ہالینڈ کے شہر Leiden میں تبلیغی مہم
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ہالینڈ کو Leiden شہر میں مورخہ ۱۲؍اکتوبر کو ایک تبلیغی مہم کے اہتمام کی توفیق ملی۔ اس مہم کے ذریعے مختلف طریقوں سے عوام تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کا موقع ملا۔ مہم کا آغاز ایک معلوماتی سٹال کے ذریعے کیا گیا جس دوران لوگوں سے مختلف موضوعات پر گفتگو کرنے کا موقع ملا۔ اس کے ساتھ ساتھ پمفلٹس اور پوسٹرز بھی تقسیم کیے گئے۔ نیز ایک پریس ریلیز بھی جاری کی گئی جس سے چار مختلف میڈیا ذرائع سے کوریج حاصل ہوئی۔ مہم کے ایک اہم حصے کے طور پر ایک خصوصی ویب سائٹ بنائی گئی۔ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی مہم کی تشہیر کی گئی جس سے آن لائن لوگوں تک رسائی حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ لائیڈن لائبریری میں ایک لیکچر پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ۶۰؍غیر از جماعت مہمان شریک ہوئے جن میں لائیڈن کونسل کےمیئر کے نمائندہ بھی شامل تھے۔ اس پروگرام کے ذریعے مہم کو مزید اہمیت اور مقامی حمایت حاصل ہوئی۔
لیکچر کے دوران متعدد ماہرین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا:
• Prof. Dr. Gerard Wiegers ایمسٹرڈم یونیورسٹی کے پروفیسر برائے تقابلی مذہبی مطالعہ نے موضوع پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
• Armand Sag ترک سٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کے محقق اور مؤرخ نے لائیڈن کے محاصرے اور اسلامی دنیا کے اثرات پر بات کی۔
• Dr. Abdulhaq Compierمحقق برائے اسلام اور یورپ اور جماعت احمدیہ ہالینڈ کے ڈچ ڈیسک کے انچارج نے تاریخی تناظر میں اسلام کے کردار پر اظہار خیال کیا۔
اس پروگرام کی میزبانی Prof. Umar Ryad نے کی جو یونیورسٹی آف لوون میں عربی اور اسلامی مطالعات کے پروفیسر ہیں۔
پروگرام میں ایک دلچسپ مجلس سوال و جواب بھی ہوئی جس میں شرکاء نے مختلف سوالات کیے۔
اس پروگرام میں کُل ۸۵؍افراد نے شرکت کی جن میں ۶۰؍غیر از جماعت مہمان شامل تھے۔ شرکاء میں لائیڈن یونیورسٹی کے طالب علم، ترک کمیونٹی کے افراد، مقامی سیاستدان اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔
اللہ تعالیٰ اس تبلیغی مہم کے مثبت اور نیک نتائج پیدا فرماے۔ آمین
(رپورٹ:عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)