اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ارتحال

عبدالسمیع صاحب کارکن دفتر جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ یوکے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے چچا چودھری محمد سلیم صاحب ابن چودھری محمد عبداللہ مرحوم آف محمد آباد سٹیٹ ضلع عمر کوٹ حال مقیم ربوہ مورخہ ۱۱؍نومبر۲۰۲۴ء بروز سوموار بعمر۶۴؍سال بقضائے الٰہی وفات پا گئے ۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحوم موصی تھے، جماعت اور خلافت سے نہایت عقیدت رکھنے والے، اطاعت گزار، صوم و صلوٰۃ کے پابند، نیکیوں میں بڑھنے والے، نہایت ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔ مرکزی مہمانوں اور جماعتی نمائندوں کی خدمت کا کوئی موقع ملتا تو اسے اپنی خوش قسمتی سمجھتے۔

تقریباً آٹھ سال چک نمبر۱۵۱ ضلع میر پور خاص میں بطورصدر جماعت احمدیہ خدمت کی توفیق پائی۔ اس کے علاوہ سیکرٹری دعوت الی اللہ، سیکرٹری مال، سیکرٹری وقف نو اور سیکرٹری تعلیم کے طور پر بھی جماعتی خدمات کی توفیق پائی۔

مورخہ ۱۴؍ نومبر بروزجمعرات ربوہ میں مکرم مسعود احمد شاہد صاحب مربی سلسلہ آسٹریلیا نے نماز جنازہ پڑھائی اور بہشتی مقبرہ ربوہ میں تدفین عمل میں آئی۔ بعدازاں مسجد بیت الفتوح لندن میں نیز جرمنی اور کینیڈا میں بھی نماز جنازہ غائب ادا کی گئی۔

پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور دو بیٹے سوگوارچھوڑے ہیں۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور افراد خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ آمین

ایک احمدی کا اعزاز

عرفان احمد خان صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی ایک احمدی کا اعزاز بیان کرتے ہوئے تحریر کرتے ہیں کہ جرمنی کا صوبہ ہیسن ۲۱؍اضلاع پر مشتمل ہے۔ ضلع گروس گیراؤ جس میں جماعت احمدیہ کے دو اہم سنٹرزناصر باغ اور جامعہ احمدیہ واقع ہیں کی آبادی تین لاکھ ہے۔ چار سو ترپن مربع کلو میٹر کے علاقہ پر محیط اس ضلع کے ۱۴؍دیہات میں ۱۲۰؍قومیتوں کے لوگ آباد ہیں۔ معاشرے کے افراد میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ان کو معاشرے کے ليے کارآمد بنانے کے ليے مختلف اوقات میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سکیموں کا اجرا کیا جاتا ہے جن میں بھر پور تعاون کرنے والے افراد اور سوسائٹیز کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا جاتا ہے۔ ضلع گروس گیراؤ کی انتظامیہ نے ۱۹۹۷ء میں اپنے ضلع میں بھر پور تعاون کرنے والوں کےليے ’Come-Together-Preis‘ کا آغاز کیاتھا جو ہر سال ضلع کے ۱۴؍دیہات میں نمایاں تعاون کرنے والے افراد کو دیا جاتا ہے۔ ۲۰۲۴ء کے لیے ضلع کے پانچ افراد اور دو تنظیموں کو ’Come-Together-Preis‘ کا حقدار ٹھہرایا گیا۔ ان میں احمدی نوجوان عزیزم ملک کامران احمد ابن ارشد شہباز احمد صاحب بھی شامل ہیں۔ عزیزم کو اپنے گاؤں Raunheim میں بیس سالہ سماجی خدمت کے اعتراف کے طور پر یہ انعام مورخہ ۱۱؍نومبر ۲۰۲۴ءکو ۸۰؍معزز مہمانوں کی موجودگی میں گروس گیراؤ کے سرکاری ہال میں ہونے والی خصوصی تقریب میں دیا گیا اور تعارف میں بتایا گیا کہ ملک کامران صاحب نے چیریٹی واک اور بین المذاہب مکالمہ کو آرگنائز کرنے میں خدمت سر انجام دی ہے۔ یاد رہے کہ یہ دونوں امور جماعت Raunheim اور مجلس انصاراللہ کی زیر نگرانی سر انجام دیے جاتے ہیں جس میں احباب جماعت کا بھرپور تعاون شامل ہوتا ہے۔

انعامات کی تقریب کو مقامی اخبار نے بہت نمایاں کرکے شائع کیا۔

ملک کامران احمد صاحب انعام وصول کرتے ہوئے

اللہ تعالیٰ یہ انعام ملک کامران احمد صاحب کے لیے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button