اطلاعات و اعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
درخواستہائے دعا
٭…نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ محمد جمال الدین صاحب آف چٹاگنگ ڈینگی بخار کا شکار ہیں۔ ان کی دونوں بیٹیاں بھی شدید بخار میں مبتلا ہیں اور اس سے قبل ان کی اہلیہ اور بیٹا بھی ڈینگی بخار کا سامنا کر چکے ہیں۔
٭…ملک محمود احمد صاحب دفتر الفضل انٹرنیشنل لندن تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بھائی مکرم ملک سلطان احمد صاحب مقیم جرمنی چند ہفتوں سے علیل ہیں نیز اُن کے برادر نسبتی ملک الطاف حسین قاسم صاحب ابن ملک محمد حسین صاحب مقیم امریکہ بھی آج کل علیل ہیں اور قوت گویائی بھی متاثر ہے۔
احباب جماعت سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مریضان کو اور ان کے اہل خانہ کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔ آمین
سانحہ ارتحال
ڈاکٹر عبدالحلیم صاحب (واقف زندگی) انچارج احمدیہ مسلم کلینک سنکور (Sinkor)، لائبیریا تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی خوش دامن مکرمہ ناصرہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم حبیب احمد سیٹھی صاحب (نصرت آباد اسٹیٹ، ضلع میر پور خاص) مورخہ ۳۰؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء کو بعمر ۸۵؍ سال ہارٹ اٹیک کے باعث کراچی میں وفات پاگئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
مورخہ ۳۱؍ اکتوبر۲۰۲۴ء کو آپ کی نماز جنازہ مکرم کلیم اللہ باجوہ صاحب مربی سلسلہ نے پڑھائی۔ مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ آپ کی تدفین بہشتی مقبرہ توسیع نصیر آباد ربوہ میں عمل میں آئی۔ قبر تیار ہونے پر اجتماعی دعا کرائی گئی۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو چھ بیٹے اور ایک بیٹی سے نوازا۔ آپ کی بیٹی(اہلیہ خاکسار) مکرمہ عفت حلیم صاحب نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ لائبیریا کے طور پر خدمت کی توفیق پارہی ہیں۔
مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پنجوقتہ نمازوں کی پابند، دعا گو اور باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی تھیں۔ رمضان المبارک میں قرآن کریم کی تلاوت کا خاص اہتمام کرتیں اور کئی دور مکمل کرنے کی توفیق پاتیں۔ نہایت ملنسار، خوش مزاج، ہر ایک سے محبت و شفقت سے پیش آنا، واقفین زندگی کی بیگمات اور ان کے بچوں سے پیاراورمہمان نوازی مرحومہ کے نمایاں اوصاف تھے۔ حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے نواسے مکرم نواب مصطفیٰ احمد خان صاحب جب بھی نصرت آباد اسٹیٹ کے دورہ پر تشریف لاتے ان کی مہمان نوازی کا اہتمام خود کرتیں۔
مکرمہ ناصرہ بیگم صاحبہ ۲۰۰۷ء سے باقاعدگی سے لائبیریا آرہی تھیں۔ ۲۰۰۸ء میں جلسہ سالانہ گھانا میں شمولیت کی توفیق ملی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا شرف بھی حاصل ہوا۔ گذشتہ دو سال سے لائبیریا میں مستقل سکونت اختیار کرلی تھی۔ مقامی احمدی خواتین سے بھی دو طرفہ محبت کا ایک خاص رشتہ تھا۔ مولانا نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا نے یکم نومبر ۲۰۲۴ء کو مرحومہ کی غائبانہ نماز جنازہ مسجد بیت المجیب منروویا میں پڑھائی۔
احباب جماعت سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ سے مغفرت اور رحم کا سلوک فرماتا چلا جائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائےاور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین(مرسلہ:فرخ شبیر لودھی، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لائبیریا)