خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…امام جماعت احمدیہ حضرت مرزا مسرور احمد ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ۸؍نومبر۲۰۲۴ء میں تحریک جدید کے اکانوے ویں سال کے آغاز کا اعلان فرمایا نیز فرمایا کہ گذشتہ سال اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت کو ۱۷.۹۸؍ ملین پاؤنڈز کی قربانی پیش کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ، جو گذشتہ سال سے سات لاکھ ۷۹؍ہزار پاؤنڈز زیادہ ہے۔تحریکِ جدید کے شاملین کی مجموعی تعداد سولہ لاکھ ۸۱؍ ہزار ہے۔ مجموعی طور پر قربانی کرنے والوں کی تعداد میں گذشتہ سال سے پچاس ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔ (تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو صفحہ اول)
٭… ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کا ۲۰۲۴ءکا صدارتی الیکشن جیت گئے۔امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہونے کے بعد امریکہ کے ۴۷ ویں صدر منتخب ہوئے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ عہدۂ صدارت پر فائز ہو رہے ہیں۔ نومنتخب امریکی صدر کو دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی ان سے جڑی دلچسپ خبریں بھی سامنے آگئیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ صدر تو منتخب ہو گئے ہیں لیکن اُن کے خلاف چار کرمنل کیسز اب بھی چل رہے ہیں، ایک میں اُنہیں مجرم قرار دیا جا چکا ہے۔امریکہ میں اِس سے پہلے کبھی کسی ’’مجرم‘‘ کو صدر منتخب نہیں کیا گیا، نہ ہی کسی سابق صدر پر کرمنل چارجز لگے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ وہ صدر بنے تو خصوصی کونسل کے جیک اسمتھ کو نوکری سے نکال دیں گے اور اپنے خلاف فیڈرل کیسز ختم کر دیں گے۔امریکی ماہرین کے مطابق ٹرمپ کے خلاف فیڈرل کیسز خارج ہو سکتے ہیں اور ریاستی کرمنل کیسز اُن کی صدارتی مدت تک منجمد کیے جا سکتے ہیں۔
اپنے دورِ صدارت میں ٹرمپ نے فوجی فنڈز کا رخ امریکہ، میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کی طرف موڑا، غیر قانونی تارکین وطن کےلیے خاندانی علیحدگی کی متنازع پالیسی نافذ کی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور میں سات مسلم ممالک سے لوگوں کی امریکہ آمد پر پابندی لگائی۔امریکہ کو پیرس ماحولیاتی معاہدے اور ایرانی جوہری معاہدے سے علیحدہ کر دیا۔اپنے صدارتی دور میں ٹرمپ نے کورونا وائرس کے خلاف غیر سائنسی اقدامات کو فروغ دیا اور امریکہ میں اِس وبا سے چار لاکھ اموات ہوئیں۔یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر یہ الزام بھی ہے کہ اُنہوں نے ۲۰۲۰ء کا الیکشن ہارنے پر اپنے حامیوں کو کیپیٹل ہل کے باہر جمع کیا، اُس جتھے نے کیپیٹل ہل پر ہلہ بولا، جس دوران پانچ لوگ ہلاک ہوئے۔
٭…امریکہ کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی سازش میں ایران ملوث ہے۔ محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے قتل کی سازش میں ملوث تہران میں مقیم افغان شہری پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ فرہاد شاکری کو پاسداران انقلاب نے ٹرمپ کے قتل کی ذمے داری سونپی تھی۔ایران کے لیے سہولت کاری کے الزام میں دو امریکی شہریوں پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے، نیویارک کے رہائشی دونوں امریکی شہری حراست میں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے فوری طور پر الزامات کا جواب نہیں دیا گیا۔
٭…وائٹ ہاؤس نے جنوری میں موجودہ صدر جو بائیڈن کے عہدہ چھوڑنے سے پہلے یوکرین کو اربوں ڈالرز کی سیکیورٹی امداد دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر ایجنسی کو بتایا کہ جنوری میں صدر جو بائیڈن کی مدت ختم ہونے سے پہلے انتظامیہ یوکرین کو ممکنہ مضبوط ترین پوزیشن میں لانے کے لیے آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ۲۰۲۲ء میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے امریکہ یوکرین کو ۶۴.۱؍ بلین ڈالرز سے زیادہ کی فوجی امداد فراہم کر چکا ہے۔واضح رہے کہ امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اور پرانی جنگیں ختم کرنے کے اعلان نے یورپ میں یوکرین کی جنگ کے حوالے سے بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔
٭…غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ۴۴؍فلسطینی اور ۵۲؍لبنانی شہید ہو گئے۔ غزہ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی بم باری سے کم از کم ۱۹؍فلسطینی شہید ہو گئے، جس کے بعد گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ۴۴؍ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ مغربی کنارے میں بھی دو فلسطینی شہید ہوئے۔ وزارت صحت غزہ کے مطابق غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد ۴۳؍ہزار ۵۵۲؍ہو گئی ہے جبکہ ایک لاکھ دو ہزار ۷۶۵؍فلسطینی زخمی ہیں۔ دوسری جانب لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں۔
٭…برطانوی وزارت داخلہ نے تارکین وطن کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔پاسپورٹ پھینک کر ملک بدری سے بچنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ برطانوی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ حکومت پناہ کی درخواستوں کے لیے ’’فاسٹ ٹریک‘‘ نظام بنانے کی کوشش کررہی ہے۔
٭… پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ۱-۲؍سے جیت لی۔ دوسرے میچ کے بعد آج تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بیٹرز کو مشکل میں ڈال دیا اور پوری ٹیم آج بھی مکمل اوورز نہیں کھیل سکی۔ اس میچ کی تفصیل اور کھیلوں کی دلچسپ خبریں ملاحظہ کریں خصوصی سپورٹس بلیٹن میں ہر جمعرات صفحہ آٹھ پر۔