افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ برکینافاسو کا تبلیغی اور تربیتی پروگرام ’’شہر انصار‘‘ (Ville Ansarullah)

(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینافاسو)

مکرم اعجاز احمد صاحب ریجنل مبلغ بورومو، برکینافاسو تحریر کرتے ہیں کہ مجلس انصار اللہ برکینا فاسو ہر سال ایک تبلیغی و تربیتی پروگرام منعقد کرتی ہے۔ سال کے شروع میں ایک شہر منتخب کر کے وہاں کے انصار کو اس پروگرام کی تیاری کا موقع دیا جاتا ہے۔ مقررہ تاریخوں پر ملک بھر سے انصار وہاں پہنچتے ہیں اور تین دن قیام کر کے تبلیغی اور تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ اس کا مقصدمتعلقہ شہر کی آبادی کو اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانا ہے۔ امسال اس سلسلہ کا آٹھواں پروگرام منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا نام Ville Ansarullah یعنی ’’شہرانصار‘‘ رکھا گیا۔

امسال اس پروگرام کے ليے بورومو شہر کا انتخاب کیا گیا تھا جہاں یہ پروگرام مورخہ ۱۵تا۱۷؍نومبر۲۰۲۴ء کو منعقد ہوا۔ بورومو شہر میں اس کی اطلاع ریڈیو اور لوکل مشنریز کے ذریعے تمام مجالس میں کی گئی۔ کچھ قافلے بروز جمعرات ہی بورومو شہرپہنچ گئے اور باقی وفود نماز جمعہ میں شامل ہوئے۔ پروگرا م کا آغاز جمعۃ المبارک کی صبح نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد ’’نماز‘‘ کے موضوع پر درس دیا گیا۔ پھر انصار نے مل کر تقسیم کیے جانے والے پمفلٹس کو فولڈ کیا اور ان کےبنڈل بنا لیے گئے۔

صدر مجلس انصار اللہ برکینافاسو مکرم ودراگو الیاس (Ouedraogo Ilyasi) صاحب نےاپنے وفد کے ساتھ بورومو شہر کے چیف اور ہائی کمشنرسے ملاقات کی اور ان کو اس پروگرام کا مقصد بتایا۔ آپ نے کہا کہ ہمارے اس پروگرام کا اولین مقصد معاشرے میں امن قائم کرنا ہے اور لوگوں کو بتانا ہے کہ ہر مذہب کا احترام کرنا ہر ایک پر واجب ہے۔

اس کے بعد نماز جمعہ و عصر ادا کی گئیں۔ پھر سب احباب جماعت نے ایم ٹی اے کے ذریعے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ شام چار بجے افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کا انتظام شہر میں ایک لائبریری کے پاس کیا گیا تھا۔ مکرم کابورے سلیمان صاحب نائب امیر جماعت برکینافاسو کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد صدر مجلس انصار اللہ برکینافاسو نے اس پروگرام کے نام ’’شہر انصار‘‘ کا مقصد بتایا اور شاملین کو اس سرگرمی میں بھرپور حصہ لینے کی تلقین کی۔ پھر مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا جس میں نمائندہ چیف، نمائندہ امام اور ہائی کمشنر شامل تھے۔ آخر پرنائب امیر صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دعا کروائی۔

مہمانوں نے جماعتی کتب کی نمائش کا دورہ کیا۔ کچھ کتابیں مہمانوں کو تحفۃً بھی دی گئیں۔ نماز مغرب وعشاء کے بعد حفظان صحت کے حوالے سے ایک پروگرام کیا گیا جس میں شاملین کو صحت کے متعلق بنیادی باتیں بتائی گئیں نیز انصار کو اپنی زندگیوں میں ورزش کو ایک لازمی حصہ بنانے پر زور دیا گیا۔

اگلے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد ’’انفاق فی سبیل اللہ‘‘ کے موضوع پر درس ہوا۔ پھر انصارگروپس کی شکل میں شہر میں پمفلٹس تقسیم کرنے کے لیے نکل پڑے اور دوپہر تک اس کار خیر میں مصروف رہے۔ ساتھ ہی لوگوں کو رات کو ہونے والی تبلیغی نشست کی دعوت بھی دی۔ نماز عصر کے بعد مکرم محب اللہ صاحب ریجنل مشنری کدگو نے اس سال کے مرکزی موضوع ’’موجودہ ملکی حالات میں انصار کا کردار‘‘ پر تقریر کی۔

نماز مغرب وعشاء کے بعد تبلیغی نشست کا آغاز ہوا۔ مقررین نے جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا اور لوگوں کو جماعت احمدیہ کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ ’’جماعت احمدیہ اور دیگر مسلمانوں میں کیا فرق ہے‘‘ اس بارے اور امام مہدی کی بیعت کےبارے میں بھی بتایا۔ آخر میں شاملین کے سوالات کے جواب دیے گئے۔ اس نشست میں ۲۰۰؍کے قریب احباب شامل ہوئے۔

تیسرے اور آخری دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا اور ’’انصار اللہ‘‘ کے موضوع پر درس ہوا۔ اس کے بعد اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر مجلس انصار اللہ برکینافاسو نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ پھر مجلس ہیراڈوگو کو، جہاں حالیہ بارشوں کی وجہ سے ان لوگوں کے گھر گرگئے تھے، مجلس انصاراللہ برکینافاسو کی طرف سے چاولوں کا تحفہ پیش کیاگیا۔ آخر پر مکرم کابورے سلیمان صاحب نائب امیر نے انصار کو چند نصائح کیں اور دعا کروائی۔ امسال ’’شہر انصار‘‘ کے پروگرام میں ۱۴؍ریجنز کے ۱۲۳؍انصار نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو کے سولہویں سالانہ نیشنل اجتماع کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button