یورپ (رپورٹس)

جلسہ یوم مصلح موعود، بیت السبوح فرانکفرٹ جرمنی

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

جرمنی بھر کی جماعتیں اپنی اپنی سہولت کے مطابق ہر سال ماہ فروری کے آخری عشرہ کے دوران جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد کرتی ہیں۔ البتہ مسجد بیت السبوح فرانکفرٹ میں منعقد ہونے والے اجلاس کو ہمیشہ مرکزی حیثیت حاصل رہی ہے۔ امسال کا یہ مرکزی جلسہ ۱۹؍فروری بروز اتوار بعد نماز ظہر و عصر تین بجے سہ پہر زیر صدارت مولانا صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی منعقد ہوا جبکہ خواجہ مبشر احمد صاحب لوکل امیر جماعت فرانکفرٹ نے صدر مجلس کی معاونت کی۔ کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو رامیل شاہد صاحب نے کی جس کے بعد انہوں نے ہی آیات کا جرمن و اردو ترجمہ بھی پڑھ کر سنایا۔ پیشگوئی کے الفاظ حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی پر شوکت آواز پر مشتمل ویڈیو کے ذریعہ دکھائے اور سنوائے گئے۔ اس کے بعد عزیزم فرخ ناز نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام

اس کے بعد عزیزم فرخ ناز نے حضور علیہ السلام کا منظوم کلام

میری اولاد سب تیری عطا ہے

ہر اک تیری بشارت سے ہوا ہے

خوش الحانی سے پڑھا۔ اجلاس کے پہلے مقرر مکرم مبشر احمد بٹ صاحب مربی سلسلہ تھے۔ آپ نے بتایا کہ ہم حضرت مصلح موعودؓ کے دور خلافت کا جائزہ لیں تو ۵۱ سال میں جتنے کام ہوئے ہیں وہ خدائی تائید کے بغیر ممکن نہ تھے۔ جماعت کو اہم تنظیمی ڈھانچہ سے منسلک کرنا، صدر انجمن احمدیہ کی حدود کا تعین، تحریک جدید، وقف جدید، امارات کا نظام قائم کر کے جماعت کو مستحکم کیا، تربیتی اعتبار سے لجنہ ماء اللہ، ناصرات الاحمدیہ، خدام الاحمدیہ اور انصار اللہ کا قیام جماعت کی اخلاقی نگرانی اور روحانی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اجلاس کے دوسرے مقرر مکرم امتیاز احمد شاہین صاحب امام نور مسجد فرانکفرٹ نے جرمن زبان میں تقریر کی۔ آپ نے 1934 میں صاحبزادہ مرزا ناصر احمد صاحب کی بغرض تعلیم انگلستان روانگی کے وقت حضرت خلیفہ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کی طرف سے کی جانے والی نصائح کا ذکر کر کے نوجوانوں پر ان نصائح کی اہمیت و افادیت واضح کی ۔

جس کی بعد سفیر احمد صاحب نے حضرت مصلح موعود ؓکی مشہور نظم نونہالان جماعت کے چند اشعارترنم سے پیش کئے۔ جس کے بعد صدر مجلس مکرم مولانا صداقت احمد صاحب مشنری انچارج نے صدارتی تقریر میں پیشگوئی مصلح موعودؓ کی علامات کا حضرت مصلح موعود ؓ کی ذات بابرکات میں پورا بیان کیا۔آپ نے حضرت مصلح موعود ؓکا ارشاد بھی پڑھ کر سنایا۔ جس میں آپ نے جرمن قوم کے بارے میں حضور کی خواہشات اور ارشادات کا مختصر ذکر کر کے ان کے جلد پورا ہونے کے لیے دعا کی درخواست کی۔

صدر مجلس کی تقریر کے بعد لوکل امیر فرانکفرٹ مکرم خواجہ مبشر احمدصاحب نے مقررین، سامعین، شعبہ تربیت اور شعبہ ضیافت کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ بعض ضروری اعلانات کے بعد مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی کی اس ہدایت کو دہرایا کہ احباب و خواتین حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ ضرور سنا کریں۔ پانچ بجے شام اجتماعی دعا پر جلسہ کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔ جس کے بعد جلسہ میں حاضر مرد و خواتین کے علیحدہ علیحدہ کھانے کا انتظام تھا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button