جماعت احمدیہ اوگو فارم، سیرالیون میں ایک تقریب آمین کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۹؍دسمبر۲۰۲۴ء کو فری ٹاؤن ویسٹ، سیرالیون کی جماعت اوگو فارم(Ogoo Farm) میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے پانچ اطفال و ناصرات کی پُر وقار تقریب آمین منعقد ہوئی۔

آمین کی اس تقریب میں کثیر تعداد میں غیر از جماعت احباب موجود تھے۔ مختلف جماعتوں کے معلمین اور نمائندگان اور خاکسار (مبلغ سلسلہ) ہیڈکوارٹرز سے تقریب کے ليے گئے۔ خاکسار نے بچوں سے قرآن کریم سنا، بچوں کی حوصلہ افزائی کی، انہیں قرآن کریم سے محبت کے سلسلہ میں چند نصائح کیں اور بچوں کے والدین کو مبارک باد بھی پیش کی۔
اس تقریب میں اطفال و ناصرات نے حضرت مسیح موعودؑ کے ایک عربی قصیدہ کے کچھ اشعار زبانی ترنم کے ساتھ، احادیث باترجمہ، سادہ نماز، نماز باترجمہ نیز اطفال و ناصرات کا عہد بھی پیش کیا۔ علاوہ ازیں اس موقع پر مختلف موضوعات پر تقاریر بھی ہوئیں جس کے ذریعہ سے احمدیت کی تعلیم، حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت پر روشنی ڈالی گئی۔

قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوں میں اسناد اورانعامات بھی تقسیم کیےگئے۔ علاقہ کی سنٹرل مسجد کے چیف امام نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں جس طرح بچوں نے قرآن کریم پڑھا اور پھراحادیث پیش کیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہی جماعت اسلام کی تعلیم پر عمل کرنے والی ہے۔ احمدی اور دیگر فرقوں میں قرآن کریم کی محبت کے لحاظ سے کوئی فرق نہیں۔ آپ ہم سے زیادہ قرآن سے محبت کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تقریب بہت سے احمدی و غیر از جماعت احباب و خواتین کے لیے تبلیغ کا باعث بنی۔ پروگرام کے اختتام پر تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس بابرکت تقریب میں کُل حاضری ۲۵۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جلسہ سالانہ کینیا کے موقع پر انٹرریلیجس کونسل آف کینیا، نکورو کے وفد کی مسجد مبارک آمد اور شجر کاری