افریقہ (رپورٹس)

گنی بساؤ میں وقار عمل کی برکات

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ماہ جنوری میں جماعت احمدیہ گنی بساؤ نے مختلف مقامات پر وقارعمل کیا جس میں مجموعی طور پر پانچ صد سے زائد مخلصین نے حصہ لیا اور اس وقار عمل کے ذریعے سے ایک محتاط اندازے کے مطابق ۱۱۹۲۲؍ڈالرز سے زائد رقم کی بچت کی گئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

Cabuxanque tande کے مقامی افراد نے جماعت کو 100/80 میٹر کا پلاٹ ہدیہ کیا۔ اس علاقے میں بارشیں بہت ہونے کی وجہ سے یہاں جنگلات کی کثرت ہے افراد جماعت نے اس بڑے پلاٹ کو محض اللہ کے فضل سے تین دنوں میں صاف کیا اور بڑے بڑے درخت کاٹ کر میدان کو ہموار کیا۔الحمدللہ

Cacine میں جو نئی مسجد تعمیر کی گئی اس کے احاطے میں بھی وقارِعمل کیا گیا اور زائد درخت اور گھاس پھوس سے مسجد کے احاطہ کو صاف کیا گیا۔ اس علاقہ میں بھی احباب جماعت نے وقار عمل کے ذریعہ سے مسجد کے لیے ریت اور پتھر اکٹھے کیے۔ مختلف مقامات پر جماعت احمدیہ کی فلاحی تنظیم ہیومینٹی فرسٹ کے تحت لگائے جانے والے واٹر پمپ کے بور اور دیگر کاموں میں افراد جماعت نے خوش دلی سے وقار عمل کے ذریعہ سے حصہ لیا۔ Bafataمیں بھی نئی بننے والی مسجد کو بارش کی کثرت کی وجہ سے اُگنے والی جھاڑیوں اور گھاس کو وقار عمل کے ذریعہ سے صاف کیا۔اور بارش کی وجہ سے خراب ہونے والی سڑک کو ہموار کیا تاکہ نمازیوں کی آمد و رفت میں آسانی ہو۔ اس وقار عمل میں انصار، خدام کے علاوہ اطفال نے بھی بھرپور شمولیت کی۔

Cutubelمیں حضرت مسیح موعود علیہ الصلاۃ والسلام کے مجاہدوں نے اپنی نئی بننے والی مسجد کے لیے ۳۵۰۰ بلاکس وقار عمل کے ذریعہ خود تیار کیے اور پھر ریت، بجری اور بڑے پتھر دور دراز سے اکٹھے کر کے مسجد کے احاطہ میں لا ئے۔

Demba Cabra میں گزشتہ سال ۴۲۰ افراد نے بیعت کی اور ان نومبائعین نے مسجد کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے اور وقار عمل کے ذریعہ سے ۲۰۰۰ بلاکس بنائے۔

Jongali میں بھی نئی تعمیر ہونے والی مسجد کے لیے نومبائعین نے ریت، بجری اور بہت وزنی پتھر اکھٹے کیے اور درختوں کو کاٹ کر مسجد کی چھت کے لیے استعمال ہونے والی لکڑیاں تیار کی گئیں۔

اللہ تعالیٰ ان مخلصین کے ایمان و اخلاص میں برکت عطا فرمائے اور جلد ان کے تمام نیک مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔آمین

(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button