آسٹریلیا (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کے بتیسویں (۳۲)نیشنل سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کو مورخہ ۹ و ۱۰؍نومبر۲۰۲۴ءکو اپنا بتیسواں سالانہ اجتماع مسجد بیت المقیت، آکلینڈ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جس میں مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن) نے بطور مرکزی نمائندہ شرکت کی۔ مکرم محمد اقبال صاحب قائد عمومی ناظم اعلیٰ اجتماع مقرر ہوئے۔

اس سال اجتماع کا موضوع اللہ تعالیٰ کی صفت ’’المُقیْت‘‘ مقرر کیا گیا تھا اور اسی موضوع پر اجتماع کا نصاب تیار کرکے ساری مجالس کے انصار تک پہنچایا گیا۔ جمعہ کے دن ہی احباب بیرونی جماعتوں سے تشریف لانا شروع ہوگئے تھے۔ اجتماع کے دونوں دنوں کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد درس کا اہتما م بھی کیا گیا۔

اجتماع کے آغاز پر لوائے انصاراللہ اور نیوزی لینڈ کا قومی پرچم لہرایا گیا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم محمد یٰسین چودھری صاحب صدر مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد صدر مجلس نے مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کے نام حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام مع اردو ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ نیز آپ نے مجلس انصاراللہ کے رومال کی تفصیل بھی بتائی اور انصار کو اجتماع کے دوران اپنے کندھے اور گلے میں یہ رومال پہننے کی تلقین کی۔

افتتاحی تقریب کے بعد علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ اس میں حسن قراءت، حفظ القرآن، نظم اور اذان کے مقابلہ جات شامل تھے۔ دوپہر کےکھانے اور نماز ظہر و عصر کے بعد تقریر اور فی البدیہہ تقریر نیز دینی معلومات کے مقابلے ہوئے۔ شام پانچ بجے ورزشی مقابلہ جات رسہ کشی اور والی بال کے ایک پارک میں ہوئے۔ بعدازاں حاضر انصار کو بار بی کیو ڈنر پیش کیا گیا۔ شام ساڑھے آٹھ بجے نماز مغرب و عشاء کے بعد درج ذیل تربیتی موضوعات پر تین گروپ بنا کر باہمی گفتگو کا اجلاس ہوا: حلال کمائی کی فضیلت، پنجگانہ نماز کی اہمیت اور وصیت کرنے میں مشکلات اور ان کا حل۔ ہر گروپ کے نگران نے آخر پر اپنے اپنے گروپ کی گفتگو میں بتائےگئے اہم نکات کا خلاصہ پیش کیا۔ رات دس بجے اس اجلاس کے اختتام کےساتھ اجتماع کا پہلا دن ختم ہوا۔

اگلے روز باجماعت نماز تہجد، فجر اور درس کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ ا للہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ ٹی وی پر دکھایا گیا۔

ساڑھے نو بجے آج کا پہلا اجلاس تلاوت قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔ قائد صحت جسمانی و ذہانت نے آج ہونے والے مختلف ورزشی مقابلہ جات کی تفصیل بتائی۔ قریبی پارک میں والی بال اور پیغام رسانی کے مقابلہ جات ہوئے جو بارہ بجے ختم ہوئے جس کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔

اجتماع کا آخری اجلاس مہمان خصوصی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مجلس انصاراللہ یوکے کے اجتماع ۲۰۲۳ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے انصار سے جو خصوصی عہد لیا تھا اس کی ویڈیو دکھائی گئی۔ اس کے بعد نظم پیش کی گئی اور پھر اجتماع کے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کیے۔ اختتامی تقریر میں آپ نے مجلس انصار اللہ کے زعماء کو انصار کے گھروں کا دورہ کرنے اور ان سے دوستانہ تعلقات پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز آپ نے خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق رکھنے اور خلیفہ وقت کے ہر حکم پر فوراً تعمیل کرنے کی تلقین کی۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔

(رپورٹ:مبارک احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فجی کے پچاسویں(۵۰) جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button