عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔سابق ٹرمپ کے نامزد ایلچی برائے مشرق وسطیٰ ،اسٹیووٹکوف نے قطری اور اسرائیلی وزرائے اعظم سے نومبر میں ملاقات کی ہے۔ ایک امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے نامزد ایلچی برائے مشرقِ وسطیٰ ان کی حلف برداری سے قبل غزہ و اسرائیل کی جنگ بندی کا عاہدہ چاہتے ہیں۔امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ بائیڈن ٹیم نے ٹرمپ کی ٹیم کو غزہ مذاکرات سے متعلق آگاہ کر دیا ہے، لیکن دونوں فریق براہِ راست ایک ساتھ کام نہیں کر رہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیو وٹکوف ۲۰؍جنوری کو ٹرمپ کی حلف برداری سےقبل جنگ بندی معاہدہ چاہتے ہیں۔

٭…غزہ میں ۷؍اکتوبر۲۰۲۳ء کو شروع ہونے والی اسرائیلی افواج کی بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہداء کی تعداد پچاس سے تجاوز کر گئی۔ غزہ کے المواصی پناہ گزین کیمپ پر بم باری کے نتیجے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں میں آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں ۲۰؍سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔ غزہ کے المواصی پناہ گزین کیمپ کے خیموں میں چودہ سے زائد فلسطینی خاندان موجود تھے۔دریں اثناء مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔یو این کی جنرل اسمبلی کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری ظلم و ستم کا خاتمہ ہونا چاہیے، سلامتی کونسل مفلوج ہو چکی ہے، عالمی امن و سلامتی کی بنیادی ذمے داری پوری کرنے سے قاصر ہے۔یو این جنرل اسمبلی کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری ظلم و ستم کا خاتمہ ہونا چاہیے، سلامتی کونسل مفلوج ہو چکی ہے، عالمی امن و سلامتی کی بنیادی ذمے داری پوری کرنے سے قاصر ہے۔مزید برآں لبنان جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں تین چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں۔

٭…جمعرات کی صبح لاہور اور گجرات کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔۔اس کے علاوہ جہلم شہر اور گردونواح سمیت کمالیہ ، خانیوال، چیچہ وطنی، بھلوال،چنیوٹ،حافظ آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کے بعد لوگوں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا اور بعض مقامات پر لوگ عمارتوں اور گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلے کی شدت 5.1 رکارڈ، مرکز کھاریاں کے قریب ۱۵؍کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ۵.۲ اور زیر زمین گہرائی دس کلو میٹر ریکارڈ گئی جب کہ پاکستانی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق شدت ۵.۱ ریکارڈ کی گئی، تاہم نقصانات کے حوالے سے تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔

٭…بٹ کوائن کی قیمت تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کرپٹو کرنسی کے حق میں حمایت کےاعلان کے بعد دیکھا گیا۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کو دنیا کا کرپٹو دارالحکومت بنانے کا وعدہ کیا ہے اور اب ان کی کامیابی کے بعد یہ امید کی جا رہی ہے کہ ان کی حکومت کرپٹو کرنسی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button