یورپ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ گاتھن برگ سویڈن

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

مکرم نسیم احمد صاحب، منتظم اشاعت مجلس انصا ر اللہ گاتھن برگ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ گاتھن برگ کو اپنا ایک روزہ سالانہ لوکل اجتماع مورخہ 2؍اکتوبر 2021ء بروز ہفتہ منعقد کرنے توفیق ملی۔

اجتماع کی ایک انتظامیہ کمیٹی بنائی گئی تھی اور اجتماع سے تقریباً ایک مہینہ قبل تیاریاں شروع کردی گئی تھیں۔ اس سلسلہ میں سب سے پہلے مکرم منتظم صاحب اعلیٰ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں اجتماع کے ہر لحاظ سے کامیاب اور بابرکت ہونے کے لیے دعا کی درخواست کی۔ اس کے بعد تمام شعبہ جات کے منتظمین کے ساتھ تفصیلی میٹنگز کر کے اجتماع کے پروگراموں کو فائنل کیا گیا اور منتظمین کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔ اجتماع میں انصار بھائیوں کی دلچسپی کے لیے علمی اور ورزشی مقابلہ جات کا پروگرام ترتیب دیا گیا تھا۔

علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم خوانی، تقریر اور مشاہدہ و معائنہ کے مقابلہ جات شامل تھے جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں بیڈ منٹن (ڈبلز)، رسہ کشی،والی بال، کلائی پکڑنا اور میوزیکل چیئر کے مقابلہ جات شامل تھے۔ تمام انصار بھائیوں کو علمی مقابلہ جات کا نصاب اور ورزشی مقابلہ جات کی تفصیل اجتماع کے انعقاد سے کافی پہلے بھجوا دی گئی تھی تاکہ انصار بھائی مقابلوں کی اچھی تیاری کر سکیں۔

تمام انصار بھائیوں سے اس اجتماع میں شامل ہونے کے لیے متعدد بار ذاتی رابطے کیے گئے تاکہ حاضری کو بہتر بنایا جاسکے۔

مورخہ 02؍اکتوبر کو مجلس انصار اللہ گاتھن برگ کے اس اجتماع کا آغاز انفرادی نماز تہجد کی ادائیگی سے کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس کا آغاز سپورٹس ہال میں صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن پاک سے ہواجو مکرم انوار الدین سعید صاحب نے کی۔ مکرم نصیر احمد وسیم صاحب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن نے شاملین کے ساتھ مل کر انصار اللہ کاعہد دہرایا۔ مکرم صلاح الدین یوسف صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کی نظم اپنی خوبصورت آواز میں پیش کی۔ بعد ازاں مکرم منتظم صاحب اعلیٰ نے اجتماع کے پروگرام کے بارے میں بتایا۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ سویڈن نے مختصر خطاب کے ساتھ اجتماع کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔

دعا کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ورزشی مقابلہ جات میں بیڈمنٹن ڈبلز، والی بال اور رسہ کشی کے مقابلہ جات ہوئے جن میں تمام انصار بھائیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

ورزشی مقابلہ جات میں انصار بھائیوں کی تواضع کے لیے مختلف قسم کے پھل رکھے گئے تھے۔ دو بجے تک ورزشی مقابلہ جات ہوتے رہے جس کے فوراً بعد سب انصار بھائی ناصر مسجد تشریف لے گئے جہاں شاملین کے لیے پُر لطف کھانے کا بندوبست کیا گیا تھا۔ کھانے کے بعد مقابلوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا جس میں مشاہدہ معائنہ، کلائی پکڑنا اور میوزیکل چیئر کے مقابلے شامل تھے۔ ورزشی مقابلہ جات کے اختتام پر 10 منٹ کے وقفے کے بعد نماز ظہر وعصرادا کی گئیں جس کے بعد علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا ۔ علمی مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت قرآن پاک ،نظم خوانی اور تقریر کے مقابلہ جات شامل تھے۔ ان مقابلہ جات میں بھی انصار بھائیوں نے ذوق وشوق سے حصہ لیا ۔ علمی مقابلہ جات کے اختتام پر چائے کا وقفہ کیا گیا۔

اختتامی تقریب کا انعقاد ساڑھے پانچ بجے ہوا جس میں مہمان خصوصی مکرم وسیم احمد ظفر صاحب نیشنل امیر سویڈن تھے۔ تلاوت قرآن کریم مکرم صلاح الدین یوسف صاحب نے کی جس کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ سویڈن نے عہد دہرایا۔ نظم مکرم مرزا بشارت احمد صاحب نےپیش کی۔ بعد ازاں مکرم فاضل احمد شمس صاحب زعیم مجلس اور مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے تقاریر کیں۔ اس کے بعد مکرم منتظم صاحب اعلیٰ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ مہمان خصوصی نے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار بھائیوں میں انعامات تقسیم کیے اور انصار کوقیمتی نصائح کیں۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے انصار اللہ گاتھن برگ کو اجتماع کے انعقاد پر مبارکباد دی، شاملین کا شکریہ ادا کیا نیز آئندہ اجتماعات میں حاضری کو مزید بہتر بنانے کی طرف توجہ دلائی۔ آخر میں تقریب کے مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب سویڈن نے دعا کرائی۔ اختتامی اجلاس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں اور پھر انصار بھائیوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ عشائیہ کے بعد مجلس انصار اللہ گاتھن برگ کایہ ایک روزہ لوکل اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ

احباب جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ الله تعالیٰ ہماری ادنی ٰکاوشوں کے نیک نتائج پیدا فرمائے، ہمیں حضور انور کے ارشادات کے مطابق حقیقی رنگ میں انصار اللہ بننے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم اپنے عہد بیعت کو نبھانے والے ہوں۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button