ادبیات

ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور فارسی ادب (قسط نمبر 88)

(محمود احمد طلحہ ۔ استاد جامعہ احمدیہ یو کے)

العاقبۃ للمتقین

ہمارے ناظرین منشی شاہدین صاحب سٹیشن ماسٹر مردان سے خوب واقف ہیں۔ وہ اس سلسلہ میں قابل قدر شخص ہیں۔ تبلیغ اوراشاعت کا سچا شوق رکھتے ہیں۔ جہاں جاتےہیں ایک جماعت ضرور بنا دیتےہیں۔ الحکم کے خاص معاونین میں سے ہیں۔ بہرحال ناظرین یہ بھی جانتےہیں کہ مردان میں بعض شریر النفس لوگوں کی طرف سے ان کو سخت ایذائیں دی گئیں۔ اورآخر ان کی شرارت سے ان کی تبدیلی ہوگئی۔ حضرت اقدسؑ کے حضور جب ان کی تکالیف اور مصائب کا ذکر ہواتھا توآپؑ نے صبر اور استقامت کی تعلیم دی تھی۔ جس کا نتیجہ یہ ہو اکہ آخر خدا تعالیٰ نے اظہار حق کیا۔ افسران بالا دست نے بِدوں کسی قسم کی تحریک کے جو منشی صاحب کی طرف سے کی جاتی۔ از خود اس مقدمہ کی تفتیش کی اورانجام کار منشی شاہدین صاحب ترقی پر گوجرخاں ایک عمدہ سٹیشن پرتبدیل ہوئےاور ان کے متعلق بہت ہی اطمینان بخش رائے افسروں نے قائم کی۔ غرض جب منشی صاحب کی اس کامیابی کا ذکر ہوا۔ فرمایا: عاقبت متقی کے لئے ہے

برگردن او بماند برما بگذشت والا معاملہ ہو گیا۔ خدا تعالیٰ نیک نیت حاکم کو اصلیت سمجھا دیتا ہے۔ اگراصلیت نہ سمجھیں تو پھر اندھیرپیدا ہو۔

(ملفوظات جلد چہارم صفحہ 126، 127)

اس حصہ ملفوظات میں فارسی کا یہ مصرعہ آیاہے۔

بَرْ گَرْدَنِ اُوْ بِمَانْدبَرْمَابِگُذَشْت۔

ترجمہ: وہ ظلم اس کی گردن پررہا اورہم پر سےگذرگیا۔

تفصیل: گلستان سعدی کے پہلے باب میں ایک حکایت ہے جس کے ایک شعر کا یہ دوسرا مصرعہ ہے۔ پورا شعر مع حکایت ذیل میں درج ہے۔

حکایت: ایک بادشاہ نے ایک قیدی کے قتل کا حکم دیا۔ اس نے کہا اے بادشاہ اس غصہ کے سبب جو آپ کو مجھ پر ہے اپنے آپ کو نہ ستائیےکہ یہ سزا تو میرے اوپر سے ایک سانس میں گذر جائے گی لیکن اس کا گناہ آپ پر ہمیشہ رہے گا۔ شعر؂

دَوْرَانِ بَقَاچُوْبَادِصَحْرَابِگُذَشْت

تَلْخِی وخُوْشِی وزِشْت وزِیْبَابِگُذَشْت

ترجمہ: زندگی کا زمانہ جنگل کی ہوا کی طرح گذر گیا رنج، خوشی، برا، اچھا سب گذر گیا

پِنْدَاشْت سِتَمْگَرْکِہْ جَفَا بَرْ مَا کَرْدْ

بَرْ گَرْدَنِ اُوْ بِمَانْدوبَرْمَا بِگُذَشْتْ

ترجمہ: ظالم سمجھا کہ اس نے مجھ پر ظلم کیا۔ وہ ظلم اس کی گردن پر رہااور ہم پر گذر گیا۔

بادشاہ کو اس کی نصیحت پسند آئی اور اس کا خون معاف کردیا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button