ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ میانمار کے ساٹھویں (۶۰)جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد

٭… باجماعت نماز تہجد، پنجوقتہ نمازوں نیز علمی و روحانی تقاریر کا اہتمام

٭…نومبائعین کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس

٭…۱۷۳؍احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ میانمار کو اپنا ساٹھواں جلسہ سالانہ مورخہ۸؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز اتوار رنگون مسجد میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ حسب معمول جلسہ کا آغاز صبح باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ دس بجے باقاعدہ جلسہ کی کارروائی کا آغاز نیشنل صدر جماعت برما مکرم ٹی محمد صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو کہ مکرم ہدایت اللہ صاحب معلم سلسلہ نے کی۔ قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ ’’يَا عَيْنَ فَيْضِ اللّٰهِ وَ الْعِرْفَانِ‘‘ مکرم فہیم احمد صاحب نے خوش الحانی سے پیش کیا۔ بعدازاں مکرم ابراہیم صاحب جنرل سیکرٹری نے سال بھر کی جماعت کی کارگزاری رپورٹ پیش کی۔

بعدہٗ مکرم عطاء الکلیم صاحب معلم سلسلہ نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کی عصر حاضر کے متعلق تبشیری اور انذاری پیشگوئیاں اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ پر اور ایک نظم کے بعد خاکسار (مبلغ انچارج برما) نے ’’جلسہ سالانہ کی اہمیت اورمقاصد‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔

بعد ازاں تربیتی پروگراموں میں حصہ لینے والے اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ معاً بعد مکرم نیشنل صدر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر کے بعد دعا کروائی۔ نماز ظہر اور عصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

الحمدللہ، یہ جلسہ سالانہ بہت کامیاب رہا۔ ملکی حالات خراب ہونے کی وجہ سے غیراز جماعت احباب کو دعوت نہیں دی گئی۔ البتہ جلسہ کی تمام کارروائی آن لائن نشر کی گئی جسے کثیرتعداد میں احباب نے دیکھا اور سنا۔

جلسہ سالانہ کے بابرکت موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نومبائعین کے ساتھ ایک مختصر اجلاس منعقد کیا گیا جس میں بیعت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا نیز نو مبائعین کو بھی اظہار خیال کرنے کا موقع دیا گیا۔ نومبائعین نے دلچسپی کے ساتھ جماعت سے تعلق کے نتیجہ میں جو پاک تبدیلیاں پیدا ہوئیں وہ بیان کرتے ہوئےآئندہ مزید مثبت تبدیلی پیدا کرنے کے ارادہ کا اظہار کیا۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ ایساہی ہو۔ آمین

امسال جلسہ پر۱۷۳؍احباب شامل ہوئے جبکہ ۲۲۷ احباب نے آن لائن شرکت کی۔ اس لحاظ سے کل حاضری ۴۰۰ رہی۔ الحمد للہ

(رپورٹ:محمدسالک۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button