متفرق مضامین

بند گوبھی۔ بہترین سلاد اور جوس

صحت کو قائم رکھنے اور کئی بیماریوں سے بچنے کے لیے ماہرین کی جانب سے سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بطور سبزی اور سلاد تجویز کیا جاتا ہے۔ ایسی کئی سبزیاں ہیں جن کو استعمال نہ کرنے سے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ ان کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے صحت پر مثبت اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔

غذائی ماہرین کی جانب سے سبز رنگ اور پتے والی سبزیوں کو استعمال کرنے پر زور دیا جاتا ہے۔ بند گوبھی کا شمار بھی انہی سبزیوں میں ہوتا ہے، کیونکہ بند گوبھی میں مفید غذائی اجزا کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ ایک کپ (۸۹؍گرام) بند گوبھی میں ۲۲؍کیلوریز، ۱؍گرام پروٹین، ۲؍گرام فائبر، وٹامن K، وٹامن C، فولیٹ، میگنیز، وٹامن B6، کیلشیم، پوٹاشیم اور میگنیشیم پائے جاتے ہیں۔

بند گوبھی کو زیادہ تر سلاد کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جب کہ کچھ لوگ اسے پکا کر بھی کھاتے ہیں۔ لیکن اس کو استعمال کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ اس کو سلاد میں ہی استعمال کیا جائے، کیوں کہ پکانے سے اس کے غذائی اجزا ختم ہو سکتے ہیں۔ بہترین ذائقے کے لیے آپ بند گوبھی کو کاٹ کر رائتے میں شامل کر سکتے ہیں۔

بند گوبھی ان افراد کے لیے نہایت مفید ثابت ہو سکتی ہے جو موٹاپے کا شکار ہیں یا ڈائٹنگ پر ہیں۔ اس میں کولیسٹرول نہیں پایا جاتا جب کہ کیلوریز کی مقدار بھی کم ہوتی ہے، اس لیے یہ وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

پکی ہوئی بند گوبھی میں تینتیس کیلوریز جبکہ کچی میں اس سے بھی کم کیلوریز پائی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سبزی میں چکنائی کی مقدار بہت کم ہوتی ہے اور فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو کہ وزن گھٹانے کے لیے بہت مفید ہے۔

بند گوبھی کو السر کی شدت کو کم کرنے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ بند گوبھی میں وٹامن سی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے، اس لیے اسے ایچ پائلوری کا بہترین علاج سمجھا جاتا ہے۔ کچھ طبی تحقیقات کے مطابق بند گوبھی کے جوس میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو ہاضمہ کے مختلف السر کے خطرات کو کم کرتی ہیں۔ ایک اور طبی تحقیق کے مطابق بند گوبھی کا جوس السر کی ادویات کی نسبت زیادہ مؤثر طریقے سے کام کرتا ہے۔

ہاضمہ کے مختلف مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے بند گوبھی مدد گار ثابت ہو سکتی ہے اس سبزی میں پانی اور فائبر وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جن کی وجہ سے قبض جیسی علامات میں کمی آنا شروع ہوتی ہے اور ہاضمہ کا نظام بہتر طریقے سے کام کرنے لگتا ہے۔

وٹامن Kکا شمار ان وٹامنز میں کیا جاتا ہے جو جسمانی افعال سر انجام دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جسم میں وٹامن کے کی کمی کی وجہ سے خون کے ضائع ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ بند گوبھی میں وٹامن کے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، یہ سبزی جسم کو وٹامن کے کی مطلوبہ مقدار کا پچاس فیصد مہیا کرتی ہے۔

اگر آپ اپنے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو بند گوبھی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنا شروع کر دیں۔ اس کے استعمال سے آپ کا مدافعتی نظام مضبوط ہو گا اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں مدد ملے گی۔

یہ مضمون معلوماتِ عامہ کے لیے ہے۔ کسی بھی چیز کے مستقل استعمال سے قبل ماہرِغذائیت سے رابطہ کریں۔

(بحوالہ مرہم ڈاٹ پی کے)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button