افریقہ (رپورٹس)

اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ روکوپر سرکٹ، سیرالیون

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

مکرم ذیشان محمود صاحب (قائمقام ریجنل مشنری روکوپر و استاد احمدیہ سیکنڈری سکول روکوپر) تحریر کرتے ہیں کہ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 8؍ اور 9؍ اکتوبر 2021ء کو روکوپر سرکٹ میں مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ کے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ سپورٹس اور علمی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ مختلف لیکچرز اور ڈاکومنٹریز سے بھی استفادہ کیا گیا۔ اجتماع کا مرکزی تھیم ’’تعلیم اور عملی میدان‘‘ رکھا گیا تھا۔

اجتماع کے انعقاد سے قبل دعا اور صدقہ کے ساتھ ساتھ حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خط تحریر کیا گیا۔ ریجنل قائد، قائد مجلس اور سرکٹ مشنری کے ساتھ میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے علاوہ سکول میں احمدی خدام اور اطفال کی میٹنگ بھی منعقد کی گئی۔

سوشل میڈیا کے ذریعہ مختلف infographics بنا کر خدام کو وثس ایپ کے ذریعہ اپ ڈیٹس دی جاتی رہیں۔

پہلا روز: سپورٹس ڈے

مورخہ 8؍ اکتوبر 2021ء سہ پہر 4 بجے احمدیہ سکول روکوپر کی فٹبال گراؤنڈ میں کھیلوں کا آغاز مختصر تقریب سے ہوا۔ تلاوت، عہد کے بعد خدام و اطفال کو کھیلوں کی اہمیت اور مذہب سے اس کا تعلق بتایا گیا۔ دعا کے بعد خدام اور اطفال کی علیحدہ علیحدہ دوڑ 100 میٹر، 400 میٹر، تین ٹانگ، اور بوری ریس کروائی گئی۔

فٹبال کے لئے اطفال اور خدام کو چار ٹیمز نور، محمود، ناصر، طاہر میں تقسیم کیا گیا۔ ان ٹیمز کے مابین نمائشی فٹبال میچز ناک آؤٹ کی بنیاد پر کروائے گئے جس میں محمود ٹیم فاتح رہی۔

گراؤنڈ سے مسجد تک تمام اطفال اور خدام ترانہ We are, We are Ahmadies بلند آواز سے کورس میں پڑھتے ہوئے مسجد تک آئے۔

دوسرا روز

مورخہ 9؍ اکتوبر 2021ء کو صبح نو بجے روکوپر کی مرکزی احمدیہ مسجد میں افتتاحی تقریب مکرم موسیٰ محمود صاحب ریجنل صدر و پرنسپل احمدیہ سیکنڈری سکول روکوپر کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ تلاوت، عہد خدام الاحمدیہ اور نظم کے بعد  صدر مجلس نے تعلیم کی اہمیت پر کریو زبان میں خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے زبان پر عبور حاصل کرنے کے علاوہ اسلام میں تعلیم کی اہمیت اور  جماعت احمدیہ کا دنیا بھر میں تعلیمی میدان میں کردار کا خصوصی ذکر کیا۔ دعا سے اس تقریب کا اختتام ہوا۔

علمی مقابلہ جات

اس کے بعد دوسرے سیشن میں خدام اور اطفال کے علیحدہ علیحدہ علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ جن میں تلاوت، اذان، دینی معلومات، معلوماتِ عامہ، مقابلہ حفظ، عہد خدام الاحمدیہ اور پیغام رسانی شامل ہیں۔

ڈاکومینٹریز

مقابلہ جات کے دوران ہی اطفال اور خدام کو ایم ٹی اے سیرالیون کی تیار کردہ مختلف تعلیمی تربیتی ڈاکومینٹریز دکھائی جاتی رہیں جن میں کورونا وائرس، جامعہ سیرالیون کا تعارف، سیرالیون میں جماعت احمدیہ کے سو سال، نماز اور نظمیں شامل ہیں۔

مختلف تقاریر و ڈسکشن پروگرام

اس کے بعد درج ذیل عناوین پر تقاریر اور گفتگو بھی ہوئی۔

1۔ایک بہترین طالب علم کیسے بنا جاسکتا ہے؟ (مکرم حسن ڈی تورے صاحب، طالب علم Njala یونیورسٹی)

2۔ سیرالیون کے لئے زراعت کیوں ضروری ہے اور یہ بطور پیشہ کیسا ہے؟ (مکرم Alex Tamo صاحب ریجنل قائد خدام الاحمدیہ)

3۔ جامعہ کا طالب علم بننے کے لئے کیا ضروری ہے؟  (مکرم محمد سعید فوفانہ صاحب روکوپر سرکٹ مشنری)

4۔ ایک اچھے احمدی خادم کے اوصاف (خاکسار)

اجتماع کے آخر پر اعزاز پانے والے خدام اطفال میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ انعامات کے ساتھ ریویو آف ریلجنزکا بھی تحفہ دیا گیا۔دعا سے یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ علی ذالک

نماز ظہر و عصر سے قبل تمام شاملین کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اجتماع کے پہلے روز دورانیہ تین گھنٹے جبکہ دوسرے روز پانچ گھنٹے رہا۔ 6 جماعتوں کے 75 خدام اور اطفال شامل ہوئے۔ روسینور جماعت کے 15 خدام 45 منٹ کشتی پر سفر کر کے اجتماع میں شامل ہوئے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مساعی کو قبول فرمائے اور تمام شاملین کے علم و ایقان میں برکت عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button