از مرکز

رپورٹ شعبہ جات

جلسہ سالانہ کو کامیاب بنانے میں رضاکاران پر مشتمل ہر شعبہ اپنا کردار ادا کرتا ہے

جلسہ سالانہ کو کامیاب بنانے کے لیے ایک ساتھ متعدد شعبہ جات کام کر رہے ہوتے ہیں۔ ان شعبہ جات میں خدمات بجا لانے والے تقریبا تمام ہی کارکنان رضاکارانہ طور پر اپنا وقت دینے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ ذیل میں جلسہ سالانہ کے چند شعبہ جات کا مختصر تعارف پیش ہے۔

سکیننگ سیکیورٹی

مکرم یعقوب سندھی صاحب اس ڈیپارٹمنٹ کے ناظم ہیں۔آپ نے سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکرادا کیا کہ انہیں دوبارہ امسال خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔آپ نے بتایا کہ اس قسم کے حالات شاید اپنی نوعیت کے منفرد حالات ہیں جن میں ہمیں یہ سعادت نصیب ہورہی ہے۔ یہ اغلباً ہماری زندگیوں کی سب سے حیران کن ڈیوٹی ہے جو آخری ہوگی انشاءاللہ۔اہل ارض کو اللہ تعالیٰ اس بیماری کے خوف سے جلد تر باہر نکالے۔آمین

مکرم ناظم صاحب نے بتایاکہ انہیں ماشاء اللہ کئی سالوں سے اس شعبہ میں خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔آپ نے بتایا کہ ان کے ۲۰ نائبین ہیں۔اس کے علاوہ ۵۶والینٹئرزخدمت کی توفیق پارہے ہیں۔بدھ سے ڈیوٹی شروع ہوئی۔۲۰ کے قریب کارکنان ٹینٹ میں رات بسر کرتے ہیں۔اگرچہ شدید بارش اور کیچڑ کاموسم ہے۔مجھے فکرلاحق رہی کہ رات کس طرح بسر ہو گی۔ بتانے لگے کہ ناظم صاحب خیمہ جات نے نہایت فراخ دلی سے پانچ ٹینٹ عنایت فرما دیے جس کی وجہ سے رات گزارنے میں نسبتاً سہولت رہی۔ الحمدللہ

آپ نےمزید بتایا ہیں کہ کووڈ کی وجہ سے حضورانور کی رہنمائی اور گورنمنٹ کی ہدایات کو ملحوظ رکھا جارہا ہے۔سب سے پہلے مہمانوں کے ٹیسٹ رپورٹس چیک کرنے کا الگ سے انتظام کیاگیاہے۔پھروہیں سب کاٹمپریچر چیک کیا جاتاہے۔سوشل ڈسٹینس کے حوالہ سے سب مہمانان کرام بہت عمدگی سے معاونت کررہے ہیں اورکوئی مشکل بظاہر نہیں۔

آپ نے بتایا کہ سب کارکنان نہایت صبراورتحمل سے مہمانوں کو ڈیل کررہے ہیں اگر کوئی دوست کسی وجہ سے کچھ خفا بھی ہوں تو اللہ کے فضل سے بڑے صبر اور حوصلہ سے برداشت دکھاتے ہوئے اپنی ڈیوٹی دے رہےہیں۔

آپ نے بتایا کہ ان کے معاونین کی تعداد۱۸۰ ہوا کرتی ہے لیکن اس مرتبہ ڈیوٹی والوں کی تعدادکم کرنا پڑی۔ آج ڈیوٹی شروع ہوئے پانچواں روز ہے اور ابھی تک بڑے جذباتی انداز میں بعض دوست فون کررہے ہیں کہ انہیں ڈیوٹی سے محرومی کا بہت ملال ہے۔جن کو موقع ملا ہے وہ شاداں اور اس خوش قسمتی پرنازاں ہیں۔مزید بتایاکہ ۵۶ لڑکوں کی منظوری ہوئی۔ رات کو بیس لڑکے ڈیوٹی دیتےہیں پھر ان سے دن میں ڈیوٹی نہیں لی جاتی۔رات والے سب کارکنان آرام کے بعد جلسہ کے پروگرام سے استفادہ کرتےہیں۔دن میں ڈیوٹی دینےوالے والنٹئرز صبح آٹھ بجے سے رات گئےیہیں رہتے ہیں۔اپنے جذبہ اورشوق کی تکمیل کرتےہیں۔

آپ نے یہ بھی بتایا کہ ان کی ٹیم اب کافی تجربہ کار ہوچکی ہے ان سب کومعلوم ہے کہ ان کی ڈیوٹی اگر سمجھاجائے تو شاید سب سے اہم ڈیوٹی ہے کیونکہ ہماری ٹیم پورے جلسہ کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔اگرچہ ہمیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مدد اورخاص اعانت بحیثیت جماعت ہمیں حاصل ہے اور خلیفۃ المسیح کی محبت بھری دعائیں شامل حال ہیں تاہم یہ ڈیوٹی بھی خلیفۃالمسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایت اور رہنمائی میں کرتےہیں۔اس لیے اس میں کسی طرح بھی کمی نہیں چھوڑی جاتی۔

ہر ایک مہمان اور شاملین جلسہ کی پوری طرح چیکنگ کی جاتی ہے۔سب سے پہلے ایمز کارڈ کو سکین کیا جاتاہے پھر تمام اضافی سامان،جیکٹ،فون اور چابیاں غرض تمام چیزیں سکین کی جاتی ہیں۔پھر باری باری ایک ایک فرد کو سکینر سے گزارا جاتاہے۔سکینر سے گزارنے کے بعد دوبارہ ایک کارکن ڈیٹکٹرسے چیک کرتےہیں۔ایک لمبا اور صبر آزما مرحلہ ہے۔جب ان سے پوچھا گیاکہ اتنی لمبی چوڑی چیکنگ کے مرحلہ پر مہمان کو کوفت نہیں ہوتی؟ تو انہوں نے بتایاکہ اگر کوئی اورجگہ ہوتی تو شاید یہ سب ممکن نہ ہوتالیکن افراد جماعت اپنے خلیفہ کے دیدار اور جلسہ کی برکات کے حصول کےلیے یہ سب مشکلات اور مراحل سے نہایت خوش اسلوبی سے گزرتے ہیں اور کامل صبر و استقلال سے چیک کرواتے ہیں۔اصل بات خلیفۃ المسیح کی کامل اطاعت ہے کیونکہ پیارے آقا افراد جماعت کو کئی باراس کی اہمیت سے آگاہ فرما چکے ہیں۔

داخلی دروازہ پر دو کارکنان جو شعبہ تربیت کی طرف سے ڈیوٹی کررہے ہیں۔وہ ہرآنے والے کو کورونا سے بچاؤ کی ہومیو پیتھک دوائی دیتے ہیں۔گویا جتنی احتیاطی تدابیر ہیں وہ یہاں جاری ہیں۔

مکرم یعقوب سندھی صاحب اپنے ٹیم ممبران کے جذبہ ایثار سے بہت زیادہ خوش ہیں اور باربار ذکر کرتے رہے کہ ان کے ٹیم ممبران کی محنت اور ذوق و شوق کے نتیجہ میں غیرمعمولی رنگ میں ڈیوٹی پایۂ تکمیل کو پہنچ رہی ہے۔انہوں نے اپنے ٹیم ممبران کے لیے احباب جماعت سے خصوصی درخواست دعا کی ہے۔

آپ نے بتایا کہ ان کی ٹیم میں بعض احباب اپنے دنیوی مرتبہ کے لحاظ سے بہت آگے ہیں لیکن اس قدراطاعت کرتے ہیں کہ بسااوقات میرے لیے اپنے جذبات کو ضبط کرنا محال ہورہا ہوتا ہے۔آپ نے ایک بزرگ ریٹائرڈ مربی سلسلہ کے بارہ میں بتایا کہ نہایت اخلاص کے ساتھ ڈیوٹی کر تے ہیں اس طرح اور دیگر بہت سارے احباب بہت عاجزی سے یہ ڈیوٹی کر تے ہیں۔

نظامت سٹیج ڈیوٹی

مکرم ثاقب رشید خاں صاحب کو بطور ناظم سٹیج ڈیوٹی کی توفیق مل رہی ہے۔ آپ نے بتایا کہ گذشتہ تین سالوں سے سٹیج کی ڈیوٹی کی توفیق مل رہی ہے۔کووڈ سے پہلے تو ان کے ساتھ ۸۰ خدام کو توفیق ملتی تھی۔لیکن امسال موجودہ حالات کے پیش نظریہ تعداد کم کرکے ۲۵ تک کردی گئی۔آپ نے بتایا کہ جب ڈیوٹی دینے والے خدام کی تعداد کم کی گئی تو لڑکے اوروالنٹئرز جن کو معذرت کی گئی ان کے جذبات اور کیفیت الفاظ میں بیان نہیں کر پارہا۔ابھی تک مجھ سے رابطہ کررہے ہیں کہ انہیں اس نعمت سے محروم نہ کریں بے شک چند لمحات کے لیے موقع دے دیں کم ازکم حضورانور کی ڈیوٹی کی سعادت کے ساتھ ساتھ حضورانور کے دیدار اور حضور انور کے پرنور چہرہ کے براہِ راست دیکھنے سے قلبی سکون میسر آتا ہے اس برکت کےلیے وہ ترس رہے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ لمبی ڈیوٹی جو نماز فجر سے قبل شروع ہوتی ہے اور رات گئے تک جاری رہتی ہے آپ کس طرح مینیج کرتے ہیں تو ثاقب صاحب نے بتایا کہ عام جلسوں پرتو ہم چار شفٹوں میں تقسیم کیاکرتے تھے لیکن اب تو تعداد بھی کم ہے فکر تو تھی لیکن جیساکہ میں نے اوپرعرض کیا ہے کہ لڑکوں میں اتنا جذبہ ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ شکر ہے انہیں یہ سعادت نصیب ہورہی ہے۔ ہم دن رات ڈیوٹی پرموجود رہنا چاہتے ہیں۔امسال آٹھ گھنٹے کی شفٹ دی جارہی ہے۔

آپ نے خاص زور دے کر یہ بیان کیاکہ لڑکوں کے جذبات نہایت قابل دید ہیں گویا ان میں ایک پیاس اور تڑپ ہے کہ وہ جب سے کووڈ آیا ہے اس الہی فضل اورنعمت سے محروم رہے اور اب موقع ہے کہ اس تڑپ کو دور کیا جاسکے۔

آپ نے بتایا کہ انہیں آج دو ڈیوٹی والے خدام کو درخواست کرنا پڑی کہ وہ ڈیوٹی پر زیادہ توجہ دیں بجائےاس کے کہ وہ سارا وقت حضورانور کا دیدار کریں۔کہنے لگے کہ ایک نوجوان تو جذباتی انداز میں بیان کرنے لگا کہ اسے لگتا تھاکہ شاید یہ دوری اس سے برداشت بھی ہو سکے گی کہ نہیں اب اللہ تعالیٰ نے موقع دے ہی دیا ہے تو سارا وقت حضورپرنور کے دیدار کو جی چاہتاہے۔

مکرم ثاقب رشید صاحب نے آخر پر فرمایا کہ اگرچہ ہمیں سال میں اور بھی بہت سارے مواقع میسر رہتے تھے لیکن اس وقفہ نے طبیعت اور روح کو بے چین کر کے رکھ دیاہے۔دعا کریں کہ خلافت کاقرب اور مہمانان حضرت مسیح پاک کی خدمت کا جو حق ہے اسے ہم سب ادا کرنے والے ہوں۔

ٹی سٹال

مکرم مرزا مدثر احمد صاحب ناظم ٹی سٹال نے بتایا کہ وہ اور ان کی ٹیم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کرکے جو حظ اور لطف اٹھا رہے ہیں اس کو کسی صورت الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ ۱۴؍افراد کی ٹیم ہے جو بدھ سے اپنی ڈیوٹی پرچوبیس گھنٹے موجود ہیں۔سب خدمت کے جذبہ سے سرشار اور فاستبقوا الخیرات پرعمل پیراہیں۔ اور امسال کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اور دیگر پابندیوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے ڈیوٹی کر رہے ہیں۔

دن میں تقریباً سب ڈیوٹی دیتے ہیں اوررات کی ڈیوٹی پر کم از کم تین خادم ڈیوٹی پرموجود ہوتےہیں جو نماز فجر تک ڈیوٹی سرانجا م دیتے ہیں پھر دیگر کارکنان آ جاتے ہیں۔آپ نے بتایاکہ بدھ والے دن ۴۵۰۰ کپ چائے تیار کی گئی اور جمعرات کو ۸۰۰۰کپ چائے تیار ہوئی۔جلسہ کے پہلے روز اندازاً ۱۵۰۰۰ کپ تیار ہوں گے۔مکرم ناظم صاحب کے جذبات غیر معمولی تھے،بار بار کہہ رہے تھے کہ اگرچہ دو سال بعد موقع مل رہا ہے۔لیکن ایسا محسوس ہورہاہے کہ عرصہ سے اس جلسہ کی برکات سے محروم ہیں۔پھر ان کی کیفیت اس وقت دیدنی تھی جب یہ وہ یہ بتارہے تھے کہ گذشتہ روز ڈیوٹی والے احباب سے خطاب کے بعد ریفریش منٹ میں حضورانور کی خدمت میں انہی کی تیار کی گئی چائے پیش ہوئی۔مہمانوں کی مہمان نوازی کو انعام قر ار دیتے ہوئے شکرگزاری کے جذبات کے ساتھ اجازت چاہی۔

بک سٹال

بک سٹال پر آج غیر معمولی رش تھا گویا کھچا بھرا ہوا تھا۔مصروفیت کے ان لمحات میں مکرم ارشد احمدی صاحب ناظم سٹال و سیکرٹری اشاعت یوکے نے بتا یا کہ بڑا مشکل تھاکہ ہمیں اس سال بک سٹال لگانے کی توفیق ملے گی لیکن الحمدللہ حضورانور نے نہایت شفقت سے اجازت مرحمت فرمائی۔بتایا کہ موسم کی شدت اور کیچڑ کی وجہ سے بکس لانے والی وین پھنس گئی لیکن والنٹئرز نہایت جوش اورجذبہ کے ساتھ اپنے کندھوں پربڑی وزنی کتب اٹھا کر سٹال تک لائے۔آپ نے بتایا کہ عام طورپر ان کے پاس تیس والنٹئرز ہوتے تھے لیکن کووڈ کی وجہ سے ان میں کمی کی گئی تھی اورصرف آٹھ افراد کو خدمت کا موقع ملا۔والنٹئر زنہ پہنچ سکے تو کچھ پریشانی ہوئی، کہتے ہیں گویا کہ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کے ذریعہ مدد کی دد خادم خود آگئے اوراپنے آپ کو پیش کیا اور نہایت جانفشانی سے کام کررہے ہیں۔

آپ نے بتایاکہ کئی نئی کتب سٹال میں شامل ہوئی ہیں لیکن قابل ذکر روحانی خزائن کے سیٹ کی دستیابی ہے جو کئی سال بعدمیسر آئی ہیں۔روحانی خزائن میں بعض جگہ تصحیح بھی ہوئی ہے۔مزید بتایا کہ لند ن بک فیئر سے ایک ترکش کمپنی سے رابطہ ہے۔حضورانور نے ازراہِ شفقت خود اس کے فونٹ کی منظوری عطا فرمائی اوراس کی طباعت میں خاص دلچسپی لی اورحضور انور کی منظوری سے ترکی سے تیار کروائی گئی ہیں جس میں یہ خاصیت ہے کہ بڑی جلد ہونے کے باوجودنہایت آسانی سے کھلتی ہے اور اس کی جلد بھی بڑی دیدہ زیب اورعمدہ ہے۔ مزید بتایا کہ اس کی بڑی ڈیمانڈ ہے،واقفین،کارکنان اور عام لوگ سب اس میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔بڑے مناسب داموں میں میسر ہے۔

آپ نے بتایاکہ محترم صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب امیرجماعت امریکہ باقاعدگی سے سٹال پرتشریف لاتے رہے ہیں۔آپ نے مجھے نصیحت فرمائی کہ آپ کے ساتھ کام کرنے والوں کو کتابو ں کامطالعہ کرنا چاہیے اگر انہوں نے خود پڑھی ہوں گی تو زیادہ مؤثر انداز میں دوسروں کو بتاسکیں گے۔کہتے ہیں کہ میں اپنے ساتھ کام کرنے والوں کو آپ کی یہ نصیحت ضرور یاد کرواتاہوں جس سے بڑ ا فائد ہ ہواہے۔

مکر م ارشد احمدی صاحب نے بتایا کہ میں نے نوٹ کیا ہے کہ نئی کتاب میں ایک کشش ہوتی ہے۔جو سٹال میں آتا ہے بڑی جستجو کااظہار ہو رہا ہوتا ہے جس سے افراد جماعت کے مطالعہ کے ذوق میں یہ سٹال اضافہ کا باعث بھی ثابت ہورہا ہے۔آخر میں درخواست دعا کی کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا اورحضورانور کی خوشنودی میسررہے۔

آخر میں درخواست دعا کی کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا اورحضورانور کی خوشنودی میسررہے۔ نیز عرض کی کہ ان کے ٹیم ممبرز کو بھی خاص دعاوں میں یاد رکھیں

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button