افریقہ (رپورٹس)

احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن (AMMA) آسٹریلیا کے ممبران کی سینیگال اور گیمبیا میں وقف عارضی اور کارڈیالوجی سینٹر کا افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا (AMMA) کے چار ڈاکٹرز کو گیمبیا اور سینیگال میں وقف عارضی کرنے کی توفیق ملی۔

ڈاکٹر غفار چودھری، ڈاکٹر منور رانا صاحب، ڈاکٹر عامر محمود صاحب اور خاکسار (ڈاکٹر عطاء الرحمان صدر AMMAآسٹریلیا) مورخہ ۲۶؍مئی ۲۰۲۴ء کو سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار (Dakar) پہنچے۔

ڈاکار میں رات کے قیام کے بعد ڈاکٹرز مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت احمدیہ سینیگال اور ان کی ٹیم کے ساتھ زمینی راستہ سے گیمبیا پہنچے جہاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی اور دعاؤں سے احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا نے بانجل (Banjul) گیمبیا میں نور ڈائیگنوسٹک کارڈیک سینٹر قائم کیا۔ اس سینٹر کا نام حضور انور نے عطا فرمایا اور اس کا افتتاح مورخہ ۲۹؍مئی کو مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیانے کیا۔ افتتاحی تقریب میں واقفین ڈاکٹرز، مشنری انچارج گیمبیا مکرم مہر محمود احمد صاحب، مکرم محمد اکمل صاحب مربی سلسلہ، سیکرٹری برائے صحت سمیت کئی معززین نے شرکت کی۔ تقربياً ۲۰۰؍کے قریب مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور انہیں طبی مشورے دیے گئے۔ مریضوں کے معائنے کے علاوہ مستقبل میں کارڈیک کلینک کو آسانی سے چلانے کے لیے مقامی ڈاکٹروں کو مریضوں کے علاج کی تربیت بھی دی گئی۔

گیمبیا کے کامیاب دورے کے بعد ٹیم واپس سینیگال پہنچی اور الحمدللہ منصوبے کے مطابق مسرور ہیومینٹی فرسٹ ہسپتال ڈاکار میں ناصر ڈائیگنوسٹک کارڈیک سینٹرکا افتتاح مورخہ ۴؍جون کو ہوا جو مکرمہ صائمہ سید صاحبہ سفیر پاکستان برائے سینیگال نے کیا۔ تین روز تک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا اور تقریباً ۳۰۰؍مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے زیادہ تر دل کے مریض تھے۔ تمام مریضوں کو مفت طبی مشاورت اور ادویات فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ ۱۶۰؍کارڈیک ایکوکارڈیوگرافی (Cardiac Echocardiography)کے معائنے کیے گئے۔ مفت مشاورت، خون کے ٹیسٹ، طبی آلات اور تفتیش کی کُل لاگت ۶۰؍ہزار ڈالر سے زیادہ ہے۔

دو مقامی ماہرین امراضِ قلب بھی تربیت کے لیے کیمپ میں شامل ہوئے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے خاکسار نے نجی شعبے میں پہلا مفت سٹریس ایکو کارڈیوگرام (Stress Echocardiogram)کیا۔ اس ایکو کارڈیوگرام سینٹر کا افتتاح مکرم امیر صاحب سینیگال نے سینیگال میں پاکستان کے سفیر کے ہمراہ کیا۔ پاکستانی سفیر نے جماعت احمدیہ سینیگال اور احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی انسانیت کی خدمات کا اعتراف کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ مرکز علاقے میں صحت کی خدمات کو بہتر بنائے گا۔

الحمد للہ احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی خدمات کو مقامی اور قومی ٹی وی کی خبروں میں اسلام احمدیت کے وسیع پیغام کے ساتھ نمایاں کیا گیا۔ مقامی عملے، مریضوں، پارلیمنٹ کے مقامی اراکین نے احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی کارکردگی اور انسانیت کے لیے لگن پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: ڈاکٹر عطاء الرحمان صدر AMMAآسٹریلیا اور ڈاکٹر ابرار احمد چغتائی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button