مورخہ 19 تا 21؍دسمبر 2024ء بروز جمعرات، جمعہ اور ہفتہ نشر ہوا۔ یہ پروگرام ہندوستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس تا ساڑھے بارہ بجے تک ہوتا رہا۔ درج ذیل احباب نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت احمدیہ کبابیر بطور میزبان۔ مکرم محمد طاہر ندیم صاحب عربی ڈیسک یوکے۔ مکرم عبدالقادر مدلل صاحب، صدر جماعت احمدیہ فلسطین۔ اس سہ روزہ پروگرام میں ’’ہمدردیٔ خلق‘‘ کے موضوع پر گفتگوہوئی۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہمدردیٔ خلائق کے حوالہ سے جو تعلیم پیش کی اور حضور علیہ السلام کا اس سلسلہ میں جو نمونہ تھا اس کو احسن رنگ میں پیش کیا گیا۔
(رپورٹ:شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے باونویں(۵۲)نیشنل اجتماع کا با برکت انعقاد