افریقہ (رپورٹس)

کیپ ٹاؤن، ساؤتھ افریقہ کے مئیر کی طرف سے مقامی مذہبی راہنماؤں کو دعوت

(منصور احمد زاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ساؤتھ افریقہ)
عزت ماب مئیر صاحب کیپ ٹاؤن حاظرین سے مخاطب ہیں

مورخہ 12؍نومبر 2022ء کو ساؤتھ افریقہ کے دار الحکومت کیپ ٹاؤن کے مئیر عزت ماب جناب Georden Hill Lewis صاحب نے مقامی مذہبی تنظیموں کے نمائندگان کو ایک میٹنگ کے لیے مدعو کیا جس کا مقصد کیپ ٹاؤن اور میونسپیلٹی کے دیگر علاقوں میں درپیش مشکلات اور مسائل کو زیر بحث لانا تھا۔ اس سلسلے میں جماعت احمدیہ کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی۔ جماعت احمدیہ کی طرف سے خاکسار (صدر جماعت و مبلغ سلسلہ)، مکرم کمال ایلم صاحب صدر جماعت کیپ ٹاؤن سرکٹ اور مکرم ریان ایلم صاحب بطور وفد شامل ہوئے۔ اس پروگرام میں عزت ماب صاحب کے عملہ کے علاوہ مسجد کے علاقہ کے کونسلر مسٹر مارک کلائیشمنٹ اور 60 سے زائد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لیڈر اور افراد شامل ہوئے۔

اس تقریب میں مسلمانوں کے فرقوں سنی و شیعہ کے لیڈرز، عیسائیوں کے اہم فرقوں کے نمائندگان، نیز ہندوؤں اور یہودی فرقوں اور مقامی روایتی مذہب کے اہم افراد بھی شامل ہوئے، ان میں سے ایک ایسی تعداد تھی جو ہمارے بین المذاہب پروگراموں کے لیے ہماری مسجدمیں چند مرتبہ آچکے ہیں۔ ایک معمر خاتون جو اس سے قبل ہمارے بک سٹال سے کتب خرید چکی تھیں ہمیں دیکھ کر ملنے کے لیے آگئیں۔ انہوں نے جماعتی لٹریچر سے استفادہ کرنے کا ذکر کیا اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی کتاب وحی الہام عقل علم اور سچائی کی بہت تعریف کی۔

پروگرام کا آغاز مختلف مذاہب کی دعا سے کیا گیا جس کے بعد مئیر صاحب نے کیپ ٹاؤن کے مختلف مسائل جن میں گھروں میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات، بے گھر افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ، مسئلہ دہشت گردی، ڈاکہ زنی، چوری، چھینا جھپٹی، کم سن بچوں اور بچیوں کا اغواہ ہونا وغیرہ جیسے جرائم میں خطرناک حد تک اضافے کا ذکر کیا اور مذہبی لیڈروں سے ممکنہ مدد کی اپیل کی۔

مکرم مئیر صاحب کی تقریر کے بعد مہمانوں کو سوالات کا موقع دیا گیا جن کے مئیر صاحب نے تسلی بخش جوابات دیے۔

بائیں سے دائیں: مئیر صاحب، خاکسار، علاقہ کے کونسلر صاحب

پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانوں کی بھر پور ضیافت کی گئی۔ مئیر صاحب نے اعلان کیا کہ تمام کھانا مکمل طور پر حلال ہے، نیز یہودیوں کی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے علیحدہ کھانے کا انتظام تھا۔ کھانے کے وقفے کے دوران مسجد کے علاقہ کے کونسلر نے خاکسار کا تعارف معزز مئیر صاحب سے کروایا۔ چنانچہ مئیر صاحب سے کچھ گفتگو ہوئی اور مندرجہ بالا تصویر اس موقع پر لی گئی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button