مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کی مجلس شوریٰ ۲۰۲۴ء کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کو مورخہ ۲۸؍ستمبر ۲۰۲۴ء کواپنی مجلس شوریٰ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
مجلس شوریٰ کے پہلے اجلاس کی کارروائی مکرم ملک شاہد اقبال صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہدسےشروع ہوئی۔ اجلاس کے آغاز میں مکرم عارف محمود کاہلوں صاحب نے خلفاء کرام کے ارشادات کی روشنی میں تمام نمائندگان کو شوریٰ کےطریق کار اور آداب بتائے۔ پھر مکرم صدر صاحب نے مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کی کارکردگی پر مشتمل سالانہ رپورٹ پیش کی اور نیشنل مجلس عاملہ، تمام قائدین مجالس اور اراکین شوریٰ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں گذشتہ سال مجلس شوریٰ کی منظور شدہ تجاویز مع کارگزاری رپورٹ تعمیل و تنفیذ پیش کی گئی۔ بعد ازاں مکرم خواجہ حسان مبشر صاحب مہتمم مال نے مالی بجٹ برائے سال ۲۰۲۴ء – ۲۰۲۵ء پیش کیا جس پر سیر حاصل بحث اور غورو فکر کے بعد مجلس شوریٰ نے متفقہ طور پر بجٹ کو بغرض منظوری و راہنمائی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں پیش کرنے کی سفارش کی۔ اس کے بعد احباب کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا اور نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔
دوپہر تین بجے دوسرا اور آخری اجلاس مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد ایجنڈے کے مطابق نئے صدر مجلس کا انتخاب ہوا۔ اس سلسلے میں مبلغ انچارج صاحب نے انتخاب سے متعلق قواعد پیش کیے جس کے بعد آپ نے خدام الاحمدیہ کے قیام کی اغراض و مقاصد مختصراً پیش کرتے ہوئے خدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ انتخاب کے بعد دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ انتخاب کی کارروائی منظوری کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت ِبابرکت میں ارسال کی گئی جس پر حضور ِانور نے ازراہ شفقت مکرم محمد فائز احمد خان صاحب مربی سلسلہ کی بطورصدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ منظوری عنایت فرمائی۔ الحمدللہ
(رپورٹ: صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)