پینتالیسواں جلسہ سالانہ جرمنی 2021ء: معائنہ انتظامات، پرچم کشائی اور خطبہ جمعہ حضرت امیرالمومنین سے جلسہ کا باقاعدہ افتتاح

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

(مئی مارکیٹ، منہائم، جرمنی: نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) Covid-19 کی وجہ سے 2020ء میں پوری دنیا میں سیاسی، ثقافتی، سوشل اورمذہبی تقریبات احتیاطی تدابیر کی نظر ہو گئیں۔ البتہ 2021ء کے دوران ان احتیاطی تدابیر میں بعض گنجائشیں پیدا کر کے محدود پیمانے پر لوگوں کو سوشل اور مذہبی اجتماعات کی اجازت دے دی گئی۔ جلسہ سالانہ برطانیہ کے انعقاد پر جماعت جرمنی نے بھی حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے جرمنی میں جلسہ سالانہ کے انعقاد کی اجازت طلب کی توحضورِانور نے کمال شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی قوانین کی حدود میں رہتے ہوئے جلسہ سالانہ کے انعقاد کی اجازت مرحمت فرمائی۔ الحمدللہ رب العالمین

چنانچہ اس حوالے سے جرمنی کے متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے پانچ ہزار افراد کے اجتماع کی اجازت اور جگہ کے حصول کے لیے کوششیں شروع کر دی گئیں۔ Messe Kalsruhe،جہاں سالہاسال سے جلسہ سالانہ کا انعقاد کیا جا رہاہے، پانچ ہزار کے اعتبار سے بہت بڑی جگہ بنتی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے مخلصین کی کوششوں میں برکت ڈالی اور شہر منہائیم میں مئی مارکیٹ کے نام سے وسیع و عریض رقبہ، جس میں وسیع ہال اور ضرورت کی بہت ساری عمارات تعمیر شدہ ہیں، جلسہ سالانہ کے انعقاد کے لیے مل گئی۔ اس سے قبل بھی اس سرزمین پر سولہ جلسہ ہائے سالانہ کا انعقاد ہو چکا ہے، شرکائے جلسہ کی تعداد بڑھنے اور انتظامات میں وسعت آجانے کی وجہ سے جلسہ گاہ تبدیل کرنا وقت کی ضرورت تھی۔

چنانچہ جلسہ گاہ کا فیصلہ ہوتے ہی جلسہ سالانہ کمیٹی ترتیب دے کر اس کی منظوری حضور ایدہ اللہ سے حاصل کی گئی۔ شرکائے جلسہ میں پورے جرمنی کی نمائندگی کو ممکن بنانے کے لئے پلان ترتیب دیا گیا۔ ۸ اکتوبر جمعہ کا روز من ہائیم اور اس کے ۱۰۰ کلومیٹر قطر میں رہنے والے احمدیوں کے لیے مخصوص کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ہفتہ کا روز دور دراز سے آنے والے احمدیوں کو جلسہ گاہ میں آنے کی اجازت ہو گی۔ اس کے لئے مرکزی طور پر داخلہ کارڈ تیار کر کے جماعتوں کو ارسال کئے جا چکے ہیں۔

تیاری جلسہ سالانہ:

اب تک یہ روایت رہی ہے کہ جلسہ سالانہ کا انعقاد چھٹیوں میں کیا جاتا ہے، جس سے سکولوں، کالجز میں چھٹیاں ہونے کی وجہ سے تیاری جلسہ گاہ کے لیے کارکنان بآسانی مہیا ہو جاتے ہیں۔ اکتوبر میں یہ سہولت حاصل نہ تھی۔ اس کے لیے مرکزی شعبہ وقفِ عارضی نے جرمنی کی تمام جماعتوں میں خطوط ارسال کر کے احباب کو ایک ہفتہ کے لیے وقف عارضی کرنے کی تحریک کی۔ چنانچہ اس سکیم کے تحت 140 احباب ایک ہفتہ کے لیے مقام جلسہ سالانہ میں وقفِ عارضی کی غرض سے تشریف لائے۔ ایک سو دس طلبہ جامعہ احمدیہ نے بھی اس خصوصی وقارِعمل میں حصہ لیا۔ اپنے طور پر بھی احباب تیاری جلسہ گاہ کے لیے وقت دیتے رہے۔ مکرم ندیم احمد صاحب، ناظم تیاری جلسہ سالانہ جن کے ذمہ مردانہ اور زنانہ جلسہ گاہ کے تمام انتظامی امور کو سر انجام دے کر جلسہ کے لیے تیار کر کے ناظمین شعبہ کے حوالے کرنا تھا 350 افراد کے ساتھ سوموار سے جمعرات تک دن رات کام کرتے رہے۔ طلبہ جامعہ احمدیہ اور وقفِ عارضی پر آنے والوں کے لیے رہائش کا انتظام بھی جلسہ گاہ میں کیا گیا تھا۔

عارضی لنگر خانہ کی تیاری میں معمول کے کام ہیں۔ لیکن Covid 19 کی وجہ سے بعض اضافی کام بھی سرانجام دیے گئے۔ اس بار زمین پر بیٹھنے کی بجائے شرکاء جلسہ کو کرسیاں مہیا کی گئیں۔ ہر کرسی پر درمیان میں 75 سینٹی میٹر کا فاصلہ رکھنا ضروری تھا۔ احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر مردانہ جلسہ ہال کو فاصلہ کے ساتھ 13 بلاکس میں تقسیم کیا گیا۔ ان 13 بلاکس میں 2564 کرسیاں بچھائی گئی ہیں اور ہر کرسی کے ساتھ نماز کی ادائیگی کے لئے جگہ چھوڑی گئی ہے۔ اس طرز پر زنانہ جلسہ گاہ کے دونوں خیمہ جات کو تیار کیا گیا۔ 100×30 میٹر کے خیمہ کو 12 بلاکس میں تقسیم کیا گیا۔ بلاک میں 110 کرسیاں 75 سینٹی میٹر کے درمیانی فاصلہ پر رکھی گئیں۔ خیمہ نمبر 2 جو 15X35 میٹر کا تھا اس کو دو بلاکس میں تقسیم کرکے 253 کرسیوں کی گنجائش رکھی گئی۔

جلسہ گاہ کی خاص بات حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ 6؍ دسمبر 2013ء کے اہم اقتباسات کو اردو اور جرمن زبان میں بینرز پر لکھوا کر پورے جلسہ گاہ میں جگہ جگہ نمایاں کر کے آویزاں کیا جانا ہے۔ ہر چند قدم کا فاصلہ طے کر کے آپ کو حضور کی بیان فرمودہ نصائح ایک یاددہانی کے طور پر دل کو بھلی لگتی ہے۔ مثلاً

(1)کیا ہم میں سے ہر ایک بھرپور کوشش کرتے ہوئے اپنی اس طرح اصلاح کر رہا ہے جس طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہمیں تعلیم دی ہے جو ہم سے تقاضا کرتی ہے ۔یہ پوچھتی ہے کہ کیا سچائی کے وہ معیار قائم کر لیے ہیں کہ جھوٹ اور فریب ہمارے قریب کبھی نہ پھٹکے۔

(2) کیا ہم اپنے ماں باپ اور ان کی عزت کرنے والے اور امور معروفہ میں ان کی بات ماننے والے ہیں۔

معائنہ انتظامات

 7؍ اکتوبر کی شام تک تیاری جلسہ سالانہ کی نظامت نے اپنا کام مکمل کرلیا تھا ۔ دوپہر کے بعد ناظمین اپنے اپنے شعبہ میں تشریف لاکر مصروفِ عمل ہونا شروع ہوگئے تھے ۔ شام ساڑھے پانچ بجے نیشنل امیرجماعت جرمنی مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب نے انتظامات کا معائنہ کیا۔ آپ کے ساتھ مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج ، مکرم محمد الیاس مجوکہ صاحب افسر جلسہ سالانہ اور ان کے نائبین بھی تھے۔ سب سے پہلے محترم امیر صاحب نے بیرون از جلسہ گاہ میں کام کرنے والے شعبہ جات کا جائزہ لیا۔  ان میں ٹرانسپورٹ، پارکنگ،  استقبال اور کورونا ٹیسٹ شامل ہیں۔  جلسہ پر آنے والے احباب و خواتین کے لیے لجنہ اماء اللہ اور خدام الاحمدیہ نے وسیع پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کرنے کی سہولت بہم پہنچائی ہے۔ جس کا امیرصاحب نے تفصیل سے جائزہ لیا۔ اسی طرح جلسہ گاہ میں داخل ہونے کے لیے سیکیورٹی، پاس چیکنگ اور متعلقہ امور کا بھی مکرم امیر صاحب نے تفصیل سے جائزہ لیا اور خود اپنی چیکنگ کروا کر سسٹم سے متعلق تسلی حاصل کی۔ شعبہ جات کا معائنہ دو گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہا ۔ اس دوران ان 68 شعبہ جات کے کام کرنے کی استطاعت اور پلاننگ پر محترم امیر صاحب تفصیل سے معلومات حاصل کرتے رہے۔ اکثر شعبہ جات کے کارکنان نے مکرم امیر صاحب کے ساتھ گروپ تصاویر بھی بنوائیں۔ دورانِ معائنہ فضا بار بار اللہ اکبر! کے نعروں سے گونجتی رہی۔  حسبِ روایت لنگرخانہ میں کھانا بھی چیک کیا گیا اور شعبہ کی طرف سے تیار کیا جانے والا کیک بھی کارکنان میں تقسیم کیا گیا ۔

 شعبہ جات کے انتظامی جائزہ کے بعد مکرم امیر صاحب مردانہ جلسہ ہال میں تشریف لےگئے جہاں سب کارکنان اکٹھے ہو چکے تھے اس موقعہ  پر مختصر تقریب ہوئی ۔ تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ مکرم ظفر محمودصاحب نے کی۔ مکرم امیر صاحب نے مختصر تقریر میں کہا کہ جس وجہ سے گذشتہ سال جلسہ نہیں ہو سکا اس کے اثرات صرف جلسہ پر ہی نہیں بلکہ ہر شعبہ زندگی پر پڑے ہیں ۔ ہمارے بہت سارے ساتھی اس دنیا سے رخصت ہوگئے ۔ ہم آج اپنے جلسہ کے ان ساتھیوں اور کارکنان کی یاد رکھیں گے ۔

جلسہ دینی تربیت کے علاوہ روابط کے بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔  سماجی تعلقات پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ اس لیے ہمیں دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالی جلد ایسے حالات پیدا کردے کہ انسانی زندگی معمول کی طرف لوٹ جائے۔

اس موقع پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات جوجلسہ سالانہ یوکے پر حضور انور نے ارشاد فرمائیں بہت یاد رکھنے اور عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ محترم ا میر صاحب نے وہ ہدایات پڑھ کے بھی سنائی اور آخر میں دعا کروائی۔

 نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد تمام کارکنان نے محترم امیر صاحب کے ساتھ رات کے کھانے میں شرکت کی جو بطور خاص پروگرام کی مناسبت سے تیار کیا گیا تھا۔

جلسہ سالانہ کا پہلا روز

جلسہ سالانہ کے پہلے روز جلسے کی تقریبات کا آغاز نمازِ جمعہ سے ہوا جو جرمن وقت کے مطابق سوا ایک بجے محترم صداقت احمد صاحب (مبلغ انچارج جرمنی) نے جلسہ گاہ میں پڑھایا۔ آپ نے خطبہ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ایک ارشادِ مبارک کی روشنی میں جلسہ سالانہ کی اغراض و مقاصد بیان فرمائیں۔ نیز امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے جلسہ سالانہ برطانیہ 2021ء کے موقع پر شاملینِ جلسہ کو دی جانے والی ہدایات کو دوہرانے کے بعد کورونا سے احتیاط کی تدابیر بیان کیں۔ بعد ازاں نمازِ جمعہ اور نمازِ عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔

بعد ازاں ایک بجکر 50؍ منٹ پر تقریبِ پرچم کشائی کا انعقاد ہوا۔ محترم امیر صاحب جماعتہائے احمدیہ جرمنی نے جرمنی کا جھنڈا جبکہ محترم صداقت احمد صاحب (مبلغ انچارج جرمنی) نے لوائے احمدیت لہرایا۔ بعد ازاں دعا ہوئی۔

خطبہ جمعہ حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ سے ہوا جو حضورِ انور نے مسجد مبارک اسلام آباد سے براہِ راست ارشاد فرمایا۔ حضورِ انور نے خطبۂ جمعہ میں جلسہ سالانہ جرمنی کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا:

آج جرمنی کا جلسہ سالانہ بھی شروع ہورہا ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے بابرکت فرمائے۔ جرمنی کے احمدیوں کو اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی توفیق دے۔ یہ دو دن کا جلسہ ہے۔ کل انشاء اللہ شام کو جو ان کا اختتامی سیشن ہے اس میں میں خطاب بھی کروں گا جو یہاں کے وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے تین ایم ٹی اے پر دکھایا جائے گا ۔ باقی جو جرمنی میں جلسہ ہورہا ہے آج سے جرمنوں کے لیے اس کی لائیو سٹریمنگ ہورہی ہے، جرمن وہاں دیکھ سکتے ہیں۔ تو زیادہ سے زیادہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔

احباب کے استفادے کے لیے جلسہ سالانہ کے پہلے روز کا پروگرام درج ذیل ہے:

جلسہ سالانہ جرمنی کے پہلے روز کا پروگرام

آج دوروزہ جلسہ سالانہ جرمنی کا پہلا دن ہے۔ اجلاسِ اول جرمن وقت کے مطابق پونے پانچ بجے، لندن وقت کے مطابق پونے چار بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق پونے سات بجے شام شروع ہو گا جس کے بعد چار تقاریر پیش کی جائیں گی۔ جیسا کہ حضورِ انور نے فرمایا جرمنی میں احبابِ کرام ان تقاریر سے ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمنی کے یوٹیوب چینل پر براہِ راست استفادہ فرما سکتے ہیں. یاد رہے کہ جرمن زبان میں پیش کی جانے والی تقاریر کا رواں اردو ترجمہ بھی پیش کیا جائے گا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button