جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کا 39واں جلسہ سالانہ 2021ء

(صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)

٭…حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کا خصوصی پیغام اور ایمان افروز تقاریر

٭…باجماعت نمازِ تہجد، دروس، پُر سوز نمازیں اور اسلامی بھائی چارے ک نمونہ

جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کا 39 واں دو روزہ جلسہ سالانہ مورخہ 11 اور 12؍ستمبر 2021ء بروز ہفتہ و اتوار مسجد نور ویگولٹینگن (Wigoltingen) کے قریب سکول میں منعقد ہوا۔

معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ سے ایک روز قبل مورخہ 10؍ستمبر بروز جمعہ مکرم ملک عارف محمود صاحب افسر جلسہ سالانہ نے مکرم ولید طارق تارنتسر صاحب نیشنل امیر جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کو جلسہ سالانہ 2021ء کے انتظامات کا معائنہ اور خدمت پر مامور ناظمین کا تعارف کروایا۔ محترم امیر صاحب نے نظامتوں کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے افسران اور ناظمین کو ہدایات دیں۔

جلسہ سالانہ کے انتظامی معائنہ کے بعدمحترم امیر صاحب کی صدارت میں ایک مختصر تقریب ہوئی، جس کا آغاز مکرم محمد فائز احمد خان صاحب نائب مبلغ انچارج کی تلاوت قرآنِ کریم مع اُردو و جرمن ترجمہ سے ہوا۔ امیر صاحب نے اپنے مختصر خطاب میں جلسہ سالانہ کے انتظامات کو سراہتے ہوئے جلسہ سالانہ کے افسران، ناظمین اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔

امیر صاحب کے خطاب کے بعد افسر جلسہ سالانہ نے بھی تمام احباب کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ہدایات دیں۔ اس کے بعد امیر صاحب نے دُعا کروائی۔ بعد ازاں احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد نمازِ مغرب و عشاء ادا کی گئیں ۔

جلسہ سالانہ کا پہلا دِن

مورخہ 11؍ستمبر بروز ہفتہ مسجد نور ویگولٹینگن میں نائب مبلغ انچارج محمدفائزخا ن صاحب نے با جماعت نمازِ تہجد اور نمازفجر پڑھائی اور درسِ قرآن کریم دیا، جس کا اُردو، جرمن اور انگریزی زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا ۔

جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے دس بجے پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے سوئٹزرلینڈ کا جھنڈا جبکہ مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ نے لوائے احمدیت لہرایا اور افتتاحی دُعا کروائی۔

افتتاحی اجلاس

پرچم کشائی کے بعد جلسہ سالانہ کے پہلے اور افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا آغاز محترم مبلغ انچارج صاحب کی صدارت میںتلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔

تلاوتِ قرآن کریم مع جرمن و اُردو ترجمہ اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام کے بعدمحترم مبلغ انچارج صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا پیغام پڑھ کر سُنایا جو آپ نے از راہِ شفقت جلسہ سالانہ کے موقع پر ارسال فرمایا تھا۔ بعدہ پیغام کا جرمن ترجمہ محترم نیشنل امیر صاحب نے پیش کیا۔ حضور انور کے پیغام کے بعد محترم مبلغ انچارج صاحب نے افتتاحی تقریر کی اور دُعا کروائی۔

اس کے بعدپروگرام کے مطابق تقاریر کاسلسلہ شروع ہوا۔ پہلے مقرر مکرم فہیم احمد خان صاحب مبلغِ سلسلہ نے ’’وہ خدا اب بھی بناتا ہے جسے چاہے کلیم‘‘ کے موضوع پر اُردو زبان میں تقریر کی۔

اس تقریر کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلا م پیش کیا گیا۔

اِس اجلاس کے دوسرے مقررمکرم ڈاکٹرعطاء الواسع صاحب نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے

’’اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىِٕنُّ الْقُلُوْبُؕ۔

ذکرِ الٰہی اطمینانِ قلب کا ذریعہ‘‘ کے موضوع پرجرمن زبان میں تقریرکی۔

اس کے بعد پہلے اجلاس کے آخری مقررمکرم نعیم اللہ صاحب نے ’’نماز وصلِ الٰہی کا ذریعہ‘‘ کے موضوع پر اُردو میں تقریر کی۔

بوقت سوا ایک بجے ضروری اعلانات کے بعد وقفہ برائے طعام و نماز ِظہر و عصر ہوا۔

دوسرا اجلاس

جلسہ سالانہ کے دوسر ے اجلاس کی کارروائی کا آغاز سہ پہر تین بجے مکرم فائز احمد خان صاحب نائب مبلغ انچارج کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔

تلاوتِ قرآنِ کریم مع جرمن و اُردو ترجمہ اورمنظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے بعدمکرم طلحہ تارنُتسر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے ’’استحکام خلافت کے لیے ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر جرمن میں تقریر کی۔

دوسرے مقرر محترم مبلغ انچارج صاحب نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعائیں‘‘ کے موضوع پر اُردو میں تقریر کی۔

اس تقریر کے بعد منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلا م خوش الحانی سے پڑھا گیا۔

جس کے بعد دوسرے اجلاس کے آخر میں ایک گھنٹہ سے زائد وقت کی مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی۔ جس میں محترم نیشنل امیر صاحب،محترم مبلغ انچارج صاحب اور محترم نائب مبلغ انچارج صاحب نے حاضرین کی طرف سے بھجوائے گئے سوالات کے جوابات دیے۔

اجلاس کے اختتام سے قبل دیگر ضروری اعلانات کے علاوہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی ہدایت کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران وفات پا جانے والے دو احبابِ جماعت کے اسماء بغرض دعائے مغفرت پڑھ کر سُنائے گئے۔ جن میں مکر م صوفی تنویر احمدصاحب مرحوم اور مکرم عبد الوحید وڑائچ صاحب مرحوم شامل ہیں۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا دِن

مورخہ 12؍ستمبر بروز اتوار مسجد نور ویگولٹینگن میں مکرم حافظ طاہر ادریس صاحب نے با جماعت نمازِ تہجد جبکہ نائب مبلغ انچارج محمدفائزخا ن صاحب نے نمازِ فجر پڑھائی او درسِ قرآن کریم دیا، جس کا اُردو،جرمن اور انگریزی زبان میں ترجمہ بھی کیاگیا۔

تیسرا اجلاس

جلسہ سالانہ کے دوسرے اور آخری روز صبح ساڑھے دس بجے تیسرے اجلاس کی کارروئی کا آغازمکرم وفا محمد صاحب مبلغِ سلسلہ و نیشنل جنرل سیکرٹری کی صدارت میں ہوا۔

تلاوتِ قرآنِ کریم مع جرمن و اُردو ترجمہ اورمنظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے بعدمکرم عطا ء الحق صاحب نے ’’مستقبل کے بارے میں قرآنی پیشگوئیاں‘‘ کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی۔

اس کے بعد مکرم خواجہ رضوان ثاقب مبشر صاحب نے ’’تعلق باللہ بذریعہ انفاق فی سبیل اللہ‘‘ کے موضوع پر اُردو میں تقریر کی۔

پھر ایک طفل نے آنحضرتﷺ کی شانِ اقدس میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عربی قصیدہ کے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھے۔

قصیدہ کے بعد مکرم عبد الوہاب طیّب صاحب مبلغِ سلسلہ نے ’’آنحضرتﷺ کی محبتِ الٰہی‘‘ کے موضوع پر اُردو میں تقریر کی۔

اس کے بعد صدرِ مجلس صاحب نے ’’تعلق باللہ کے لیے خدمتِ خلق ضروری ہے‘‘ کے موضوع پر اُردو میں تقریر کی۔

اس تقریر کے بعد منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلا م خوش الحانی سے پڑھا گیا۔

بوقت ایک بجے ضروری اعلانات کے بعد وقفہ برائے طعام و نماز ِظہر و عصر ہوا۔

دوپہر کے کھانے کے بعد نماز سے قبل مکرم مبارک اسماعیل بٹ صاحب ناظم فوٹو گرافی نے گروپ فوٹولیے۔

چوتھا اور آخری اجلاس

بوقت تین بجے سہ پہر جلسہ سالانہ کے چوتھے اور آخری اجلاس کی کارروائی کا آغاز محترم نیشنل امیر صاحب کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔

تلاوتِ قرآن کریم مع جرمن و اُردو ترجمہ اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام کے بعدمحترم نائب مبلغ انچارج صاحب نے دوسری دفعہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا پیغام پڑھ کر سُنایا جو آپ نے از راہِ شفقت جلسہ سالانہ کے موقع پر ارسال فرمایا تھا۔ پیغام کا جرمن ترجمہ محترم نیشنل جنرل سیکرٹری صاحب نے پیش کیا۔

حضورِ انور کے پیغام کے بعد محترم نیشنل امیر صاحب نے ایک خادم طالب علم کو پڑھائی میں نمایاں کامیابی پر انعامی سند دی۔

ساڑھے چار بجے صدرِ مجلس محترم نیشنل امیر صاحب نے اختتامی خطاب کیا۔ امیر صاحب کے جرمن خطاب کا رواں اُردو ترجمہ مکرم احسن سلطان محمود کاہلوںصاحب نے سٹیج پر کھڑے ہو کر ساتھ ساتھ ہی کیا۔

امیر صاحب نے اپنے خطاب کے آخر پر اختتامی دعا کروائی۔ دُعا کے بعد ہال کے آخر پر پہلے سے تیار کھڑے تین خدام اور دو اطفال نے خوش الحانی سے ترانہ پیش کیا۔

حاضری: جلسہ سالانہ کے پہلے روز 198افراد نے جلسہ میں شرکت کی۔ اس میں 78مستورات اور 120 مرد حضرات تھے۔

دوسرے روز 230 افراد شامل ہوئے جس میں 96 مستورات اور 134مرد حضرات تھے۔ یاد رہے کہ جلسہ میں کووڈ19 کے حوالہ سے حکومتی ہدایات کی روشنی میں زیادہ سے زیادہ 250 افراد کی گنجائش تھی۔

اسی طرح یوٹیوب چینل پر پہلے اور دوسرے روز تقریباً 170کنیکشنز پر جلسہ سالانہ براہِ راست مسلسل دیکھا گیا۔ جبکہ تھوڑی دیر کے لیے پہلے روز قریباً1200 اور دوسرے روزقریباً1400کنیکشنز سےClicksہوئے۔ جلسہ سالانہ کی تمام کارروائی کا جرمن، انگریزی اور اُردو زبان میں رواں ترجمہ ہیڈفونز پر پیش کیا گیا۔

جلسہ سالانہ پرجماعتی سر گرمیوںپر مبنی تصویری نمائش اور قرآنِ کریم اور دیگر جماعتی کتب کی فروخت کے لیے سٹال لگایا گیا تھا۔

یوں جلسہ سالانہ سوئٹزرلینڈ 2021ء اللہ تعالیٰ کے فضل سے اپنے اغراض و مقاصد کی بھر پور کامیابیوں کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔

(رپورٹ: صبا ح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button