عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… جماعت احمدیہ مسلمہ بھارت کا ایک سو انتیسواں جلسہ سالانہ مقدس بستی قادیان دارالامان میں ۲۸،۲۷ و۲۹؍ دسمبر۲۰۲۴ء کو اپنی تمام ترعظیم الشان اسلامی روایات کے ساتھ بخیروخوبی منعقد ہوا جس میں ۴۲؍ ممالک سے۱۶؍ہزار ۹۱؍ افراد نے شمولیت کی سعادت پائی۔ حسبِ روایت حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے جلسہ سالانہ قادیان سے براہ راست اختتامی خطاب فرمایا۔ خیال رہے انہی ایام میں افریقہ کے سات ممالک سینیگال، نائیجر، گنی بساؤ، گنی کناکری، برکینا فاسو، مالی اور ٹوگو میں بھی جلسہ ہائے سالانہ کامیابی سے منعقد ہوئے۔ دوسری جانب ربوہ میں بھی ہر سال کی طرح امسال بھی جلسہ سالانہ کی یاد میں گلیوں کو سجایا گیا اور خصوصی وقارِ عمل کیا گیا تھا ۔

٭… یکم جنوری ۲۰۲۵ء کو برطانیہ سمیت دنیا بھر میں نئے سال کا استقبال روایتی جو ش و خروش سے کیا گیا۔ ایک طرف دنیا نے رنگارنگ محافل اور لائٹ شوز منعقد کیے وہیں جماعت احمدیہ مسلمہ نے حسبِ روایت دعاؤں، صدقات اور نوافل سے سال کا آغاز کیا۔ برطانیہ کے طول عرض سے ۱۵۰۰؍سے زائد احباب و خواتین اسلام آباد میں نمازِ تہجد اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی بابرکت اقتدا میں نمازِ فجر کی ادائیگی کے لیے تشریف لائے۔ کچھ احباب جو جلسہ سالانہ قادیان کے اختتامی خطاب میں شمولیت کے لیے بیرون ملک سے تشریف لائے تھےانہوں نے بھی اس بابرکت موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلام آباد میں نئے سال کا آغاز کیا۔ اسی طرح دنیا بھر کی احمدی جماعتوں نے اجتماعی و انفرادی نمازِ تہجد، نوافل اور خصوصی دعاؤں کے ساتھ ساتھ وقارِ عمل کا انعقاد کیا ۔ خدام ، اطفال اور انصار نے بڑے جوش و خروش سے سالِ نو کے آغاز کے مستقل پروگرام وقارِ عمل میں حصہ لیا۔

٭… غزہ میں سالِ نو کی شروعات پر بھی اسرائیلی فورسز کے حملے رُکنے کا نام نہیں لے رہے۔ غزہ میں جبالیہ اور بوریج کیمپ پر اسرائیلی فورسز کے تازہ حملوں میں دس فلسطینی شہید ہوگئے۔شدید بارش سے غزہ کے سینکڑوں عارضی شیلٹرز بھی زیرِ آب آگئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق خان یونس میں ایک سو سے زائد خیمے پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں پناہ گاہوں کے سامان کی فراہمی بھی روک دی ہے۔اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے ہسپتالوں پر اسرائیلی حملوں نے صحت کے نظام کو مکمل تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا ہے۔

٭… غزہ میں بارش اور سردی سے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔ غزہ میں شدید سرد موسم کے باعث سات شیر خوار بچے جاں بحق ہوگئے، غزہ میں فلسطینیوں کو صاف پانی اور شدید غذائی قلت کا سامنا ہے، اسرائیل نے غزہ میں کمبل اور خیموں کی سپلائی روک دی۔ وزارت صحت کے مطابق کمال عدوان ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں زخمی ایک اور نرس انتقال کر گئی۔

٭… ٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button