افریقہ (رپورٹس)

یونیورسٹی آف زیمبیا میں قرآن کریم اورجماعتی کتب و لٹریچر کی نمائش

مکرم ثاقب احمد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ زیمبیا کو ملک کی مختلف یونیورسٹیوں، کالجوں، ادبی و ثقافتی میلوں میں تراجم قرآن کریم اور جماعتی کتب کی نمائشیں لگانے کی توفیق مل رہی ہے۔ اسی سلسلے میں زیمبیا کے دارالحکومت لوساکا میں موجود ملک کی سب سے بڑی اور قدیم یونیورسٹی The University of Zambiaکی لائبریری میں دو روزہ جماعتی کتب کی نمائش مورخہ ۸و۹؍اکتوبر۲۰۲۴ء کو لگانے کی توفیق ملی۔ یہ یونیورسٹی ۱۹۶۵ء سے قائم ہے۔ اس میں مختلف ممالک کے ۳۰؍ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

اس نمائش میں جماعت احمدیہ اور حضرت مسیح موعودؑ کے مشن کے بارے میں تعارفی فلیکس نصب کی گئیں۔ انگریزی، فرنچ اور سواحیلی زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم رکھے گئے۔ حضرت مسیح موعودؑ کی چنیدہ کتب و خلفائے سلسلہ اور دیگر جماعتی کتب بھی نمائش کی زینت تھیں۔ اسی طرح درج ذیل موضوعات پر مشتمل تعلیمی و تبلیغی لٹریچر بھی نمائش میں رکھا گیا: احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا تعارف، اسلام:ایک جامع مذہب، اسلام امن کا داعی ہے، انسانی تاریخ کےسب سے بااثر انسان:رسول کریمﷺ، کفارہ اور تثلیث۔

دو مربیان کرام مکرم جاوید احمد صاحب مبلغ انچارج زیمبیا، مکرم ثاقب احمد صاحب اور مکرم شعیب احمد صاحب معلم سلسلہ کو صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک اس نمائش پر ڈیوٹی دینے کی توفیق ملی۔ آخری روز لائبریرین صاحب کو قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ بطور تحفہ دیا گیا جسے انہوں نے خوشی سے قبول کیا اور وعدہ کیا کہ وہ اسے ضرور پڑھیں گے اور اس قیمتی تحفے کو اپنے دفتر میں نمایاں جگہ پر رکھیں گے۔

۹۰۰؍سے زائد طلبہ واساتذہ نے اس نمائش کا دورہ کیا۔ اسلام کی جامع و پُرامن تعلیمات اور جماعتی تعارف پر مشتمل ایک ہزار سے زائد پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ اس طرح پڑھے لکھے لوگوں کی ایک بڑی تعداد تک جماعت کا لٹریچر اور پیغام پہنچا۔ بہت سارے طلبہ و پروفیسرزکے ساتھ اسلام اور جماعت احمدیہ کے بارے میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اللہ تعالیٰ ان نمائشوں کو زیادہ سے زیادہ سعید روحوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کا ذریعہ بنائے۔ آمین

(مرسلہ:طاہر احمد سیفی۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کی ماہ دسمبر۲۰۲۴ءکی چند سرگرمیاں

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button