حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… واشنگٹن ایئر پورٹ کے قریب مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے کے بعد مسافر طیارہ پوٹومیک دریا میں گر گیا جس کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ فضائی حادثے کے بعد پوٹومیک دریا سے اٹھارہ لاشیں نکال لی گئیں، حادثہ دریائے پوٹومیک کے اوپر رن وے کے قریب پیش آیا۔ مسافر طیارے سے ٹکرانے والا بلیک ہاک فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا۔امریکن ایئر لائنز کی پرواز یو ایل 5432 کینساس کے شہر وکیٹا سے واشنگٹن پہنچی تھی۔امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے میں تقریباً ساٹھ مسافر سوار تھے۔

٭… غزہ جنگ بندی میں یرغمالیوں کی رہائی کے تیسرے مرحلے میں حماس نے مزید ایک اور اسرائیلی خاتون فوجی کو رہا کر دیا۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے خان یونس کے علاقے میں حماس کے شہید سربراہ یحییٰ سنوار کے تباہ شدہ مکان کے سامنے یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا۔بڑی تعداد میں لوگ خان یونس کے اس علاقے میں جمع ہوئے، جسے اسٹریٹ 5 کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ علاقہ مختلف فوجی کارروائیوں میں تباہ ہو چکا ہے اور اسی ملبے کے مقام سے یرغمالیوں کو رہا کیا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے میں فضائی حملہ سے دس فلسطینی شہید ہو گئے۔چوبیس گھنٹوں میں غزہ کے ہسپتالوں میں مزید ۶۳؍لاشیں لائی گئیں، شمالی غزہ سے جبری بے دخل فلسطینیوں کی واپسی جاری ہے، تین روز میں پانچ لاکھ سے زائد فلسطینی واپس پہنچ گئے۔

٭… مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی صدر ٹرمپ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف نے اسرائیلی وزیراعظم سے مقبوضہ بیت المقدس میں ملاقات کی۔ وٹکوف اور نیتن یاہو کے درمیان ممکنہ طور پر غزہ جنگ بندی اور اس کے اگلے مرحلے پر بات چیت ہوئی۔ اسٹیو وٹکوف نے اسرائیلی سیکیورٹی فورسز اور اسرائیلی وزیر برائے اسٹریٹیجک امور رون ڈرمر کے ہمراہ غزہ پٹی کی نیٹزارن راہداری کا دورہ بھی کیا۔واضح رہے کہ اسٹیو وٹکوف دو دہائیوں میں غزہ پٹی کا دورہ کرنے والے پہلے امریکی عہدیدار ہیں۔

٭… جرمن پارلیمنٹ نے رات گئے انتہائی دائیں بازو کی حمایت سے امیگریشن قانون منظور کر لیا اور اس نئے قانون کی منظوری کے بعد جرمنی نے اپنی سرحد پر بارڈر کنٹرول سیکیورٹی بھی لگا دی ہے۔ جرمنی کی پارلیمنٹ نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں امیگریشن پر سخت پابندیوں پر زور دیا گیا ہے۔اس قرارداد کو انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت آلٹرنیٹو فار جرمنی (AfD) کی حمایت حاصل ہے۔یہ تحریک۲۳؍ فروری کو ہونے والے انتخابات سے قبل قدامت پسند حزبِ اختلاف CDU-CSU کی طرف سے لائی گئی تھی اور اس کی حمایت اے ایف ڈی پارٹی نے بھی کی تھی۔ جرمن پارلیمنٹ نے اس قرارداد کو ۳۴۸؍ ارکانِ پارلیمنٹ کی حمایت سے منظور کیا ہے جبکہ ۳۴۵؍ارکانِ پارلیمنٹ نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا اور دس غیر حاضر تھے۔ یاد رہے کہ یہ قرارداد جرمنی میں افغان شہری کی جانب سے کیے گئے چاقو حملے کے نتیجے میں دو سالہ بچے سمیت دو افراد کی ہلاکت کے بعد منظور کی گئی ہے۔

٭… سویڈن میں قرآنِ کریم کی بے حرمتی کرنے والے شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے عراقی نژاد سلوان صباح مومیکا کو مبینہ طور پر بدھ کی رات سویڈن کے شہر سودرتلجے میں اس کے اپارٹمنٹ میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ ۳۸؍سالہ شخص کی ہلاکت کی پولیس کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی ہے، اس شخص کو قتل کرنے کی اصل وجہ بھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔اس شخص نے ۲۰۲۳ء میں سویڈن میں اور اس کے علاوہ بھی کئی مرتبہ قرآنِ کریم کی بےحرمتی کی تھی۔خیال رہے کہ قرآن پاک کی متعدد بار بےحرمتی کرنے والا سلوان مومیکا عراق کے صوبے موصل کے ضلع الحمدانیہ سے تعلق رکھتا تھا۔

٭… امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی خوفناک آگ کے بھڑک اٹھنے کے اسباب میں اہم عنصر موسمیاتی تبدیلی تھا۔امریکی اور یورپی سائنسدانوں کی مشترکہ تحقیقی رپورٹ اور ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن کی رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی نے آگ لگنے کے امکانات کو ۳۵؍فیصد بڑھا دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جنگلات میں لگنے والی آگ بہت پیچیدہ ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے سبب گرم اور خشک موسم مرکزی عنصر بنتا جارہا ہے۔لاس اینجلس میں بھی گرم اور خشک موسم جنگلات کی آگ کے خطرے کو بڑھا رہا ہے۔واضح رہے کہ لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ۲۸؍افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ سولہ ہزار مکانات کو نقصان پہنچا تھا۔

٭… جنوبی سوڈان میں طیارے کے حادثے میں بیس افراد ہلاک ہوگئے۔ طیارے میں سوار اکیس میں سے صرف ایک شخص بچ پایا، طیارہ تیل کمپنی کے عملے کو لے کر جارہا تھا، جو گر کر تباہ ہوگیا۔سوڈان کے پیٹرولیم حکام نے کہا کہ یہ طیارہ بدھ کی صبح یونٹی اسٹیٹ کے تیل کے کھیتوں کے قریب پرواز بھرنے کے تین منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے کا ہدف دارالحکومت جوبا پہنچنا تھا۔حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 5 غیر ملکی شامل ہیں، جن میں دو چینی، ایک بھارتی اور دو یوگنڈا کے عملے کے کا رکن تھے جبکہ باقی پندرہ افراد جنوبی سوڈان کے شہری تھے۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button