قرارداد تعزیت

قرارداد تعزیت بروفات مکرم عبدالباری طارق صاحب(آڈیٹر مجلس انصاراللہ پاکستان)

از طرف اراکین مرکزی عاملہ، ناظمین اعلیٰ علاقہ و اضلاع وزعمائے اعلیٰ مجلس انصاراللہ پاکستان

ہم اپنے بھائی اور ساتھی مکرم عبدالباری طارق صاحب آڈیٹر مجلس انصاراللہ پاکستان کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہیں جومورخہ ۹؍جنوری ۲۰۲۵ء بروز جمعرات بعمر ۵۷؍سال وفات پاگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

آپ یکم اکتوبر ۱۹۶۷ء کو نبی سر روڈ، ضلع عمر کوٹ سندھ میں مکرم چودھری لطیف احمد صاحب کے ہاں پیدا ہوئے۔ آپ کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ آپ کے پڑدادا مکرم چودھری محمد یار صاحب ساکن گھٹیالیاں ضلع سیالکوٹ کے ذریعہ سے ہوا۔ گھٹیالیاں سے پرائمری، میٹرک اور ایف ایس سی گڈو بیراج ضلع کشمور سندھ، ڈی جی سائنس کالج کراچی سے بی ایس سی اور یونیورسٹی آف سندھ جامشورو سے ماسٹرز آف کمپیوٹر سائنسز کی ڈگری اپنے شعبہ میں ٹاپ کر کے حاصل کی اور گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے۔ کچھ عرصہ کراچی پبلک سکول میں شعبہ کمپیوٹر سائنس میں تدریسی فرائض انجام دینے کے بعد ایک کمپنی میں ملازمت اختیار کی۔ اس دوران آپ کینسر کےمرض میں مبتلا ہوئے۔ دورانِ علاج ملفوظات حضرت مسیح موعودؑ پڑھتےہوئے لمبی عمر پانے کانسخہ خدمتِ دین نظر سے گزرا تو آپ نے فوراً زندگی وقف کرنے کا ارادہ کیا اور ہومیو علاج سےخداتعالیٰ نے معجزانہ کامل شفا عطا فرمائی۔ ۲۰۰۳ء میں زندگی وقف کر کے ربوہ آگئے۔ آپ کمپیوٹر سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے ماہرتھے۔ وقفِ جدید میں بطور انچارج کمپیوٹر سیکشن عملی زندگی کا آغاز کیا اور بیس سال سے زائد خدمت کی توفیق پائی۔ آپ ۲۰۱۸ء سے مجلس عاملہ انصاراللہ پاکستان کے ممبر تھے۔ ۲۰۱۸ء اور ۲۰۱۹ءدو سال بطور معاون صدر اور۲۰۲۰ء سےتادمِ آخر آڈیٹرکے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔

مرحوم خداتعالیٰ کے فضل سے مجلس عاملہ انصاراللہ پاکستان کے انتہائی فعال اورمتحرک ممبرتھے۔ آپ ایک نہایت مخلص، بے لوث اوربے نفس خادمِ سلسلہ تھے۔ تنظیم اورسلسلہ کے نہایت وفادار وجود تھے۔ خدمتِ دین میں ہمہ تن مصروف رہنے میں راحت محسوس کرتے۔ مجلس کےکاموں میں اپنا کثیر وقت خرچ کرتے۔ صدرِ مجلس کی راہنمائی سےمرکزی اورزیریں سطح پرتنظیمی آڈٹ(آمد وخرچ)کو نئے سرے سے جائزہ لے کر مضبوط اور بےلچک طریق پر استوار کیا۔ سلسلہ کے اموال کے خرچ پر گہری نظر رکھتے اور بلاخوف اپنی رائے کا اظہار کرتے۔

اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعہ مجلس انصاراللہ پاکستان کوبے حد مفید سافٹ ویئرتیار کر کے دیا۔ اسی طرح آپ نے ربوہ میں مختلف مرکزی اور لوکل ادارہ جات کو سافٹ ویئرز تیار کر کے دیے۔ ۲۰۱۸ء میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سےآپ software developmentکی غرض سے نائیجیریا گئے جبکہ بینن کے ہسپتال کا software پاکستان سے تیار کر کے بھجوایا۔ آپ نےجلسہ سالانہ کی انتظامیہ میں ۲۰۲۱ء تا وفات ناظم اعدادو شماراور اپنے محلہ دارالعلوم جنوبی بشیرمیں نو سال سے زیادہ بطور صدر محلہ خدمات انجام دیں۔

مرحوم خلافت کے عاشق، و فادار، نافع الناس، سادہ مزاج، خوش خلق اور ہنس مکھ انسان تھے۔ چہرے پر ہر وقت مسکراہٹ موجود رہتی۔ مجلس کواپنی خوش بیانی اور چٹکلوں سے کشتِ زعفران بنائے رکھتے۔ دینی علم کے حصول کا بھی شوق رکھتے تھے بلکہ حاصل مطالعہ میں سے مختلف نکات لوگوں کو بیان بھی کیا کرتے۔ آپ خدا تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے اور بہشتی مقبرہ دارالفضل میں آپ کی تدفین ہوئی۔

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ۱۷؍جنوری۲۰۲۵ء میں آپ کا ذکر خیر فرمایا اور نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔ حضورایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: جب انہوں نے وقف کیا ہے، بیماری کے بعد (انہوں نے عہد کیا تھا کہ صحتیاب ہو کر وقف کروں گا)صحتیاب ہوئے اور پھر انہوں نے اکیس سال تک جو عرصہ ہے وقف کا، وہ بے نفس ہو کے کام کیا۔ نہ دن دیکھا نہ رات دیکھی اور ایسا نمونہ قائم کیا واقفین کے ليے، جو اُن کے ليے بھی قابلِ تقلید ہے…آپ نے وقف کے تقاضوں کو بخوبی نبھایا اور وقف کی برکات پر کامل یقین تھا۔ آخری سانس تک خدمت کرنے کا عہد کیاتھا جسے انہوں نے پوراکیا۔ اللہ تعالیٰ ان سے رحم اور مغفرت کا سلوک فرمائے۔

جہاں ہمارے دل اپنے اس پیارے بھائی کے اچانک جدا ہوجانے پر مغموم ہیں، وہیں ہم اللہ تعالیٰ کی رضا پر راضی رہتے ہوئے یہ اظہار کرتے ہیں کہ

راضی ہیں ہم اُسی میں جس میں تری رضا ہو

اورمامورِ زمانہ حضرت اقد س مسیحِ موعودؑ کے الفاظ میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ

وہ آج ہم سے جُدا ہوا ہے ہمارے دل کو حَزِیں بنا کر
بُلانے والا ہے سب سے پیارا اُسی پہ اے دِل تو جاں فدا کر

اللہ تعالیٰ ہمارے بھائی مکرم عبدالباری طارق صاحب مرحوم کی خدمات کو قبول فرماتے ہوئے مغفرت کی چادر میں لپیٹ لے۔ جملہ لواحقین کو صبر اور ان کی نیکیاں زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے اورسلسلہ کو ان جیسے خادمِ دین، خلافت کے وفادار اور نفع رساں وجود عطا فرماتا رہے۔ آمین

ہم اراکین مجلس عاملہ انصاراللہ پاکستان آپ کی وفات پرسیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اورمحترم عبدالباری طارق صاحب کی اہلیہ محترمہ، اکلوتے بیٹے عزیزم عطاء المقیت باری صاحب (طالبعلم فائنل ایئر ایم بی بی ایس)، والدہ محترمہ اورآپ کے بہن بھائیوں اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: قرارداد تعزیت بروفات مکرم ومحترم مرزا محمدالدین ناز صاحب صدر صدر انجمن احمدیہ ربوہ

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button