محمود ہال ،مسجد فضل لندن میں لجنہ اماءاللہ کے زیر انتظام ایک بین المذاہب پروگرام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماءاللہ مسجد فضل ریجن، یوکے کو مورخہ ۱۵؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز اتوار محمود ہال، مسجد فضل لندن میں ایک بین المذاہب پروگرام بعنوان ’’خواتین:ایک عظیم اخلاقی اور روحانی انقلاب کا آغاز کرنے والیاں‘‘ (Women:Initiating a great moral and spiritual revolution) منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں تمام مہمانان کو اس پروگرام میں خوش آمدید کہا گیا اور سرد موسم کے باوجود ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا گیا۔ اس کے بعد ’’حضرت مسیح موعودؑ کی آمد اور بعثت کی غرض‘‘ پر ایک مختصر سی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ نیز لجنہ اماءاللہ کے تعارف کے علاوہ ان امور پر معلومات دی گئیں: لجنہ اماء اللہ کے پروگرامز مردوں کے پروگرامز سے الگ کیوں منعقد کیے جاتے ہیں؟، مسجد فضل کی صد سالہ جوبلی، خواتین کی مالی قربانی سے مسجد فضل کی تعمیر اور تاحال لجنہ اماءاللہ کی خدمات۔

بعدہٗ مہمان خواتین کے ساتھ ایک دوستانہ ماحول میں دنیا کی بہتری کے بارے میں بات چیت ہوئی۔ شاملین میں مختلف بیک گراؤنڈز اور مذاہب سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل تھیں۔ مہمان خواتین کو مسجد کا دورہ بھی کروایا گیا۔
پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانان کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ کھانے کے دوران بھی گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام شاملین نے اس پروگرام کو بہت پسند کیا اور اپنے پروگرامز میں بھی ممبرات لجنہ اماءاللہ کو شامل ہونے کی دعوت دی۔ اسی طرح آئندہ ملنے اور مثبت کاموں میں تعاون کرنے کا بھی اظہار کیا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:فیضیہ حق)
مزید پڑھیں: مدرسۃ الحفظ یوکے کے چھٹے طالب علم کا تکمیل حفظ قرآن کریم کا اعزاز