افریقہ (رپورٹس)

آئیوری کوسٹ میں ہیومینٹی فرسٹ کے نیشنل ہیڈآفس کا افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۱۹؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز جمعرات اپنے نیشنل ہیڈآفس کے افتتاح کی توفیق ملی۔

جمعرات کی شام چھ بجے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ نے مع مکرم حافظ محمد احسان سکندرصاحب انچارج جماعتRodrigues Island نے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کرائی۔ دعا کے بعد مہمانان خصوصی نے مع چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ مکرم یحییٰ وترا صاحب اس نئے دفتر کا دورہ کیا۔ اس دوران چیئرمین صاحب نے تعمیر شدہ دفتر کا تعارف پیش کیا۔ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کے ہیڈ آفس، واقع آبیدجان، کی عمارت میں ہیومینٹی فرسٹ کے یہ دفاتر تعمیر کیے گئے ہیں۔ ایک حصہ میں ایک دفتر برائے صدر ہیومینٹی فرسٹ، دوسرا دفتر برائے انچارج شعبہ جات اور اس سے ملحقہ ایک سٹور روم تعمیر کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسرے حصہ میں ایک میٹنگ روم بنایا گیا ہے۔ مختلف بینرز کے ذریعہ ان دفاتر کی تزئین کی گئی ہے۔

دفتر کے تعارفی دورہ کے بعد میٹنگ روم میں مہمانان کرام کی آمد کے ساتھ ہی ایک مختصر مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا۔ جس دوران مہمانان کرام نے ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کی خدمت انسانیت کے سلسلہ میں معلومات پر استفسار کیا۔ اس سلسلہ میں چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ صاحب نے تنظیم کے فلاحی کاموں کا تعارف پیش کیا۔

اس رپورٹ کے مطابق آئیوری کوسٹ میں ہیومینٹی فرسٹ کے فلاحی کاموں کا آغاز یکم مارچ ۲۰۰۸ء کو ہوا جس کے پہلے چیئرمین مکرم Diomande Vallet صاحب مقرر ہوئے۔ بعدازاں مکرم Yaya Ouattaraصاحب کا تقررہوا جو تاحال اس خدمت پر مامور ہیں۔ ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ اپنے اجرا سے تاحال ۵۰۰؍سے زائد پانی کے پمپس کو ٹھیک کروانے کا کام کرچکی ہے۔ جبکہ ۳۰؍سے زائد مشینیں بھی لگوائی جا چکی ہیں جن میں چاول صفائی مشین نیز کساوہ پیسنے کی مشینیں شامل ہے۔ علاوہ ازیں اب تک ۵۰؍سے زائد مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔ اب تک ہیومینٹی فرسٹ کے تحت ملک بھر میں تین پرائمری سکولز تعمیر کیے جاچکے ہیں۔ گذشتہ پانچ سال سے ہر سال باقاعدگی کے ساتھ ۵۰۰؍سے زائد سکول بیگز مع کتب ہیومینٹی فرسٹ کے تعمیر کردہ سکولز کے طلبہ نیز دیگر سکولز میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ’فوڈ ڈونیشن‘ پروگرام کے تحت عید الاضحی کے موقع پر ہر سال ۱۵؍سے زائد بیل قربان کیے جاتے ہیں اور کئی ایک مقامات پر اشیائے خورونوش بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ معذور افراد کے ليے تین پہیوں کی سائیکلز بھی عطیہ کی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہیومینٹی فرسٹ کے شعبہ ’ہیلتھ کیئر‘ کے تحت آئیوری کوسٹ کے دار الحکومت آبی جان میں ایک جنرل ہسپتال بھی زیر تعمیر ہے۔ اس مختصر رپورٹ اور شاملین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب کے بعد دعا کے ساتھ اس پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ بعدازاں عشائیہ سےتمام شاملین کی تواضع کی گئی اور ہیومینٹی فرسٹ ٹیم کے ساتھ تصاویر بھی لی گئیں۔

اس تقریب میں دیگر خصوصی مہمانان میں مکرم آصف عارف صاحب نائب سیکرٹری امور خارجہ جماعت احمدیہ امریکہ، مکرم Elkamssi Issam صاحب نیشنل صدر مراکش، ممبران نیشنل مجلس عاملہ آئیوری کوسٹ، صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نیز ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کی ٹیم شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کو آئندہ بھی خدمت انسانیت کے جذبہ کے تحت کام کرنے کی توفیق عطا فرماتاجائے۔ آمین

(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جلسہ سالانہ کینیا کے موقع پر انٹرریلیجس کونسل آف کینیا، نکورو کے وفد کی مسجد مبارک آمد اور شجر کاری

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button