جماعت احمدیہ مالٹا کی سالانہ نیشنل بک فیسٹیول میں شرکت
خداتعالیٰ کے بےحد فضل و احسان سے جماعت احمدیہ مالٹا کو امسال بھی بھرپور طور پر مالٹا کے سالانہ نیشنل بک فیسٹیول ۲۰۲۴ء میں شرکت کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔
امسال بک فیسٹیول مورخہ ۶تا۱۰؍نومبر۲۰۲۴ء مالٹا کی سب سے بڑی بین الاقوامی کانفرنس اور نمائش کے مقام MFCC میں منعقد ہوا۔ امسال بھی بڑی تعداد میں سٹال لگائے گئے تھے اور زائرین کی تعداد بھی ہزاروں میں تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت کو ہال کے درمیان میں بہت ہی نمایاں جگہ پر سٹال لگانےکی جگہ ملی۔ قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ، ریویو آف ریلیجنز، دوران سال شائع ہونے والے مالٹی تبلیغی رسالہ Id-Dawlکے شمارہ جات اور مقامی مالٹی زبان میں شائع ہونے والا لٹریچر جماعتی بک سٹال کی زینت بنا۔
دنیا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قیام امن کے حوالے سے خطابات پر مشتمل کتب لوگوں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہیں۔
جماعتی بک سٹال پر آنے والے لوگوں سے مختلف موضوعات پر تفصیل سے بات ہوئی۔ اسلام احمدیت سے متعلق ان کے سوالات کے جواب دینے کی بھی توفیق ملی۔ کئی نئے رابطے قائم ہوئے جن میں مالٹا میں فرانس کے سفارت خانہ کے میڈیا آفیسر بھی شامل ہیں جن کے ساتھ اسلام احمدیت سے متعلق کئی موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مالٹا کے وزیر تعلیم نے بھی جماعتی بک سٹال کا دورہ کیا۔ ان سے بھی گفتگو ہوئی اور انہیں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی کئی معروف شخصیات کو بھی جماعتی لٹریچر پیش کیا گیا۔
جماعت احمدیہ واحد مذہبی جماعت تھی جس نے اس بک فیسٹیول میں شرکت کی جو جماعت کے تعارف میں وسعت، جماعتی خدمات اورقیام امن کے ليے جماعتی کاوشوں کے اظہار، مقامی زبان کی خدمت اور تبلیغ اسلام احمدیت کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوئی۔ اسی طرح بک فیسٹیول کے دوران چار ہزار سے زائد جماعتی لٹریچر تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
بک فیسٹیول کے دوران دو انصار، چھ خدام، تین ممبرات لجنہ اماءاللہ، ایک ناصرہ اور ایک زیر تبلیغ مسلمان دوست نے وقت دیا اور خدمت کی توفیق پائی۔ سب خدمت کرنے والوں نے اس بک فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے ليے بہت محنت اور لگن سے اپنے فرائض سرانجام دیے۔
اللہ تعالیٰ ہماری ان حقیرکاوشوں کے بابرکت ثمرات عطا فرمائے، ہمارے قول و بیان میں تاثیر پیدا کرے، لوگوں کے دل قبول اسلام احمدیت کے ليے کشادہ فرمائے اور ہمیں بیعتوں سے نوازے۔ آمین اللّٰہم آمین
(رپورٹ:لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)