یورپ (رپورٹس)

شمالی مقدونیہ میں مختلف جماعتی سرگرمیاں

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ شمالی مقدونیہ کو ماہ ستمبر و اکتوبر ۲۰۲۴ء میں مختلف پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان پروگراموں کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

جلسہ سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم: مورخہ ۲۲؍ستمبر ۲۰۲۴ءکوPehcevo شہر کی مسجد میں جلسہ سیرۃ النبیﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ اس جلسہ میں چار مختلف شہروں سے احمدی اور غیراز جماعت احباب نے شرکت کی۔ شمالی مقدونیہ میں بہت سے غیر احمدی حضورﷺکا یوم ولادت انتہائی مبالغہ آمیز انداز میں موسیقی اور رقص کے ساتھ مناتے ہیں۔ اس لیے جلسہ کا موضوع ’’کیا مسلمانوں کو عید میلاد النبیﷺمنانا چاہیے؟‘‘ رکھا گیا۔ جلسہ کے موضوع کی مناسبت سے جماعت احمدیہ میں جلسہ ہائے سیرۃالنبیﷺ منانے کا مقصدبتایا گیا اور بتایا گیا کہ آپﷺ کا یوم ولادت منانے کی یاد میں بہترین طریقہ آپؐ کے نمونے اور آپؐ کی سنت پر عمل کرنا ہے۔ جلسے کے آخر پر آنحضورﷺ کی زندگی کے چند خوبصورت واقعات بھی پیش کیے گئے۔ جلسے کا اختتام دعا اور عشائیہ کے ساتھ ہوا۔

طلبہ کے لیے ایک تعلیمی سفر: جماعت احمدیہ کے نوجوانوں کو Orthodox عیسائیت کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی غرض سے ۲۸؍ستمبر کو Berovo شہر میں واقع ۶۰۰؍سال قدیم خانقاہ کا ایک علمی دورے کا اہتمام کیا گیا۔

اس دوران طلبہ کو کچھ راہبوں سے ملنے کا موقع بھی ملا جنہوں نے اپنی زندگی کے چند تجربات اور واقعات بیان کیے۔

اس کے بعد شمالی مقدونیہ کی تاریخ سے آگاہی حاصل کرنے کے لیے طلبہ کو ایک عجائب گھر کا دورہ کروایا گیا جہاں منتظمین نے ایک خصوصی ٹور کا اہتمام کیا ہوا تھا۔ دورے کے اختتام پر طلبہ کو ایک اولڈ کیئر ہوم لے جایا گیا جہاں طلبہ کو ضعیف العمر افراد کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔ یہ سفر نہایت خوشگوار اور معلوماتی ثابت ہوا۔ الحمدللہ

نماز پریزنٹیشن: مورخہ ۲۸؍ستمبر کو ’’نماز کی شرائط‘‘ کے عنوان سے جماعت کے نومبائعین کے لیے ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ یہ پریزنٹیشن نومبائعین کے ساتھ ساتھ باقی احباب جماعت کے لیے بھی بہت سبق آموز اور دلچسپ ثابت ہوئی۔ پروگرام کے اختتام پر تمام شاملین کے سوالات کے جواب دیے گئے۔ دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

احباب جماعت کے ساتھ ایک نشست: اگلے روز مورخہ ۲۹؍ستمبر کو Kumanovo شہر میں احباب جماعت کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں تربیتی امور کے ساتھ ساتھ دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔

اجتماع: مورخہ ۶؍اکتوبر کو ایک چھوٹے پیمانے پر اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف علمی اور ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اس پروگرام میں بہت سے احمدی اور غیر از جماعت بھائی شامل ہوئے اور مقابلوں میں حصہ لیا جن میں اسلامی کوئز، تقاریر اور ٹیبل ٹینس وغیرہ کے مقابلہ جات شامل تھے۔ بعدازاں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اجتماع کا اختتام دعا اور عشائیہ کے ساتھ ہوا۔

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ مقدونیہ کو اپنے ایمان و ایقان میں مزید بڑھنے کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: طلحہ احمد۔ مربی سلسلہ و صدر جماعت شمالی مقدونیہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button