افریقہ (رپورٹس)

نائیجر کے مارادی ریجن کے ایک گاؤں ’’لیکوندوما‘‘ میں مسجد کا افتتاح

نائیجر کے چاڈوا قصبے سے جنوب کی جانب تقریباً ۱۳؍کلومیٹر کے فاصلہ پر ’’لیکوندوما‘‘ گاؤں واقع ہے۔ اس گاؤں کے لوگ بارہ سال قبل بیعت کرکے جماعت میں داخل ہوئے۔ اس جماعت میں ایک پرانی کچی مسجد انتہائی خستہ حالت میں تھی جس میں گاؤں والوں کے ليے نمازیں ادا کرنا بھی مشکل ہو گیا تھا اور ہر سال بارانی موسم میں خوف رہتا تھا کہ یہ مسجد گر نہ جائے۔ چنانچہ جولائی ۲۰۲۴ء میں یہاں جماعت کی طرف سے مسجد کی تعمیر کے ليے زمین کا ایک قطعہ جماعت کے نام کیا گیا اور اگلے ماہ اگست ۲۰۲۴ء میں مسجد کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا۔

مسجدکی تعمیرکےدوران لیکوندوما کے خدام و انصار نے محنت اور اخلاص سے وقارعمل کے ذریعہ مسجد کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کیا۔ باوجود اس کے کہ یہ گاؤں سڑک سے دور اور دَور جدید کے وسائل سے محروم ہے لیکن اس مسجد کی تعمیر کے دوران پیش آنے والے متعدد مشکل مراحل کو لیکوندوما جماعت کے افراد نے عزم و حوصلہ سے عبور کیا۔ فجزاہم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء

نومبر میں اس مسجد کی تعمیر کا کام اپنے اختتام کو پہنچا۔ مسجد کی تکمیل کے بعد علاقے کے احمدی جماعتوں اور علاقے کے دیگر غیر احمدی و با رسوخ افراد تک مسجد کی تعمیر و افتتاح کی تقریب کے دعوت نامے پہنچانے کا کام شروع کیا گیا۔ چنانچہ مورخہ ۲۹؍نومبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک اس مسجد کے افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے ليے مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ نائیجر کے ہمراہ نیشنل عاملہ کے بعض عہدیداران نیامے تشریف لائے۔ نماز جمعہ سے کچھ دیر قبل مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور احباب جماعت لیکوندوما کو بعض گزارشات کیں جس کے بعد آپ نے مکرم صالح موسیٰ صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ نائیجر کو اس تقریب کی بقیہ کارروائی کی صدارت کے ليے مقرر کیا اور آپ تساوا ریجن کی ایک جماعت کی طرف روانہ ہو گئے جہاں ایک اَور مسجد کے افتتاح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

نماز جمعہ کے بعد مکرم نائب امیر صاحب نے علاقہ کے معززین کو اپنے خیالات کے اظہار کے ليے دعوت دی جس پر علاقہ کے کچھ احمدی و غیر از جماعت امام اور چیفس نے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد مکرم نائب امیر صاحب نے دعا کروائی اور یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ بعدازاں مکرم صدر جماعت لیکوندوما لاولی صاحب کی طرف سے اس تقریب میں شامل ہونے والوں کے اعزاز میں تیار کردہ ظہرانہ پیش کیا گیا جس کے بعد تمام مہمان واپس لوٹ گئے۔

اس تعمیر کردہ مسجد کا مسقف حصہ ۱۰۴؍مربع میٹر ہے جو کہ محراب اور مسجد میں موجود ایک چھوٹے سٹور روم کے علاوہ ہے۔ مسجد کی دائیں جانب ایک مینارہ ہے جو چھت سے تین میٹر بلند ہے۔ اس کے علاوہ مسجد کا ایک چھوٹا سا صحن بھی بنایا گیا ہے جہاں مستورات کے ليے نماز کی جگہ اور بچوں کی کلاسز کا اہتمام کیا جائے گا، ان شاءاللہ۔ مسجد کے اندر ۲۰۰؍کے قریب افراد کے ليے نماز پڑھنے کی جگہ ہے۔

افتتاح کی اس تقریب میں ۷۰۰؍سے زائد احباب نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button