امام الزماں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام مقربین الٰہی کی علامات بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ان کی ایک علامت یہ ہے کہ وہ کلمہ حق اور اپنے زمانے کے امام کا انکار نہیں کرتے خواہ انہیں آگ میں ڈال دیا جائے۔ وہ اپنا ایمان ضائع نہیں کرتے خواہ انہیں صیقل شدہ تلواروں سے قتل کردیاجائے یا سنگسار کر دیا جائے اور ان کاصدق فرشتوں کو تعجب میں ڈالتا ہے اور آسمان میں ان کی تعریف کی جاتی ہے۔ وہ ایسے لوگ ہیں جو ہر بہادر پر سبقت لے جاتے ہیں اور کمزور اور بزدل کی طرح نہیں۔ انہوں نے اپنے وجود کے محل کو اس محبوب کی خاطر جسے وہ مقدم رکھتے ہیں منہدم کر دیا ہے۔اللہ اور اس کے فرشتے ان پر درود بھیجتے ہیں اور تمام صلحاء و ابدال بھی،انہوں نے جو بھی عہد کیا اُسے سچ کر دکھایا۔ اور انہوں نے رضائے الٰہی کی خاطر اپنی جانیں قربان کر دیں ، پس ایمان تو یہ ایمان ہے۔ پس مبارک ہو اُن لوگوں کو جو اس ایمان سے متصف ہوں۔ (علامات المقربین مترجم اردو صفحہ ۷۷)