عالمی خبریں

سپورٹس بلیٹن

ہاکی: چین کے شہر Hulunbuirمیں منعقدہ آٹھویں ایشین ہاکی چیمپئنزٹرافی کا فائنل ۱۷ستمبرکومیزبان چین اور دفاعی چیمپئن بھارت کی ٹیموں کے مابین کھیلاگیا۔ جس میں بھارت نے ایک صفر سے فتح حاصل کرتے ہوئے پانچویں بارٹائیٹل اپنے نام کیا۔میچ کا واحداورفیصلہ کن گول جگراج سنگھ نے چوتھے کوارٹرکے دسویں منٹ میں کیا۔تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کے خلاف دوکے مقابلہ میں پانچ گول سے شاندارکامیابی حاصل کی۔ قبل ازیں سیمی فائنل مقابلوں میں چین نے پاکستان کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر۲۔صفر سے ہرایا تھا جبکہ بھارت نے جنوبی کوریا کو۴۔۱ سے شکست دی تھی۔ٹورنامنٹ میں ملائیشیااورجاپان کی ٹیمیں بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبرپررہیں۔

کرکٹ:انگلینڈاورآسٹریلیا کے مابین تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریزایک ایک کی برابری پر ختم ہوئی۔مانچسٹر میں سیریز کا تیسرااورآخری مقابلہ بارش کی نذرہوا جبکہ پہلے میچ میں آسٹریلیا اور دوسرے میں میزبان انگلش ٹیم فاتح رہی تھی۔ ساؤتھ ہیمپٹن میں ہونے والے پہلے مقابلے میں آسٹریلیا نے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۱۷۹؍رنز بنائے جس میں ٹریوس ہیڈ(Travis Head)کی ۲۳؍گیندوں پر ۵۹؍رنزکی جارحانہ اننگز شامل تھی۔ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم ۱۵۱ رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔دوسرامیچ کارڈف میں کھیلا گیا جس میں آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر۱۹۳؍رنزبنائے ۔انگلش ٹیم نے مقررہ ہدف ۱۹؍اوورز میں سات وکٹیں کھوکرحاصل کیا۔ لیام لیونگسٹن (Liam Livingstone)نے ۴۷ گیندوں پر ۸۷ رنز کی لاجواب باری کھیلی۔

ٹی ٹوینٹی بلاسٹ: انگلینڈکے ڈومیسٹک ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں گلوسٹرشائر نے دفاعی چیمپئن سمرسیٹ کے خلاف یک طرفہ میچ میں آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کرکے اپنا پہلا ٹی ٹوینٹی ٹائیٹل جیت لیا۔ایجبسٹن برمنگھم میں ہونے والے آخری معرکہ میں سمرسیٹ نے پہلے بلےبازی کی اور ۲۰ویں اوور میں ان کی پوری ٹیم صرف ۱۲۴ رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔جواب میں گلوسٹرشائر نے مقررہ ہدف ۱۵ اوورزمیں محض دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ فاتح ٹیم کے اوپنرز Miles Hammond اور Cameron Bancroft نے نصف سینچریاں بنائیں جبکہ Matt Taylorنے ۱۸ رنزکے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

فارمولاوَن کارریسنگ: ۱۵؍ستمبر کو رواں سیزن کی سولہوِیں ریس آذربائیجان کےشہرباکومیں منعقد ہوئی جس میں McLaren گاڑی چلانےوالےآسٹریلوی ڈرائیورOscar Piastri نے جیت کر اپنے کیریئر کی دوسری فتح حاصل کی۔Ferrariکے Charles Leclercنے دوسری جبکہ مرسیڈیز کے George Russellنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ رواں سیزن میں سات فتوحات اور۳۱۳ پوائنٹس کے ساتھ نیدرلینڈزکے Max Verstappen ڈرائیورزکی دوڑ میں بدستورپہلے نمبرپر ہیں ۔

فٹ بال:انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹرسٹی نے برینٹفورڈ کے خلاف۲۔۱ سے جیت کے ساتھ رواں سیزن میں لگاتارچوتھی کامیابی حاصل کرلی۔برینٹفورڈنے کھیل کے پہلے منٹ میں گول کرکے سبقت حاصل کی تاہم مانچسٹرسٹی کی جانب سےErling Haalandنےدوگول کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔گذشتہ ہفتہ ہونے والے دیگر میچز میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے ساؤتھ ہیمپٹن کو۳۔صفر، ناٹنگھم فاریسٹ نے لیورپول کو ایک صفر،آسٹن ولا نے ایورٹن کو۳۔۲، اورچیلسی نے برن متھ کو۱۔صفرسے شکست دی۔فلہم اور ویسٹ ہیم کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابرہوا جبکہ نیوکاسل اور آرسنل کی ٹیموں نے بھی اپنے میچز جیت لیے۔

دوسری طرف اسپینش لالیگا میں بارسلونا کی ٹیم نے Gironaکو۴۔۱ سے ہراکر سیزن کی پانچویں لگاتارجیت حاصل کی۔ دیگرمقابلوں میں وِلاریال نے مایورکا کے خلاف۲۔۱ جبکہ ریال میڈرڈ نے ریال سوسیادادکے خلاف ۲۔صفر سے کامیابی سمیٹی۔

کامن ویلتھ گیمز:۲۰۲۶ء میں ہونے والی ۲۳ویں کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی گلاسگو، اسکاٹ لینڈ کو مل گئی۔ قبل ازیں آسٹریلوی ریاست وکٹوریہ نے ان کھیلوں کی میزبانی سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔گلاسگو اس سےپہلے ۲۰۱۴ء میں ان کھیلوں کی میزبانی کرچکا ہے۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button