حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا اجتماع مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام (اردو مفہوم)
پیارے ممبران مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ،
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
مجھ سے درخواست کی گئی تھی کہ آپ کے نیشنل اجتماع کے مبارک موقع پر آپ کو ایک پیغام بھیجوں۔ میں اس موقع پر آپ سب کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس اجتماع کو اپنے خاص فضلوں سےبھر دے۔ خدا تعالیٰ کرے کہ آپ کا یہ اجتماع آپ کے ليے بے پناہ روحانی ترقیات کا با عث بنے اور آپ کے دلوں میں ایمان اور بھائی چارے کی شمع کو روشن تر کردے۔ آمین
آج آپ یہاں محض افراد کی حیثیت میں اکٹھے نہیں ہوئے ہیں بلکہ بطور’’انصار اللہ‘‘ یعنی اللہ کے معزز مددگار کے طور پر اکٹھے ہوئے ہیں۔ یہ ٹائیٹل صرف ایک تمغہ نہیں ہےجو فخر کے ساتھ پہنا چائے بلکہ ایک گہری ذمہ داری ہے جو آپ کو اسلام احمدیت کے حقیقی سفیر بننے کے حوالہ سے ادا کرنی ہے۔ آپ زندگی کے اس مرحلہ پرہیں کہ آپ کا سالوں کا تجربہ اور دانائی جماعت کے مستقبل کی تشکیل میں آپ کے کردار کو اور زیادہ اہم بنا دیتی ہے۔
قرآن پاک جو کہ ہمارے ليے مشعل راہ ہے، ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اللہ کی عبادت اور اس کی مخلوق کی خدمت سچے ایمان کے ليے لازم و ملزوم ہیں۔ جیسا کہ آپ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے ذاتی تعلق کو عبادات اور نیک اعمال سے مضبوط کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہاں یاد رکھیں کہ آپ کا گھر اگلی نسل کے لیے پہلی تربیت گاہ ہے۔ جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی اولاد میں اللہ تعالیٰ کی محبت پیدا کی، اسی طرح آپ کو اپنے بچوں میں اور آگے ان کی اولاد میں وہی محبت اور عقیدت پیدا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
یاد رکھیں، اعمال کا اثر آپ کے الفاظ سے زیادہ ہوتا ہے۔ نوجوان آپ کا مشاہدہ کرتے ہیں اور آپ کے نمونے سے سیکھتے ہیں۔ روزانہ پانچ نمازوں کے لیے آپ کی لگن، قرآن پاک کے مطالعہ کے لیے آپ کا عزم، اور آپ کا جماعت کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ان کے لیے مشعل راہ ہے۔ آپ کی قربانیاں، مالی بھی اور وقت اور مجاہدہ کی صورت میں بھی، آپ کی طرف سے محض فرائض کی تکمیل ہی نہیں بلکہ آپ کے ایمان کی مضبوطی کے ثبوت کی حیثیت رکھتی ہیں اوروہ جو نمونہ کے ليے آپ کو دیکھتے ہیں ان پر گہرا اثر چھوڑتی ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خواہش تھی ایک ایسی جماعت تیا ر ہو جس میں اسلام کی حقیقی روح، امن، ہمدردی اورتمام انسانوں کے ليے محبت پائی جاتی ہو۔ یہ اسی وقت ہو سکتا ہے جب ہر ایک نسل، اپنے بزرگوں کی رکھی ہوئی بنیادوں پر قائم عمارت کو آگے بڑھاتے ہوئے، روحانی ترقی کے لیے کوشش کرے اور خود کو خدمت انسانیت کے لیے وقف کردے۔ بحیثیت انصار اللہ، ان عظیم مقاصد کے حصول میں آپ کا کردار بہت ضروری ہے۔
اس لیے میں آپ کو ترغیب دلاتا ہوں کہ آپ اسلامی علوم کے خزانوں کا گہرائی کے ساتھ مطالعہ کریں۔ قرآن پاک اورحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بابرکت اسوہ سے راہنمائی حاصل کریں۔ خلافت احمدیہ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔ خلافت کی صورت میں میسر الٰہی راہنمائی سے استفادہ کرتے ہوئے جدید دنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے کی کوشش کریں۔ یاد رکھیں، یہ خلافت کے ساتھ آپ کی غیر متزلزل اطاعت اور وفاداری ہی ہے جس کے ذریعہ آپ اپنے ليے، اپنے خاندانوں کے لیے اورآئندہ آنے والی نسلوں کے ليے اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
خدا کرے کہ یہ اجتماع آپ کی روحانی ترقیات کا پیش خیمہ ثابت ہو اور آپ کے اسلام احمدیت کی خدمت کے عزم کو مضبوط کرے۔ جو اہم ذمہ داریاں آپ کے سپرد ہیں خدا تعالیٰ انہیں کما حقہ ادا کرنے کی صلاحیت عطا فرمائے۔ خدا تعالیٰ مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کو اپنے خاص فضلوں سے نوازے۔ آمین