عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… امریکہ کے سابق صدر جمی کارٹر سو سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ جمی کارٹر ۱۹۷۷ءسے ۱۹۸۱ء تک امریکہ کے صدر رہے، ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔جمی کارٹر نے امن کا نوبیل انعام بھی حاصل کیا، صدارت کے عہدے کے خاتمے کے بعد انہوں نے انسانی حقوق کے لیے کام کیا۔ امریکہ کے سابق صدر جمی کارٹر یکم اکتوبر ۱۹۲۴ء کو ریاست جارجیا کے شہر plains میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنا بچپن جورجیا کے شہر آرچری میں گزارا۔ انہوں نے ۱۹۴۶ء میں امریکی نیول اکیڈمی سے گریجوایشن کی۔ اس کے بعد انہوں نے امریکی بحریہ میں ملازمت اختیار کی اور وہاں ایک آبدوز میں کام کیا۔وہ امریکی صدور میں سب سے زیادہ عمر پانے والے صدر تھے اور پہلے صدر تھے جنہوں نے سو سال کی عمر پائی۔

٭…اسرائیل کے چند گھنٹوں کے دوران غزہ سٹی کے تین ہسپتالوں پر حملے، الوفا ہسپتال پر حملے میں متعدد لوگ جھلس گئے۔ حملے میں کم از کم سات فلسطینی شہید ہوئے، جمعہ کو کمال عدوان ہسپتال کو آگ لگا کر اسرائیلی فوج نے ہسپتال ڈائریکٹر اور عملے سمیت سینکڑوں افراد کو قیدی بنالیا تھا۔عالمی امدادی اداروں نے ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب شدید سردی سے ٹھٹھر کر غزہ کا ایک اور نومولود دم توڑ گیا، اب تک پانچ بچوں کی ٹھنڈ سے اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

٭…چین میں کرپشن کے ملزمان سے تفتیش اور انہیں حراست میں رکھنے کے لیے ۲۰۰؍نئے حراستی مراکز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ۲۰۱۲ء سے اقتدار سنبھالنے والے صدر شی جین پنگ کے یہ اقدامات اس سلسلے کی کڑی ہیں جو انہوں نے کرپشن اور دھوکا دینے والوں کے خلاف شروع کیے ہیں، اب وہ کرپٹ افسرِ شاہی کے خلاف تیز رفتار مقدمات قائم کرنا چاہتے ہیں۔چینی صدر کی پارٹی اور افواج پر گرفت خاصی مضبوط ہے، اب وہ پبلک سیکٹر میں کرپٹ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔ چینی صدر نجی کاروباری اداروں، اسکولوں اور ہسپتالوں میں کرپٹ انتظامی شکنجہ کسنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ان حراستی مراکز کو مقامی زبان میں لیوہوزی کا نام دیا گیا ہے جہاں کرپشن کے ملزمان کو چھ مہینے تک حراست میں رکھا جا سکے گا۔

٭…سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی۔سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق منشیات جازان، عسیر اور نجران کے علاقوں سے پکڑی گئی ہے۔ سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ جازان، عسیر اور نجران سے منشیات کے ساتھ ۹۵۹؍اسمگلر زکو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ سرحدی حفاظتی نظام کی خلاف ورزی پر ۸۴۹؍یمنی باشندوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

٭…اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کا آپریشن کر کے پراسٹیٹ نکال دیا گیا ہے۔اسرائیلی وزیرِ اعظم کی سرجری ہسپتال کے کئی منزلہ زیرِ زمین وارڈ میں ہوئی۔انتہائی خوف کی وجہ سے نیتن یاہو کا زیرِزمین آپریشن کرنا پڑا۔آپریشن دو گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ اس دوران عبوری وزیرِ اعظم کے طور پر وزیرِ انصاف یاریو لیون نے ذمے داریاں سنبھالی ہوئی ہیں۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی عمر ۷۵؍سال ہے، ان کے دل میں گذشتہ سال پیس میکر نصب کیا گیا تھا۔مارچ ۲۰۲۴ء میں انہیں ہرنیا کی سرجری کےلیے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اسی سال انہیں فلو کے سبب چند دن کام سے غیر حاضر رہنا پڑا۔

٭…جنوبی کوریا کے جنوبی علاقے میں واقع موان ایئر پورٹ پر جنوبی کوریا کی یییو ایئر لائن کا طیارہ گذشتہ روز رن وے سے اتر کر اس کے گرد لگی باڑ سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔مسافر طیارے میں ۱۸۱؍ افراد سوار تھے جن میں سے اس حادثے میں اب تک ۱۷۹؍ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ عملے کے دو ارکان ایک خاتون اور ایک مرد کو بچا لیا گیا ہے۔ یییو ایئر لائن کے سی ای او کم ای بئے نے طیارہ حادثے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجہ سے قطع نظر، میں بطور سی ای او اس حادثے کی پوری ذمے داری لیتا ہوں۔ہم فی الحال صورتِ حال کی صحیح وجہ اور تفصیلات کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔حادثے کا شکار ہونے والا یہ طیارہ پندرہ سال سے کام کر رہا تھا اور ماضی میں اس کے کسی حادثے کا شکار ہونے کی کوئی تاریخ بھی موجود نہیں ہے۔

٭…شام میں حکومت کی تبدیلی کے بعد تیس ہزار سے زائد شامی شہری ترکیہ سے شام واپس پہنچ گئے جبکہ تیس لاکھ شامی پناہ گزین اب بھی ترکیہ میں مقیم ہیں ۔ ۲۰۱۱ء سے جاری خانہ جنگی کی وجہ سے لاکھوں پناہ گزین ترکیہ ہجرت کر گئے تھے ۔ترک وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مجموعی پناہ گزینوں میں تقریباً تیس فیصد ترکی میں ہی پیدا ہوئے ہیں۔ترکیہ حلب میں اپنا قونصل خانہ بھی دوبارہ کھولے گا۔

٭…برطانیہ میں نئے سال ۲۰۲۵ء کا آغاز ٹھٹھرتے ہوئے ہوگا، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے ییلو وارننگ جاری کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق برطانیہ کے بیشتر حصوں میں سال نو کے موقع پر بارش اور برف باری ہوگی، اندازہ ہے کہ ستر میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سرد ہوائیں چلیں گی۔ منگل سے شمالی انگلینڈ، ناردرن آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے بعض حصوں کے لیے محکمہ موسمیات نے ییلو وارننگ جاری کردی۔ سال نو پر ملک بھر میں مسافروں کو سرد موسم کے باعث مشکلات کا سامنا رہے گا۔ منگل کو مغربی اسکاٹ لینڈ میں ساڑھے پانچ انچ تک بارش ہونے اور سیلاب کا خدشہ ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button