جلسہ سالانہ بیلجیم ۲۰۲۴ء کا دوسرا روز
جلسہ سالانہ بیلجیم کے دوسرے روزکا آغاز مورخہ ۶؍جولائی کو صبح ساڑھے تین بجے نمازِ تہجد سے ہوا جو مکرم حافظ جہانزیب قریشی صاحب نیشنل سیکریٹری تعلیم القران نے پڑھائی۔ بعد ازاں مکرم آصف بن اویس صاحب مربی سلسلہ و صدر خدام الاحمدیہ بیلجیم نے نماز فجر پڑھائی اور درس قرآن دیا۔
دوسرا اجلاس
جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم اظہرالدین خندکر صاحب سے ہوا۔ مکرم اطہر احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی۔ جبکہ مکرم رضوان محمود صاحب نے نظم پیش کی۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم اسماعیل فاروق خان صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے تبلیغ کے جدید ذرائع کے موضوع پر کی جس میں آپ نے خلفائے احمدیہ کے مختلف ارشادات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ ان پر عمل کرتے ہوئے ہمیں تبلیغ کرنی چاہیے۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر مکرم عبدالصمد صاحب صدر جماعت اوسنٹنڈنے نے ڈچ زبان میں آنحضرتﷺ بطور محسن انسانیت کے موضوع پر کی جس میں آپ نے قرآن وحدیث کی روشنی میں سیرت رسولﷺ کے مختلف پہلوؤں کو سامعین کے سامنے پیش کیا۔

اجلاس مستورات
مکرمہ مریم افضال صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ بیلجیم تحریر کرتی ہیں کہ خداتعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماءاللہ کو مورخہ ۶؍جولائی بروز ہفتہ مستورات کا اجلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمداللہ
اجلاس خاکسار (صدر لجنہ اماء اللہ) کی زیرصدرات شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و اردو ترجمہ اور نظم کے بعد لجنہ اماءاللہ بیلجیم کی طالبات کے لیے تعلیمی ایوارڈز کا اعلان کیا گیا۔ بعدازاں درج ذیل چار تقاریر پیش کی گئیں۔
اردو زبان میں تقریر ’’مغربی معاشرہ میں اسلامی اقدار کی حفاظت‘‘، ڈچ زبان میں تقریر ’’سیرت حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا‘‘، اردو زبان میں تقریر ’’قوم میں جنت ماؤں کے ذریعے آتی ہے‘‘ اور ڈچ زبان میں تقریر ’’تلاش حق اور میرا سفر احمدیت‘‘۔
اس کے علاوہ اس اجلاس میں دو نومبائعات نے اپنے جذبات کا اظہارکیا۔ دعا کے بعد لجنہ و ناصرات نے اردو، فرنچ، ڈچ، عربی اور بنگلہ زبانوں میں ترانے پیش کیے۔ ناصرات و لجنہ کی حاضری ۵۵۳ رہی۔ الحمد للہ
تیسرا اجلاس
طعام و نماز ظہر و عصر کے بعد جلسہ سالانہ کا تیسرا اجلاس مکرم توصیف احمد صاحب مشنری انچارج بیلجیم کی زیر صدارت شروع ہوا۔ مکرم عطاء المصور صاحب نے تلاوت و ترجمہ پیش کیا۔ نظم پڑھنے کی سعادت مکرم فرحان احمد صاحب نے حاصل کی۔

اس اجلاس کی پہلی تقریرمکرم حسیب احمد صاحب مربی سلسلہ نے خلافت اور نظام جماعت سے وابستگی کے موضوع پر کی۔ آپ نے خلفاء کے مختلف حوالہ جات دیتے ہوئے بتایا کہ جس طرح وہی شاخ پھل لاسکتی ہے جو درخت کے ساتھ ہو۔ اسی طرح وہی شخص سلسلہ کا مفید کام کرسکتا ہے جو اپنے آپ کو امام سے وابستہ رکھتا ہے۔

اس اجلاس کی دوسری تقریر بعنوان ’’ تعمیر مساجد کے اغراض ومقاصد ‘‘ مکرم اظفر خان صاحب نیشنل سیکریٹری صنعت و تجارت نے پیش کی جس میں آپ نے نہایت ایمان افروز واقعات حاضرینِ جلسہ کے سامنے بیان کیے۔ مکرم فرید یوسف صاحب انچارج مسجد فنڈ کمیٹی نے ایک پریزنٹیشن بابت تعمیرات مساجد پیش کی۔
تبلیغی میٹنگ
تبلیغی میٹنگ زیر صدارت مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت بیلجیم منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم مکرم محمد الغزراوی صاحب نے پیش کی۔

اس کے بعد مکرم توصیف احمد صاحب مشنری انچارج نے غیر از جماعت افراد کو جماعت کا تعارف کروایا۔ پھر جماعتی مساعی کے بارے میں ایک پریزینٹیشن پیش کی گئی۔ بعد ازاں مہمانوں کو سوال و جواب کا موقع دیا گیا جس میں مختلف امور مثلاً صداقت حضرت مسیح موعودؑ کے بارے سوالات ہوئے جن کے نہایت احسن رنگ میں جواب دیے گئے۔ اس میٹنگ میں غیر از جماعت احباب کی کل حاضری ۸۵ رہی۔
اس کے بعد احباب جماعت اور مہمانوں کو شام کا کھانا پیش کیا گیا۔ رات سوا دس بجے نماز مغرب و عشاء اداکی گئیں۔