پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ ناروے 2021ء کے موقع پر حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

اسلام آباد (یوکے)

26-09-2021

پیارے احباب جماعت احمدیہ ناروے

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ناروے کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو آپ سب کے لئے خیرو برکت کا باعث بنائے اور اس کی روحانی برکات سے مستفیض ہونے کی توفیق بخشے۔ یاد رکھیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے اِذن سے جلسہ سالانہ کا اجراء اس لئے فرمایا تھا کہ بیعت کنندگان سال میں ایک دفعہ اکٹھے ہو کر نیکی اور تقوی کی باتیں سنیں اور اپنے اندر پاک روحانی تبدیلی پیدا کرنے والے ہوں۔دین کے خادم اور دین کو دنیا پر مقدم کرنے والے ہوں ۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں۔: ’’اس جلسہ سے مدّعا اور اصل مطلب یہ تھا کہ ہماری جماعت کے لوگ کسی طرح بار بار کی ملاقاتوں سے ایک ایسی تبدیلی اپنے اندر حاصل کر لیں کہ ان کے دل آخرت کی طرف بکلّی جھک جائیں اور ان کے اندر خدا تعالیٰ کا خوف پیدا ہو اور وہ زُہد اور تقویٰ اور خدا ترسی اور پرہیز گاری اور نرم دلی اور باہم محبت اور مؤاخات میں دوسروں کے لئے ایک نمونہ بن جائیں اور انکسار اور تواضع اور راست بازی ان میں پیدا ہو اور دینی مہمّا ت کے لئے سرگرمی اختیار کریں ۔‘‘

(شہادت القرآن، روحانی خزائن جلد 6 صفحہ 394)

یہی جماعت احمدیہ کے قیام کا بھی مقصد ہے جس کی طرف توجہ دلاتے ہوئے آپ علیہ السلام نے فرمایا:

’’تمام مخلصین داخلین سلسلہ بیعت اس عاجز پر ظاہر ہو کہ بیعت کرنے سے غرض یہ ہے کہ تا دنیا کی محبت ٹھنڈی ہو۔ اور اپنے مولیٰ کریم اور رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت دل پر غالب آ جائے اور ایسی حالتِ انقطاع پیدا ہو جائے جس سے سفر آخرت مکروہ معلوم نہ ہو۔‘‘

(آسمانی فیصلہ، روحانی خزائن جلد 4 صفحہ 351)

پس یہ ہے وہ مقصد جس کے لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کے ذریعہ سے یہ سلسلہ قائم فرمایا اور ہمیں اس میں شامل ہونے کی توفیق دی اور یہی جلسوں کا مقصد ہے کہ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہو اور آپس میں محبت و اخوت کا ایک رشتہ قائم ہو۔ تودّد اور تعارف بڑھے۔ دلوں کی رنجشیں دور ہوں ۔اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے فضول گوئی اور بد کلامی سے بچے رہیں۔ ذاتی اناؤں کے جال سے نکل رہے ہوں۔ دنیا ہمیشہ ہر احمدی کے لئے ایک ثانوی حیثیت رکھتی ہو اور اصل مقصد اور مدّعا دین ہو اور اللہ تعالیٰ کی رضا ہو۔ اللہ تعالیٰ کی رضا کی حقیقت کو جو سمجھ جائے وہ اللہ تعالیٰ کا حق ادا کرنے والا بن جاتا ہے اور اس کی مخلوق کا حق ادا کرنے والا بن جاتا ہے یا بن سکتا ہے۔ امن ،پیار اور محبت اور بھائی چارہ پیدا کرنے والا بن سکتا ہے اور اس چیز کی آج دنیا کو ضرورت ہے۔

دنیا میں جو افراتفری ہے اس کو اگر دور کرنا ہے تو صرف اسی صورت میں کہ ہم دنیا کو اپنے خدا کو پہچاننے کی طرف لے کر آئیں ، مخلوق کے حق ادا کرنے کی طرف لے کر آئیں اورآج یہ ایک احمدی کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ پس اس لحاظ سے ہر ایک کو توجہ کرنی چاہئے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کرتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تمام نیک تمناؤں اور دعاؤں کو ہمارے حق میں پورا فرمائے۔اللہ تعالیٰ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے بعد خلافت کے سلسلہ کو قائم فرمایا ہے جو دائمی ہے اور قیامت تک جاری رہے گا۔ آج حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی جماعت ہی ہے جس نے اس عُرْوَۂ وُثْقٰی کو پکڑا ہوا ہے جس سے ان کے صحیح راستوں کا تعین ہوتا رہتا ہے۔ اس مضبوط کڑے کو پکڑا ہوا ہے جس کے نہ ٹوٹنے کی ضمانت خود خداتعالیٰ نے دی ہے۔پس اس کڑے سے چمٹے رہیں۔ اسی کے ذریعہ آپ کے ایمان محفوظ رہیں گے اور ان کو کوئی خطرہ نہیں ہو سکتا۔ اس کڑے کو مضبوطی سے پکڑنے کے نتیجہ میں ہی وہ اخوت اور محبت اور تودّد پیدا ہو گا جس کے لئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ان جلسوں کا اجراء فرمایا ہے۔

میری دعا ہے کہ اللہ آپ پر ہمیشہ اپنی رحمت اور مغفرت کی چادر پھیلائے رکھے اور ہمیشہ اپنے محبوب اور خاتم الانبیاء ﷺ کے عاشق صادق کی جماعت سے جوڑے رکھے اور آپ کو اور آپ کی نسلوں کو ان فضلوں اور انعاموں کا وارث بنائے جن کا اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے وعدہ فرمایا ہے۔ اللہ کرے ایسا ہی ہو۔ آمین

والسلام

خاکسار

مرزا مسرور احمد (دستخط)

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button