مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کے اکتیسویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا بابرکت و کامیاب انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۶و۷؍جولائی ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ و اتوار مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کو اپنا ۳۱واں سالانہ اجتماع نور مسجد ویگولٹینگن (Wigoltingen)میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
اجتماع کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے پرچم کشائی سے ہوا۔ مکرم ولید طارق تارنتسر صاحب نیشنل امیر جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ نے قومی پرچم جبکہ مکرم بشارت احمد انیس صاحب صدر مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ نے لوائے انصار اللہ لہرایا۔ پرچم کشائی کے بعد پہلے اجلاس کی کارروائی کاآغاز مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد صدر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں اجتماع کی کامیابی کے لیے لکھے گئےخط کا جواب پڑھ کر سنایا جس کے بعد مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ نے اپنی افتتاحی تقریر میں جلسہ سالانہ اور ذیلی تنظیموں کے اجتماعات کے مقاصد اور انصار اللہ کی ذمہ دار یاں بیان کیں اور دعا کروائی۔
دعا کے بعد صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے اپنی تقریر میں نماز، مالی قربانی اور انصاراللہ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں نور مسجد کے احاطہ میں پو نے دو بجے تک ورزشی مقابلہ جات ہوئے جن میں رسہ کشی، گولہ پھینکنا، کلائی پکڑنا وغیرہ کے مقابلے شامل تھے۔
دوپہر کے کھانے اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد سہ پہر تین بجے نور ہال میں مبلغ انچارج صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے تلقین عمل کے موضوع پر مختصر مجلس منعقد ہوئی جس میں مکرم فہیم احمد خان صاحب مربی سلسلہ نے نماز کی اہمیت پر تقریر کی۔
اس کے بعد ساڑھے تین بجے مکرم احسن سلطان محمود کاہلوں صاحب قائدتعلیم کی نگرانی میں علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں حسنِ قراءت،حفظ ِقرآن، نظم اور اردو تقاریر کے مقابلہ جات ہوئے۔
اس کے بعد مبلغین سلسلہ کے ساتھ چالیس منٹ کی خصوصی اور دلچسپ نشست ہوئی جس میں مربیان سلسلہ نے اپنی زندگی کے چند دلچسپ واقعات سنائے۔
اجتماع کےدوسرے اور آخری روز کا آغاز نماز تہجد و فجر اور درس قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں انفرادی تلاوت قرآن کریم اور اجتماعی سیر ہوئی۔
ناشتے کے بعد صبح دس بجے مکرم خالد محمود صاحب نائب صدر مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ اسی ہال میں سوا گیارہ بجے تک ٹیبل ٹینس کے مقابلے ہوئے۔
ساڑھے گیارہ بجے مکرم قائد صاحب تعلیم کی زیر نگرانی علمی مقابلہ جات جاری رہے جن میں اذان، تقریر فی البدیہہ (اردو، انگریزی اور جرمن زبانوں میں) کے مقابلے شامل تھے۔
اس کے بعد بارہ بج کر پچاس منٹ پر مجلس سوال و جواب ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب، مبلغ انچارج صاحب اور صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے حاضرین اجتماع کے سوالات کے جواب دیے۔ اس کے بعد وقفہ برائے طعام و نماز ظہروعصر ہوا۔
اجتماع کے آخری اجلاس کا آغاز سہ پہر تین بجے مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ مکرم طارق ریاض گورایہ صاحب ناظم اعلیٰ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے انصار اور نمایاں کارکردگی دکھانے والی مجالس کے زعماء کرام میں انعامات تقسیم کیے۔ تقسیم انعامات کے بعد صدر مجلس انصار اللہ نے اجتماع کی تیاری میں خدمت کی توفیق پانے والے ناظمین و معاونین سمیت اجتماع میں شرکت کرنے والے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں قرآن کریم، احادیث نبویﷺ، ارشادات حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور فرمودات خلفائے احمدیت کی روشنی میں نماز کی اہمیت بیان کی اور انصار اللہ کو اپنی نسلوں کے لیے نیک نمونہ اور مشعل راہ بننے کی تلقین کی۔ آخر پر دعا کے ساتھ یہ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ اجتماع میں ۱۰۰؍افراد شامل ہوئے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)