سیرالیون کے بو ریجن میں مسجد آمنہ کا بابرکت افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۹؍جون ۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ سیرالیون کو Bo ریجن کی جماعت Pindegumahun میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ مسجد کے لیے ۲؍ٹاؤن لاٹس زمین خریدی گئی۔ مسجد کا سنگِ بنیاد مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے ۶؍جون ۲۰۲۳ء کو ایک سادہ تقریب میں رکھا تھا اور اس کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بوBoریجن کو حاصل ہوئی۔ کام کی نگرانی مکرم ڈاکٹر داؤد احمد طاہر صاحب یوکے( پیر محمد ٹرسٹ ) نے کی۔ اس مسجد کی تعمیر کے اخراجات مولانا عبد الباسط شاہد صاحب یوکے نے ادا کیے۔ یہ مسجد ایک سال کے عرصے میں مکمل ہوئی۔
اس مسجد کا مسقف حصہ۴۵x۳۰ فٹ ہے اور اس میں ۱۲۰؍نمازیوں کی گنجائش ہے۔ کام کا بہت سا حصہ وقارِ عمل کے ذریعے سے کیا گیا۔ اس میں احباب جماعت بشمول ممبرات لجنہ اماءاللہ نے حصہ لیا۔
مورخہ ۲۹؍جون۲۰۲۴ء کو افتتاحی تقریب مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ آپ نے اپنی تقریر میں سیرۃ النبی ﷺ کی روشنی میں نماز باجماعت کی اہمیت بیان کی اور بتایا کہ مساجد کی اصل خوبصورتی اس کے نمازیوں سے ہے انہوں نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ حضورانور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت مسجد کا نام ’’مسجد آمنہ‘‘ عطا فرمایا ہے۔ یہ نام مولانا عبدالباسط شاہد صاحب کی والدہ صاحبہ کے نام پر ہے جو مکرم عبدالرحیم صاحب درویش قادیان کی اہلیہ تھیں۔ اللہ تعالیٰ اسے بابرکت فرمائے۔
دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس بابرکت تقریب میں متعدد غیراز جماعت ائمہ و دیگر احباب کے علاوہ ۲۰۰؍کے لگ بھگ احمدی احباب و خواتین نے شرکت کی۔ الحمد للہ، مسجد کے افتتاح کی یہ تقریب بہت سے غیر از جماعت احباب کے لیے کامیاب تبلیغ کا باعث بنی۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہمیشہ نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین